Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

ہند-ڈنمارک گرین اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کے لئے مشترکہ اعلانیہ

ہند-ڈنمارک گرین اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کے لئے مشترکہ اعلانیہ


مملکت ڈنمار ک کی وزیر اعظم، ہر ایکسی لینسی محترمہ میٹے فریڈرکسن اور جمہوریہ ہند کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 28 ستمبر 2020ء کو بھارت اور ڈنمارک کے درمیان ورچوول کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی۔

وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم فریڈرکسن نے دوطرفہ تعلقات پر دوستانہ ماحول میں گرم جوشی کے ساتھ اور گہرائی سے تبادلہ خیال کیا، کووڈ-19 وبائی مرض اور دونوں فریقین کےلئے دلچسپی کے باعث  عالمی امور پر گفتگو کی، جس میں موسمیاتی تبدیلی اور سبز منتقلی بھی شامل ہے اور مستحکم اقتصادیات اور معاشرے کو آگے بڑھانے کی مشترکہ سمجھ پر اتفاق کیا۔

انہوں نے تاریخی تعلقات، مشترکہ  جمہوری روایات اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لئے مشترکہ خواہش پر مبنی دو طرفہ تعلقات کی پیش رفت پر طمانیت کا اظہار کیا۔

قابل اعتماد شراکت دار ہونے کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں وزرائے اعظم نے ہند-ڈنمارک تعلقات کو گرین اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں بدلنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ پارٹنر شپ بھارت اور ڈنمارک کے درمیان (6فروری 2019ء کو دستخط کئے گئے)باہمی تعاون کے مشترکہ کمیشن کو قائم کرنے کے موجودہ معاہدہ پر کام کرنے کے ارادے کو دوہرایا۔یہ معاہدہ سیاسی شعبے، اقتصادی اور کاروباری شعبے، سائنس اور ٹیکنالوجی، ماحولیات، توانائی، تعلیم اور ثقافت کے شعبے میں تعاون شروع کرنے سے متعلق ہے۔اس کے علاوہ یہ معاہدہ قابل تجدید توانائی ، شہری ترقی، ماحولیات، زراعت اور مویشی پروری ، خوراک کی ڈبہ بندی، سائنس ، ٹیکنالوجی اور نئی دریافت ، جہاز رانی، محنت کی نقل پذیری اور ڈیجیٹائزیشن  کے موجودہ جوائنٹ ورکنگ گروپ کو آگے بڑھانے پر زور دیتا ہے۔

گرین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ سیاسی تعاون کو آگے بڑھانے، اقتصادی تعلقات اور سبز ترقی میں توسیع کرنے، نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے اور پیرس  معاہدہ اور اقوام متحدہ کے مستحکم ترقیاتی  اہداف کے نفاذ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے عالمی چنوتیوں اور مواقع سے نمٹنے کے باہم مفید انتظامات ہیں۔

دونوں وزرائے اعظم  نے گرین اسٹریٹیجک پارٹنر شپ قائم کرنے کی اہمیت کو تسلیم کیا ، جس کے تحت بھارت اور ڈنمارک متعلقہ وزارتوں، اداروں اور وابستگان کے ذریعے باہم تعاون کریں گے۔

توانائی اور موسمیاتی تبدیلی

دونوں وزرائے اعظم نے عالمی چنوتیوں اور  سبز توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے قریبی پارٹنر شپ کی توثیق کی۔سمندری ہوا اور قابل تجدید توانائی پر اسٹریٹیجک سیکٹر کوآپریشن کے ساتھ ساتھ ہنرمندی کی تعمیر، ہوا کی توانائی پر علم کا اشتراک اور ٹیکنالوجی کی منتقلی، توانائی کی ماڈلنگ اور قابل تجدید توانائی میں ارتباط پر  ہند-ڈنمارک  انرجی پارٹنرشپ (آئی این ڈی ای پی)عالمی توانائی کی منتقلی، سبز ترقی اور مستحکم ترقی کی راہ میں حائل مشترکہ عالمی چنوتیوں سے نمٹنے کا عزم ہے۔ دونوں فریقین نے اس عہد کو دوہرایا کہ انرجی پارٹنر شپ کو آنے والے سالوں میں مزید مضبوطی عطا کی جائے گی۔

بھارت اور ڈنمارک نے اتفاق کیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کی عالمی جنگ میں سب سے آگے رہیں گے۔ دونوں ممالک نے موسمیات اور  توانائی پر نہایت حوصلہ افزا قومی اہداف متعین کیے ہیں، جس کے تحت پیرس معاہدہ کو بہتر طریقے سے نافذ کیا جاسکے گا۔دونوں ممالک ایک ساتھ مل کر دنیا کو یہ دکھانے کی کوشش کریں گے کہ موسمیاتی اور مستحکم توانائی کے ہدف کو حاصل کرنا ممکن ہے۔

دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی اور قابل تجدید توانائی کے موضوع پر متعدد سطحوں پر مسلسل صلاح و مشورہ اور باہم گفت و شنید کرنے پر اتفاق کیا۔

ماحولیاتی؍آبی اور دائرہ کار اقتصادیات

دونوں وزرائے اعظم نے ماحولیاتی؍آبی اور دائرہ کار اقتصادیات پر حکومت سے حکومت تک موجودہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا ۔اس کے علاوہ انہوں نے پانی کی اثر انگیزی اور غیر مالیاتی پانی(پانی کا خسارہ)میں تعاون پر اتفاق کیا اور اس سلسلے میں بھارت کی جل شکتی وزارت اور ڈنمارک کی ماحولیاتی تحفظاتی ایجنسی اور ڈنمارک  کی وزارت برائے ماحولیات اور خوراک کو یہ ذمہ داری سونپی کہ وہ تین سال کی مدت (23-2021) کے لئے ایک ورک پلان تیار کریں۔

دونوں وزرائے اعظم نے پانی کی سپلائی ، پانی کی تقسیم، گندے پانی کا نمٹارہ، سیوریج سسٹم، صاف کئے گئے پانی کا دوبارہ استعمال، واٹر مینجمنٹ اورپانی کے شعبے میں توانائی کی اثر انگیزی کو ہند-ڈنمارک آبی ٹیکنالوجی اتحاد کے ذریعے آگے بڑھانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔

اسمارٹ شہروں سمیت  مستحکم شہری ترقی

دونوں فریقین نے 26 جون 2020ء کو ورچوول طریقے سے  مستحکم شہری ترقی پر دوسرے ہند-ڈنمارک جوائنٹ ورکنگ گروپ منعقد کرنے کو نوٹ کیا اور گوا میں اربن لیونگ لیب کے ذریعے اسمارٹ شہروں سمیت مستحکم شہری ترقی میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں فریقین نے اُدے پور اور آرہوس اور تُماکورو اور آلبورگ کے درمیان موجودہ شہر سے شہر تک تعاون کو مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے نوٹ کیا کہ ڈنمارک کی کمپنیاں بھارت میں بنیادی ڈھانچوں کے پروجیکٹوں کی تعمیر میں تعاون کررہی ہے اور مستحکم شہری ترقی کے تمام شعبوں میں ڈنمارک کی طرف سے مشغولیت میں مزید اضافہ کرنے کا خیر مقدم کیا۔

کاروبار، تجارت اور جہاز رانی

دونوں وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کی حکومتوں ، اداروں اور کاروباروں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے خیال کا خیر مقدم کیا، جس کے تحت سبز اور ماحولیات دوست ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔انہوں نے سبز توانائی میں عوامی اور نجی سرمایہ کاری میں تعاون کرنے کےلئے ریگولیٹری فریم ورک کی شرائط کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

دونوں لیڈران نے سمندری امور میں گہرے تعاون کی تعریف کی اور کشتیوں کی تعمیر میں تعاون اور سمندری خدمات کی تشکیل اور سبز جہاز رانی کے ساتھ ساتھ بندرگاہوں کی ترقی میں تعاون کو بڑھانے کے امکانات کو نوٹ کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے اس بات کو اُجاگر کیا کہ وہ تجارتی وفود ، ایس ایم ای کی سرگرمیوں کےلئے بازارتک رسائی اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

بھارت اور ڈنمارک نے دانشورانہ جائیداد کے حقوق میں ابھرتے ہوئے تعاون کی تصدیق  کی ، جو اختراع ، تخلیقیت اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کو فروغ دینے کےلئے ان کے قومی دانشورانہ جائیداد کے نظام کو جدید اور مضبوط کرنے میں مدد کرے گا۔

سائنس، ٹیکنالوجی ، اختراع اور ڈیجیٹائزیشن

بھارت اور ڈنمارک ٹیکنالوجی کی ترقی اور نئے حل کے نفاذ کو آگے بڑھانے کے ایک اہم راستے کے طورپر مضبوط پبلک- پرائیویٹ پارٹنر شپ کے توسط سے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع (سی ٹی آئی)میں سرمایہ کاری کے فروغ اور فراہمی کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ایس ٹی آئی میں تعاون گرین اسٹریٹیجک پارنٹرشپ کی مدد کرتا ہے اور بھارت ڈنمارک کے حکام ، چھوٹی اور بڑی کمپنیوں اور تحقیقی  اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات کو فروغ اور مضبوطی بخشتی ہے۔دونوں فریقین توانائی ، پانی، حیاتیاتی وسائل اور آئی سی ٹی جیسے شعبوں میں مشترکہ پروجیکٹوں کے ساتھ دو طرفہ ایس ٹی آئی پارٹنرشپ کو مضبوط کرنے پر اتفاق کرتے ہیں۔

دونوں لیڈران نے سبز منتقلی کے ڈیجیٹل حل اور تجارتی ماڈل کے اپنے مشترکہ مفاد کو تسلیم کیا اور سبز مستحکم ترقی کی مدد  کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی ، اختراع اور اظہار میں اضافہ کے لئے اشتراک کرنے کا فیصلہ کیا۔

خوراک اور زراعت

زرعی شعبے میں اشتراک کے بے انتہا امکان کو دیکھتے ہوئے دونوں وزرائے اعظم نے خوراک کی ڈبہ بندی اور غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ مویشی پروری اور دودھ کے کاروبار کے شعبے میں حکام ، تجارتی اور تحقیقی اداروں کے درمیان قریبی تعاون بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی۔

صحت اور لائف سائنس

دونوں فریقین صحت کے شعبے میں مذاکرات اور تعاون کو مضبوط کرنے کے امکان  اور اپنی مشترکہ خواہش کو دوہرایا۔انہوں نے صحت سے متعلق پالیسی کے امور ،جس میں وبائی مرض اور ٹیکے خاص طور سے کووڈ-19 اور مستقبل کے وبائی مرض سے مقابلہ کرنے کے امور شامل ہیں، میں مذاکرات کو وسیع کرنے کے اپنے مفاد کی توثیق کی۔انہوں نے تجارت کے لئے معاشی مواقع کو وسعت دینے کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے تحت لائف سائنس کے شعبے بشمول تحقیقی تعاون کے لئے سازگار ماحول تیار کیا جائے گا۔

ثقافتی تعاون ، عوام سے عوام کے درمیان رابطہ اور محنت کشوں کی منتقلی

دونوں وزرائے اعظم نے تسلیم کیا کہ بھارت اور ڈنمارک کے درمیان دوستی کی مضبوطی طویل عرصے سے عوام سے عوام کے درمیان رابطوں کا نتیجہ ہے اور ثقافتی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بیداری اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں فریقین نے محنت کشوں کی نقل و حمل کے امکان کو بروئے کار لانے اور دونوں ممالک کے درمیان سفر کو آسان بنانے پر اتفاق کیا، تاکہ عوام سے عوام کے درمیان مزید رابطہ ہوسکے اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کو مضبوطی عطا کی جاسکے۔

کثیر جہتی تعاون

دونوں وزرائے اعظم نے ضابطہ پرمبنی کثیر جہتی نظام سے متعلق کوششوں میں شمولیت اختیار کرنے اور انہیں فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اس کے تحت توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کی عالمی چنوتیوں سے مقابلہ کرنے کی عالمی کوششوں کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی توانائی ایجنسی ، بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی اور بین الاقوامی شمسی اتحاد کے مشترکہ عہد کو مضبوط کرناشامل ہے۔

دونوں فریقین نے ڈبلیو ٹی او کے تحت عالمی نمو اور مستحکم  ترقی کے کھلے، شمولیتی ضابطہ پر مبنی کثیر جہتی تجارتی نظام کو فروغ دینے اور اس میں تعاون کرنے  کی حمایت کی۔

دونوں فریقین نے ڈبلیو ٹی او کی اصلاح پر جاری بات چیت کی حمایت کو دوہرایا۔ دونوں فریقین نے ڈبلیو ٹی او کی جامع اصلاحات کے لئے اپنی تعاون کو مضبوط کرنے کے ارادے کو دوہرایا۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ یہ اصلاحات شمولیتی ہونی چاہئیں اور اسے شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جانا چاہئے، جس میں سب سے زیادہ ترجیح اپیل کرنے والے ادارہ کی مضبوط بحالی پر دی جانی چاہئے۔

 دونوں فریقین نے  یوروپی یونین اور بھارت کے درمیان باہم مفید تجارتی  اور سرمایہ کاری کے معاہدے کے ساتھ ساتھ بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان موجود رشتوں کو مزید  مضبوط کرنے کے ارادے کا اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ آرکٹک کونسل کے فریم ورک کے اندر آرکٹک تعاون کا عالمی پہلو ہے اور یہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے۔اس سلسلے میں دونوں فریقین نے آرکٹک کونسل کے فریم ورک کے اندر موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں اپنے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں لیڈران نے انسانی حقوق ، جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی مشترکہ قدروں کو تسلیم کیا اور بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر جمہوریت اور انسانی حقوق کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اختتامیہ

دونوں لیڈران نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انہوں نے مملکت ڈنمارک اور جمہوریہ ہند کے درمیان گرین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور باہم معاون تعلقات میں ایک نیاباب  جوڑا ہے۔

اس کے اہداف اور سرگرمیوں کی نشاندہی ایکشن پلان میں نشان زد علاقوں کے تحت کی جائے گی اور ان پر جتنا جلد ممکن ہوسکے کام کیا جائے گا۔

 

***********

م ن۔ق ت۔ن ع

(29.09.2020)

(U: 5935)