وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج 18ویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس کے آغاز سے قبل میڈیا سے خطاب کیا۔
وزیر اعظم نے اپنے بیان کا آغاز آج کے موقع کو پارلیمانی جمہوریت میں ایک قابل فخر اور شاندار دن قرار دیتے ہوئے کیا کیونکہ ایسا آزادی کے بعد پہلی بار ہے کہ نئی پارلیمنٹ میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہو گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’اس اہم دن پر، میں تمام نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں اور سب کو مبارکباد دیتا ہوں‘‘۔
اس پارلیمنٹ کی تشکیل کو ہندوستان کے عام آدمی کے عزائم کو پورا کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نئے جوش کے ساتھ نئی رفتار اور بلندی کو حاصل کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے آج 18ویں لوک سبھا کا آغاز ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے سب سے بڑے انتخابات کا شاندار انعقاد 140 کروڑ شہریوں کے لیے فخر کی بات ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آزادی کے بعد یہ دوسری بار ہے کہ ملک نے تیسری بار خدمت کرنے کے لیے کسی حکومت کو اپنا مینڈیٹ دیا ہے، مسرت بھرے لہجے میں کہا’’65 کروڑ سے زیادہ رائے دہندگان نے انتخابی عمل میں حصہ لیا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ موقع 60 سال بعد آیا ہے جسے اپنے آپ میں ایک قابل فخر واقعہ بنا دیا گیا ہے۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے تیسری مدت کے لیے حکومت کو منتخب کرنے پر شہریوں کے تئیں اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ حکومت کے ارادوں، پالیسیوں اور عوام کے تئیں لگن پر منظوری کی مہر ثبت کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیکر کہا ’’گزشتہ 10 برسوں میں، ہم نے ایک روایت قائم کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت چلانے کے لیے اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ملک چلانے کے لیے اتفاق رائے بہت ضروری ہے‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ مسلسل کوشش رہی ہے کہ وہ اتفاق رائے حاصل کرکے اور 140 کروڑ شہریوں کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لئے سب کو ساتھ لے کر ماں بھارتی کی خدمت کرے۔
سب کو ساتھ لے کر چلنے اور آئین ہند کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے فیصلہ سازی کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے 18ویں لوک سبھا میں حلف لینے والے نوجوان ممبران پارلیمنٹ کی تعداد پر خوشی کا اظہار کیا۔ ہندوستانی روایات کے مطابق عدد 18 کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے روشنی ڈالی کہ گیتا میں 18 ابواب ہیں جو کرما، فرض اور ہمدردی کا پیغام دیتے ہیں، پرانوں اور اَپپورنوں کی تعداد 18 ہے، 18 کا بنیادی عدد 9 ہے کمال کی علامت ہے، اور ہندوستان کی قانونی ووٹنگ کی عمر 18 سال ہے۔ جناب مودی نے مزید کہا’’18ویں لوک سبھا ہندوستان کا امرت کال ہے۔ اس لوک سبھا کی تشکیل بھی ایک اچھی علامت ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے کل 25 جون کی ہنگامی حکومت کے 50 سال کی تاریخ کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ یہ ہندوستانی جمہوریت پر سیاہ نشان کی نمائندگی کرتا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ہندوستان کی نئی نسل وہ دن کبھی نہیں بھولے گی جب جمہوریت کو دبا کر ہندوستان کے آئین کو مکمل طور پر مسترد کردیا گیا تھا اور ملک کو جیل میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ پی ایم مودی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کی جمہوریت اور جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے عہد کریں تاکہ دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’ہم ایک متحرک جمہوریت کا عہد لیں گے اور ہندوستان کے آئین کے مطابق عام لوگوں کے خوابوں کو پورا کریں گے۔‘‘
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ذمہ داری تین گنا بڑھ گئی ہے کیونکہ عوام نے حکومت کو تیسری مدت کے لیے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ حکومت پہلے سے تین گنا زیادہ محنت کرے گی جبکہ تین گنا نتائج بھی لائے گی۔
نو منتخب اراکین پارلیمنٹ سے ملک کی بڑی توقعات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تمام اراکین پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ اس موقع کو عوامی فلاح و بہبود اور عوامی خدمت کے لیے استعمال کریں اور عوامی مفاد میں ہر ممکن اقدام کریں۔ اپوزیشن کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ ملک کے لوگ جمہوریت کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے ان سے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا’’مجھے امید ہے کہ اپوزیشن اس توقع پر پورا اترے گی‘‘۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ لوگ نعروں کے بجائے نتائج چاہتے ہیں اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ارکان پارلیمنٹ عام شہریوں کی ان توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔
وزیر اعظم نے تمام ممبران پارلیمنٹ کی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو اجتماعی طور پر پورا کریں اور لوگوں کے اعتماد کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ شہری غربت سے باہر آنے سے ایک نیا یقین پیدا ہوتا ہے کہ ہندوستان بہت جلد کامیاب ہو سکتا ہے اور غربت سے نجات پا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیکر کہا ’’ہمارے ملک کے عوام، 140 کروڑ شہری، محنت کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتے ہیں۔ ہمیں انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے چاہئیں‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان عزائم کا ایوان بن جائے گا اور 18ویں لوک سبھا عام شہریوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔ وزیراعظم نے اپنے بیان کا اختتام ارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری پوری لگن کے ساتھ ادا کریں۔
Sharing my remarks at the start of the first session of the 18th Lok Sabha. May it be a productive one.https://t.co/Ufz6XDa3hZ
— Narendra Modi (@narendramodi) June 24, 2024
———————–
ش ح۔س ب ۔ ع ن
U NO: 7772
Sharing my remarks at the start of the first session of the 18th Lok Sabha. May it be a productive one.https://t.co/Ufz6XDa3hZ
— Narendra Modi (@narendramodi) June 24, 2024