Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

کیرالہ میں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز میں مختلف پروجیکٹوں کے افتتاح پر وزیر اعظم  کے خطاب کا متن

کیرالہ میں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز میں مختلف پروجیکٹوں کے افتتاح پر وزیر اعظم  کے خطاب کا متن


کیرالہ کے گورنر  جناب عارف محمد خان، وزیر اعلیٰ جناب پنارائی وجین جی، وزیر مملکت، میرے ساتھی جناب وی مرلی دھرن جی، اسرو خاندان کے سبھی ارکان، نمسکار!

اپنے بہادر ساتھیوں کے اعزاز میں، آئیے ہم سب کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر ان کا عزت افزائی کریں۔  بھارت ماتا کی جئے!

بھارت ماتا کی جئے!

بھارت ماتا کی جئے!

بھارت ماتا کی جئے!

بہت بہت شکریہ!

ہر قوم کی ترقی کے سفر میں کچھ لمحات ایسے آتے ہیں، جو حال کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کی بھی تشریح کرتے ہیں۔ آج یہ بھارت کے لیے بھی ایسا ہی ایک لمحہ ہے۔ ہماری  آج کی نسل بڑی خوش نصیب ہے ، جسے پانی، زمین، آسمان اور خلاء  میں تاریخی کاموں کی شہرت مل رہی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے میں نے ایودھیا میں کہا تھا کہ یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ اس نئے دور میں، گلوبل آرڈر (عالمی نظام) میں بھارت عالمی اپنی جگہ کو مسلسل بڑھا رہا ہے۔ اور یہ ہمارے اسپیس پروگرام میں بھی واضح طور پر نظر آتا ہے۔

ساتھیو !

پچھلے سال بھارت چاند کے جنوبی قطب پر ترنگا جھنڈا لہرانے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔ آج شیو شکتی پوائنٹ پوری دنیا کو بھارت کی صلاحیت سے متعارف کرا رہا ہے۔ اب، وکرم سارا بھائی خلائی مرکز میں، ہم سب ایک اور تاریخی سفر کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ اب سے کچھ دیر پہلے،  ملک پہلی بار اپنے چار گگن یان مسافروں سے واقف ہوا  ہے۔ یہ صرف چار نام اور چار انسان نہیں ہیں، یہ 140 کروڑ امنگوں کو خلاء میں لے جانے والی چار قوتیں ہیں۔ 40 سال بعد کوئی بھارتی خلاء میں جانے والا ہے۔ لیکن اس بار وقت بھی ہمارا ہے، کاؤنٹ ڈاؤن بھی ہماری ہے اور راکٹ بھی ہمارا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج مجھے ان خلابازوں سے ملنے، ان سے بات کرنے اور ملک کے سامنے پیش کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ پورے ملک کی طرف سے میں ان ساتھیوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ آج 21ویں صدی کے  بھارت کی کامیابیوں میں آپ کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔

آپ آج کے ہندوستان کا اعتماد ہیں۔ آپ آج کے بھارت کی بہادری، ہمت اور نظم و ضبط ہیں۔ آپ پچھلے کئی سالوں سے بھارت  کا سر فخر سے بلند کرنے اور خلا میں ترنگا لہرانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ آپ بھارت کی اس امرت نسل کے نمائندے ہیں، جو  چیلنجوں کو چیلنج کرنے کا جذبہ  رکھتے ہیں۔ یوگا آپ کے سخت تربیتی ماڈیول میں بڑا کردار ادا کرتا ہے۔ اس مشن میں صحت مند دماغ اور صحت مند جسم اور ان دونوں کے درمیان ہم آہنگی کا ہونا بہت ضروری ہے! آپ ایسے ہی جٹے رہئے  ،  ڈٹے رہئے ۔ ملک کا آشیر واد آپ کے ساتھ ہے، ملک کی نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔ میں آپ کو تربیت دینے میں مصروف اسرو کے تمام ساتھیوں کے لئے،گگن یان سے جڑے سبھی  ساتھیوں کے لئے بھی اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

لیکن اس کے ساتھ ساتھ میں کچھ تشویش کا بھی اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ اور وہ چیزیں کچھ لوگوں کو تلخ لگ سکتی ہیں۔ ملک کے لوگوں اور خاص طور پر ملک کے میڈیا سے میری مخلصانہ گزارش ہے، یہ جو  چار ساتھی ہیں ، انہوں نے  لگاتار پچھلے کچھ سالوں سے مسلسل تپسیا کی ہے ، سادھنا کی ہے؛  اور دنیا کو اپنا چہرہ دکھائے بغیر کی ہے۔ لیکن ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ اور انہیں بہت مشکل امتحانات سے گزرنا ہے۔ ان کو  ابھی  اور اپنے جسم کو،  دل کو کسنا ہے۔ لیکن جیسا کہ ہمارے ملک کے لوگوں کی فطرت ہے، اب یہ چاروں مشہور شخصیت بن چکے ہیں۔ اب وہ کہیں بھی جاتے ہوں گے ، کوئی آٹوگراف لینے کے لئے دوڑے گا، اور اس کو سیلفی بھی چاہئے، فوٹوبھی چاہئے ، آٹوگراف بھی چاہیے۔  اب ذرامیڈیا والے بھی ڈنڈا لے کر کھڑے ہوجائیں  گے۔ ان کے گھر والوں کے بال نوچ لیں گے۔ بچپن میں کیا کرتے تھے، یہاں کیسے پہنچے؟ تیچرکے پاس چلے جائیں گے، اسکول چلے جائیں گے۔ یعنی ایسا ماحول بن  جائے گا کہ ان کے لیے سادھنا کے دور میں رکاوٹ آ سکتی  ہے۔

اور اس لئے میری درخواست ہے کہ اب اصل کہانی شروع ہو رہی ہے۔ ہم جتنا انہیں  تعاون دیں گے، ان  کے تمام خاندان کو تعاون دیں گے، ایسی کچھ چیزوں میں نہ الجھ جائیں۔ ان کا دھیان ایک  رہے، ان کے ہاتھ میں ترنگا ہے،خلاء  ہے، 140 کروڑ ہم وطنوں کا خواب ہے، وہیں ہم سب کا عہد ہے۔ یہی جذبہ ہے، اس لئے ہم  جتنا تعاون کریں گے، میں  سمجھتا ہوں  ملک کا تعاون بہت ضروری ہے۔ میرے میڈیا کے ساتھیوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ ابھی تک یہ نام نہیں نکلے اس لیے ہمارا کام آسانی سے چلتا رہا۔ لیکن اب ان کے لیے بھی کچھ مشکلات بڑھ جائیں گی۔ اور ہوسکتا ہے کہ ان کا بھی کبھی  دل چاہے  –  چلو یار ایک سیلفی لے لیتے ہیں، تو کیا جاتا ہے؟ لیکن ان سب چیزوں سے ہمیں بچ کر رہنا ہوگا۔

ساتھیو !

یہاں اس پروگرام سے پہلے مجھے گگن یان کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات دی گئی تھیں۔ مختلف آلات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ ان کی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ گگن یان میں استعمال ہونے والا زیادہ تر سامان  میڈ ان انڈیا ہے۔ یہ کتنا بڑا اتفاق ہے کہ جب بھارت دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کے لیے اڑان بھر رہا ہے، اسی وقت بھارت کا گگن یان بھی ہمارے خلائی شعبے کو نئی بلندیوں پر لے جانے والا ہے۔ آج یہاں کئی پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، بلکہ ساتھ ہی روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اور ساتھیو !

مجھے خوشی ہے کہ ہمارے خلائی شعبے میں خواتین کی طاقت کو بہت زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ چندریان ہو یا گگن یان، خواتین سائنسدانوں کے بغیر ایسے کسی مشن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ آج  500 سے زیادہ خواتین اسرو میں قائدانہ عہدوں پر فائز ہیں۔ میں یہاں موجود تمام خواتین سائنسدانوں، تکنیکی ماہرین اور انجینئروں کی تہہ دل سے ستائش کرتا ہوں۔ لیکن اس کی وجہ سے مرد طبقہ ناراض نہ ہوجائے ، ان کو تو مبارکباد ملتی ہی رہتی ہے۔

ساتھیو !

بھارت کے خلائی شعبے کابہت زیادہ تعاون ہے، جس پر زیادہ بات نہیں ہو پاتی۔ یہ تعاون ہے،نوجوان نسل میں سائنسی مزاج کے بیج بونے کا۔ اسرو کی کامیابی کو دیکھ کر بہت سے بچے سوچتے ہیں کہ جب وہ بڑے ہو جائیں گے، تو وہ بھی سائنسدان بنیں  گے۔ وہ راکٹ کا کاؤنٹ ڈاؤن …  الٹی گنتی… لاکھوں لاکھ بچوں کو ترغیب دیتی ہے۔ ہر گھر میں کاغذ کے  ہوائی جہاز اڑانے والا ، جوایروناٹیکل انجینئرہے، وہ بڑا ہو کر آپ جیسا انجینئر ، سائنسدان بننا چاہتا ہے۔ اور کسی بھی ملک کے لیے اس کی نوجوان نسل کی قوتِ ارادی ایک بہت بڑا اثاثہ ہوتا ہے۔ مجھے یاد ہے، جب چندریان-2 کی لینڈنگ کا وقت تھا، پورے ملک کے بچے اس لمحے کو دیکھ رہے تھے۔ اس لمحے بچوں نے بہت کچھ سیکھا۔ پھر آیا پچھلے سال 23 اگست کا دن۔ چندریان کی کامیاب لینڈنگ نے نوجوان نسل کو نئے جوش سے بھر دیا۔ ہم نے اس دن کو خلائی دن کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ آپ سب نے اپنے خلائی سفر میں بھارت کی  کامیابیوں کے ایسے بہت سے لمحات دیے ہیں۔ ہم نے خلائی شعبے میں کئی ریکارڈ بنائے ہیں۔ ہندوستان اپنی پہلی کوشش میں ہی مریخ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ ایک ہی مشن میں سو سے زیادہ سیٹلائٹ لانچ کرنے والا ملک ہمارا بھارت ہے۔ چندریان کی کامیابی کے بعد بھی آپ نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں۔ آپ نے آدتیہایل1 کو زمین سے 15 لاکھ کلومیٹر دور اس کے مدار میں بحفاظت پہنچا دیا ہے۔ جودنیا کے چند ممالک ہی ایسا کر پائے ہیں۔ 2024 کو ابھی چند ہفتے گزرے ہیں، اتنے کم وقت میں آپ نے ایکسپو سٹ اور انسٹ-3  ڈی ایس جیسی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ساتھیو !

آپ سبھی مل کر مستقبل کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھول رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق آنے والے دس سالوں میں بھارت  کی خلائی معیشت پانچ گنا بڑھ کر 44 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ خلاء کے میدان میں بھارت  ایک بہت بڑا عالمی تجارتی مرکز بننے جا رہا ہے۔ آنے والے چند سالوں میں ہم ایک بار پھر چاند پر جائیں گے۔ اور اس کامیابی کے بعد ہم نے اپنے اہداف اور بھی بلند کر لیے ہیں۔ اب ہمارے مشن ٹیکنالوجی کے نقطہ نظر سے زیادہ چیلنجنگ ہوں گے۔ ہم چاند کی سطح سے نمونے جمع کریں گے اور انہیں زمین پر واپس لائیں گے۔ اس سے چاند کے بارے میں ہمارے علم اور سمجھ میں مزید بہتری آئے گی۔ اس کے بعد وینس بھی اسرو کے اہداف میں سے ایک ہے۔  2035 تک بھارت کے پاس خلا ء میں اپنا خلائی اسٹیشن ہو گا، جو خلا ءکی نامعلوم وسعتوں کو تلاش کرنے میں ہماری مدد کرے گا۔ یہی نہیں اس امرت کال کے دوران بھارت  کا خلاء باز بھارت کے اپنے راکٹ کے ساتھ چاند پر بھی اتر کر دکھائے گا۔

ساتھیو !

اکیسویں صدی کا بھارت، ترقی  یافتہ ہوتا ہوا بھارت، آج دنیا کو اپنی صلاحیتوں سے حیران کر رہا ہے۔ پچھلے دس سالوں میں ہم نے تقریباً 400 سیٹلائٹ لانچ کیے ہیں۔ جبکہ اس سے پہلے پچھلے دس برسوں میں محض  33 سیٹلائٹ ہی لانچ کیے گئےتھے۔ دس سال پہلے پورے ملک میں شاید ہی ایک یا دو اسٹارٹ اپ تھے۔ آج ان کی تعداد دو سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر اسٹارٹ اپ نوجوانوں نے شروع کیے ہیں۔ آج ان میں سے کچھ لوگ ہمارے درمیان بھی موجود ہیں۔ میں ان کے ویژن، ان کی قابلیت اور ان کی  صنعتی صلاحیت کی بھی ستائش کرتا ہوں۔ حال ہی میں ہوئے خلائی اصلاحات نے اس سیکٹرکو نئی رفتار دی ہے۔ پچھلے ہفتے ہی ہم نے خلا ء میں ایف ڈی آئی پالیسی بھی جاری کی ہے۔ اس کے تحت خلائی شعبے میں بھی 100 فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی ہے۔ ان  اصلاحات سے دنیا کے بڑے خلائی ادارے بھارت آسکیں گے اور یہاں کے نوجوانوں کو پوری دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملے گا۔

ساتھیو !

ہم نے مل کر 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا عہدکیا ہے۔ اس عہد کو عملی جامہ پہنانے میں خلائی شعبے کا کردار بہت بڑا ہے۔ اور خلائی سائنس صرف راکٹ سائنس نہیں ہے، بلکہ یہ سب سے بڑی سوشل سائنس بھی ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی سے معاشرہ سب سے زیادہ فائدہ اٹھاتا ہے، سب کو فائدہ ہوتا ہے۔ آج ہماری روزمرہ کی زندگی میں، جو بھی ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے، اس میں خلائی ٹیکنالوجی کا بڑا کردار ہے۔ کھیتی میں فصل کی دیکھ بھال ہو، موسم کی جانکاری ہو، طوفان  اور دیگر آفات ہوں،  آبپاشی کے وسائل ہوں، گاڑی چلانے میں مدد کرنے والے میپ ہوں، ایسے بہت سے کام سیٹلائٹ ڈیٹا کے ذریعے ہی کیے جاتے ہیں۔ بھارت  کےلاکھوں ماہی گیروں کواین اے وی آئی سی کے ذریعے درست جانکاری ملنے کے پس پشت بھی خلا ءکی طاقت ہے۔ ہمارے سیٹلائٹ نہ صرف ہماری سرحدوں کو محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہیں، بلکہ وہ دور دراز علاقوں تک تعلیم، مواصلات اور صحت کی خدمات فراہم کرنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ لہذا، ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں آپ سب کا، اسرو کا،  پورے خلائی سیکٹرکا بہت بڑا کردار ہے۔ میں ایک بار پھر  آپ سبھی کو بہت بہت  نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔  ٹیم گگن یان کو میں خاص طور سے140 کروڑ ہم وطنوں کی طرف سے  مبارکباد دیتا ہوں! آپ سب کوایک بار پھر مبارک باد دیتے ہوئے، آپ کا بہت بہت شکریہ!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح- وا – ق ر)

U-5422