Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

کووِڈ۔19 صورتحال کے موضوع پر قوم کے نام وزیر اعظم کے خطاب کا متن

کووِڈ۔19 صورتحال کے موضوع پر قوم کے نام وزیر اعظم کے خطاب کا متن


 

میرے پیارے ہم وطنو، نمسکار!

کورونا کے خلاف ملک آج پھر بہت بڑی لڑائی لڑ رہا ہے۔ چند ہفتے پہلے تک صورتحال سنبھلی ہوئی تھی اور پھر یہ کورونا کی دوسری لہر طوفان بن کر آگئی۔ جو درد آپ نے برداشت کیا ہے، جو درد آپ برداشت کر رہے ہیں، اس کا مجھے مکمل طور پر احساس ہے۔ جن لوگوں نے گذشتہ دنوں کے دوران اپنے عزیزوں کو کھویا ہے، میں تمام اہل وطن کی جانب سے ان کے تئیں اظہار تعزیت پیش کرتا ہوں۔ کنبے کے رکن کے طورپر، میں آپ کے غم میں شامل ہوں۔ چنوتی بڑی ہے لیکن ہمیں مل کر اپنے عزم، اپنے حوصلے اور تیاری کے ساتھ اس کو عبور کرنا ہے۔

ساتھیو،

اپنی بات کو تفصیل سے کہنے سے قبل میں ملک کے تمام ڈاکٹروں، طبی عملے، نیم طبی عملے، ہمارے تمام صفائی کارکنان بھائی بہن، ہمارے ایمبولینس کے ڈرائیور حضرات، ہمارے سلامتی دستےپولیس، ان سب کی ستائش کروں گا۔ آپ نے کورونا کی پہلی لہر میں بھی اپنی زندگی داؤ پر لگاکر لوگوں کو بچایا تھا۔ آج آپ پھر اس بحران میں اپنے کنبے، اپنے آرام، اپنی فکر چھوڑ کر دوسروں کی زندگی بچانے میں دن رات مصروف ہیں۔

ساتھیو،

ہمارے صحائف میں کہا گیا ہے تیاج یم نہ دھیریم، ویدھورے پی کالے۔  یعنی مشکل سے مشکل وقت میں بھی ہمیں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہم صحیح فیصلہ لیں، صحیح سمت میں کوشش کریں، تبھی ہم فتح سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔ اسی اصول کو سامنے رکھ کر آج ملک دن رات کام کر رہا ہے۔ گذشتہ چند دنوں میں جو فیصلے لیے گئے ہیں، جو قدم اٹھائے گئے ہیں، وہ صورتحال کو تیزی سے سدھاریں گے۔ اس مرتبہ کورونا بحران میں ملک کے مختلف حصوں میں آکسیجن کی ڈیمانڈ میں بہت زیادہ اضافہ رونما ہوا ہے۔ اس موضوع پر تیزی سے اور پوری حساسیت کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔ مرکزی حکومت، ریاستی حکومتیں، نجی شعبے، سبھی کی پوری کوشش ہے کہ ہر ضرورت مند کو آکسیجن حاصل ہو۔ آکسیجن پروڈکشن اور سپلائی کو بڑھانے کے لئے بھی کئی سطحوں پر تدابیر کی جا رہی ہیں۔ ریاستوں میں نئے آکسیجن پلانٹس ہوں، ایک لاکھ نئے سلینڈر پہنچانے ہوں، صنعتی اکائیوں میں زیر استعمال آکسیجن کا طبی استعمال ہو، آکسیجن ریل ہو، تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ساتھیو،

اس مرتبہ جیسے ہی کورونا کے معاملات میں اضافہ ہوا، ملک کے فارما شعبے نے ادویہ کی پیداوار میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ آج جنوریفروری کے مقابلے میں ملک میں کئی گنا زیادہ ادویہ کا پروڈکشن ہو رہا ہے۔ اسے ابھی اور تیز کیا جا رہا ہے۔ کل بھی میری ملک کی فارما صنعت کے جو سرکردہ افراد ، ماہرین   ہیں ان سے طویل گف و شنید ہوئی ہے۔ پروڈکشن بڑھانے کے لئے ہر طریقے سے ادویہ ساز کمپنیوں کی مدد لی جا رہی ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے ملک کے پاس اتنا مضبوط ادویہ کا شعبہ ہے جو بہت اچھی اور تیزی کے ساتھ ادویہ تیار کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد میں اضافے کا بھی کام تیزی سے چل رہا ہے۔ کچھ شہروں میں زیادہ ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے خصوصی اور بڑے کووِڈ ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں۔

ساتھیو،

گذشتہ برس، جب ملک میں کورونا کے چند ہی مریض سامنے آئے تھے، اسی وقت بھارت میں کورونا وائرس کے خلاف مؤثر ٹیکے تیار کرنے کے لئے کام شروع کر دیا گیا تھا۔ ہمارے سائنس دانوں نے دن رات ایک کرکے بہت کم وقت میں اہل وطن کے لئے ٹیکے تیار کیے ہیں۔ آج دنیا کی ازحد قابل استطاعت ویکسین بھارت میں ہے۔ بھارت کے کولڈ چین نظام کے مطابق ویکسین ہمارے پاس ہے۔ اس کوشش میں ہمارے نجی شعبے نے اختراع اور انٹرپرائز کے جذبے کا بہترین مظاہرہ پیش کیا ہے۔ ٹیکوں کی منظوری اور ریگولیٹری کے عمل کو تیز رفتار بنائے رکھنے کے ساتھ ہی، تمام سائنٹفک اور ریگولیٹری امداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ ایک مشترکہ کوشش ہے جس کے سبب ہمارا بھارت، دو میڈ اِن انڈیا ٹیکوں کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم شروع کر پایا۔ ٹیکہ کاری کے پہلے مرحلے سے ہی تیزی کے ساتھ اس بات پر زور دیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ علاقوں تک، ضرورت مند حضرات تک ویکسین پہنچے۔ دنیا میں سب سے تیزی سے بھارت میں پہلے 10 کروڑ، پھر 11 کروڑ اور اب 12 کروڑ ویکسین کی خوراکیں دی گئی ہیں۔ آج کورونا سے اس لڑائی میں ہمیں حوصلہ ملتا ہے کہ ہمارے صحتی کارکنان، ہراول دستے کے کورونا سورماؤں اور معمر شہریوں کے ایک بڑے حصے کو ویکسین کا فائدہ حاصل ہو چکا ہے۔

ساتھیو،

کل ہی ٹیکہ کاری سے متعلق ایک اہم فیصلہ بھی ہم نے کیا ہے۔ یکم مئی کے بعد سے، 18 برس سےزائد کی عمر کے تمام افراد کی ٹیکہ کاری کی جا سکے گی۔ اب بھارت میں جو ویکسین بنے گی، اس کا نصف حصہ سیدھے ریاستوں اور ہسپتالوں کو بھی حاصل ہوگا۔ اس دوران غریبوں، بزرگوں، نچلے طبقات کے لوگ نچلے متوسط طبقے کے لوگ اور 45 برس سے زائد کی عمر کے افراد کے لئے مرکزی حکومت کا جو ٹیکہ کاری پروگرام چل رہا ہے، وہ بھی اتنی ہی تیزی سے جاری رہے گا۔ پہلے کی طرح ہی سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیکہ دستیاب رہے گا جس کا فائدہ، جیسے میں نے کہا، ہمارے غریب کنبے ہوں، ہمارے نچلے طبقات، متوسط طبقات کے کنبے ہوں وہ ان کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ساتھیو،

ہم سبھی کی کوشش، زندگی بچانے کے لئے ہے اور زندگی بچانے کے لئے تو ہے ہی، کوشش یہ بھی ہے کہ اقتصادی سرگرمیاں اور ذریعہ معاش کم سے کم متاثر ہوں۔ کوشش کا طریقہ کار یہی رکھا جائے۔ ٹیکہ کاری کو 18 برس سے زائد کی عمر کے لوگوں کے  لئے جاری کرنے سے شہروں میں جو ہماری افرادی قوت ہے، اسے تیزی سے ویکسین دستیاب ہوگی۔ ریاستوں اور مرکزی حکومت کی کوششوں سے، مزدوروں کو بھی تیزی سے ویکسین حاصل ہونے لگے گی۔ میری ریاستی انتظامیہ سے درخواست ہے کہ وہ مزدوروں کا بھروسہ بنائے رکھیں، ان سے درخواست کریں کہ وہ جہاں ہیں، وہیں رہیں۔ ریاستوں کے ذریعہ دیا گیا یہ بھروسہ ان کی بہت مدد کرے گا کہ وہ جس شہر میں ہیں وہیں پر آئندہ چند دنوں میں ٹیکہ بھی لگے گا اور ان کا کام بھی بند نہیں ہوگا۔

ساتھیو،

پچھلی مرتبہ جو صورتحال تھی، وہ موجودہ صورتحال سے کافی مختلف تھی۔ تب ہمارے پاس اس عالمی وبائی مرض سے لڑنے کے لئے کورونا کے لئے مخصوص طبی بنیادی ڈھانچہ نہیں تھا۔ آپ یاد کیجئے، ملک کی کیا حالت تھی۔ کورونا ٹیسٹنگ کے لئے وافر تعداد میں تجربہ گاہیں نہیں تھیں، پی پی ای کٹوں کا پروڈکشن نہیں تھا۔ ہمارے پاس اس بیماری کے علاج کے لئے کوئی خاص معلومات بھی نہیں تھی۔ تاہم بہت ہی کم وقت میں ہم ان چیزوں میں بہتری لائے۔

آج ہمارے ڈاکٹروں نے کورونا کے علاج کی بہت ہی اچھی مہارت حاصل کر لی ہے، وہ زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچا رہے ہیں۔ آج ہمارے پاس بڑی تعداد میں پی پی ای کٹس موجود ہیں، تجربہ گاہوں کا بڑا نیٹ ورک ہے اور ہم لوگ جانچ کی سہولت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔

ساتھیو،

ملک نے کورونا کے خلاف اب تک بہت مضبوطی سے اور بہت صبر کے ساتھ لڑائی لڑی ہے۔ اس کا سہرا آپ تمام اہل وطن کے سر جاتا ہے۔ ضابطے اور صبر کے ساتھ کورونا سے لڑتے ہوئے آپ ملک کو یہاں تک لائے ہیں۔ مجھے یقین ہے، عوامی شراکت داری کی طاقت سے ہم کورونا کے اس طوفان کو بھی شکست دے پائیں گے۔ آج ہم اپنے چہار جانب دیکھ رہے ہیں کہ کیسے کئی لوگ، کئی سماجی تنظیمیں ضرورت مندوں تک مدد پہنچانے میں دن رات لگے ہیں۔ دوا پہنچانا ہو، کھانے یا رہنے کا انتظام کرنا ہو، لوگ پورے دل و جان سے کام کر رہے ہیں۔

میں ان تمام افراد کے خدمت کے جذبے کو سلام کرتا ہوں اور اہل وطن سے اپیل کرتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس مصیبت کی گھڑی میں آگے آئیں اور ضرورت مندوں تک مدد پہنچائیں۔ سماج کی کوششوں اور خدمت کے عزم سے ہی ہم یہ لڑائی جیت پائیں گے۔ میری نوجوان ساتھیوں سے گذارش ہے کہ وہ اپنی سوسائٹی میں، محلے میں، اپارٹمنٹس میں چھوٹی چھوٹی کمیٹیاں تشکیل دے کر کووِڈ سے متعلق ضوابط پر عمل کروانے میں مدد کریں۔ ہم ایسا کریں گے تو حکومتوں کو نہ کبھی کنٹنمنٹ زون بنانے کی ضرورت پیش آئے گی نہ کرفیو لگانے کی ضرورت پڑے گی اور لاک ڈاؤن کا تو سوال ہی نہیں اٹھتا۔ ضرورت ہی نہیں پیش آئے گی۔ سووَچھتا ابھیان کے وقت، ملک میں بیداری پیدا کرنے کے لئے میرے ننھے دوستوں نے بہت مدد کی تھی۔ چھوٹے چھوٹے بچے 5ویں، 7ویں، 10ویں جماعت میں زیر تعلیم،  انہوں نے گھر کے لوگوں کو سمجھایا تھا، منایا تھا۔ انہوں نے بڑوں کو بھی صفائی ستھرائی کا پیغام دیا تھا۔ آج میں پھر اپنے ننھے دوستوں سے ایک بات خاص طور پر کہنا چاہتا ہوں۔ میرے ننھے دوستو، گھر میں ایسا ماحول پیدا کیجئے کہ بغیر کسی کام کے، بلا ضرورت گھر کے لو گ گھر سے باہر نہ نکلیں۔ آپ کی ضد سے بہت بڑا نتیجہ سامنے آسکتا ہے۔

تشہیر کرنے والوں سے بھی میری گذارش ہے کہ ایسے بحران کے وقت وہ لوگوں کو ہوشیار رہنے اور بیدار کرنے کے لئے جو کوششیں کر رہے ہیں، ان میں مزید اضافہ کریں۔ اس کے ساتھ ہی، اس کے لیے بھی کام کریں کہ ڈر کا ماحول کم ہو سکے، لوگ افواہ اور بھرم میں نہ آئیں۔

ساتھیو،

موجودہ صورتحال میں ہمیں ملک کو لاک ڈاؤن سے بچانا ہے۔ میں ریاستوں سے بھی گذارش کروں گا کہ وہ لاک ڈاؤن کو آخری متبادل کے طور پر ہی استعمال کریں۔ لاک ڈاؤن سے بچنے کی بھرپور کوشش کرنی ہے۔ اور مائیکرو کنٹنمنٹ زون پر ہی توجہ مرکوز کرنی ہے۔ ہم اپنی معیشت کی صحت بھی سدھاریں گے اور اہل وطن کی صحت کا بھی خیال  رکھیں گے۔

ساتھیو،

آج نوراتری کا آخری دن ہے۔ کل رام نومی ہے اور مریادا پرشوتّم شری رام کا ہم سبھی کو یہی پیغام ہے کہ ہم شائستگی بنائے رکھیں۔ کورونا کے اس بحرانی دور میں، کورونا سےتحفظ کی جو بھی تدابیر ہیں، براہِ کرم ان پر صد فیصد عمل کیجئے۔ ’دوائی بھی، کڑائی بھی ‘کے اصول  کو کبھی بھی فراموش نہیں کرنا ہے۔ یہ اصول ضروری ہے، ویکسین کے بعد بھی ضروری ہے۔ رمضان کے ماہِ مقدس  کا آج ساتواں دن ہے۔ رمضان ہمیں، صبر، ضبط نفس اور نظم و ضبط قائم رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے ضابطے کی بھی ضرورت ہے۔ جب ضروری ہو، تبھی باہر نکلیں، کووِڈ سے متعلق ضوابط پر پوری طرح سےعمل پیرا ہوں، میری آپ سبھی سے یہی درخواست ہے۔ میں آپ کو پھر یہ یقین دلاتا ہوں، آپ کی اس ہمت، صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ جڑ کر، آج جو حالات ہیں، انہیں بدلنے میں ملک کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ آپ سبھی صحت مند رہیں، آپ کا کنبہ، سب صحت مند رہیں۔ اسی امید کے ساتھ میں اپنی بات ختم کرتا ہوں۔ آپ کا بہت بہت شکریہ!

 

*******

 

ش ح ۔اب ن

U-3873