Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

پی ایم مودی نے نئی دہلی میں پردھان منتری سنگرہالیہ کا افتتاح کیا

پی ایم مودی نے نئی دہلی میں پردھان منتری سنگرہالیہ کا افتتاح کیا


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی میں پردھان منتری سنگرہالیہ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے آج منائے جانے والے مختلف تہواروں کا ذکر کیا۔ انھوں نے بابا صاحب امبیڈکر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ”جس آئین کے بابا صاحب اصل معمار تھے، اس آئین نے ہمیں پارلیمانی نظام کی بنیاد دی۔ اس پارلیمانی نظام کی بنیادی ذمہ داری ملک کے وزیر اعظم کے دفتر پر عائد ہوتی رہی ہے۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ آج مجھے وزیر اعظم کے میوزیم کو قوم کے نام وقف کرنے کا موقع ملا ہے۔ انھوں نے اس موقع پر موجود سابق وزرائے اعظم کے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور انھیں مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ جب ملک آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے، تب یہ میوزیم ایک عظیم محرک کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ان 75 سالوں میں ملک نے کئی قابل فخر لمحات دیکھے ہیں۔ تاریخ کے دریچے میں ان لمحات کی اہمیت بے مثال ہے۔

وزیر اعظم نے آزادی کے بعد سے تمام حکومتوں کے تعاون کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان میں بننے والی ہر حکومت نے ملک کو آج اس بلندی پر پہنچانے میں اپنا تعاون کیا ہے۔ میں نے یہ بات لال قلعہ سے بھی کئی بار دہرائی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میوزیم ہر حکومت کے مشترکہ ورثے کا زندہ عکس بھی بن چکا ہے، وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملک کے ہر وزیر اعظم نے آئینی جمہوریت کے اہداف کے حصول کے لیے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ ”انہیں یاد کرنا آزاد ہندوستان کے سفر کو جاننا ہے۔ یہاں آنے والے لوگ ملک کے سابق وزرائے اعظم کی شراکت، ان کے پس منظر، ان کی جدوجہد اور تخلیقات سے واقف ہوں گے“، انھوں نے مزید کہا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ بہت سے وزرائے اعظم کا تعلق عام خاندانوں سے ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے لیڈروں کا انتہائی غریب، کسان خاندانوں سے وزیر اعظم کے عہدے تک پہنچنا ہندوستانی جمہوریت اور اس کی روایات میں یقین کو مضبوط کرتا ہے۔ ”اس سے ملک کے نوجوانوں کو یہ اعتماد بھی ملتا ہے کہ ایک عام خاندان میں پیدا ہونے والا فرد بھی ہندوستان کے جمہوری نظام میں اعلیٰ عہدوں پر پہنچ سکتا ہے“، جناب مودی نے کہا۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ میوزیم نوجوان نسل کے تجربات کو وسعت دے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان آزاد ہندوستان کے اہم مواقع کے بارے میں جتنا زیادہ جانتے ہیں، ان کے فیصلے اتنے ہی زیادہ متعلقہ ہوں گے۔

جمہوریت کی ماں کے طور پر ہندوستان کی حیثیت کو بیان کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ”ہندوستان کی جمہوریت کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ وقت گزرنے کے ساتھ مسلسل بدلتی رہی ہے۔ ہر دور میں، ہر نسل میں جمہوریت کو مزید جدید اور با اختیار بنانے کی مسلسل کوشش ہوتی رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چند استثنات کو چھوڑ کر، ہندوستان میں جمہوری طریقے سے جمہوریت کو مضبوط کرنے کی قابل فخر روایت رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسی لیے ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم اپنی کوششوں سے جمہوریت کو مضبوط کرتے رہیں۔ ہندوستانی ثقافت کے جامع اور موافق عناصر پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ہماری جمہوریت ہمیں جدیدیت اور نئے خیالات کو قبول کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

ہندوستان کی شاندار تاریخ اور خوشحال دور کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہندوستان کے ورثے اور حال کی صحیح تصویر کے بارے میں بیداری پھیلانے پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک سے چوری شدہ ورثے کو واپس لانے کی حکومت کی کوششیں، شاندار ورثے کے مقامات پر جشن منانا، جلیانوالہ میموریل، بابا صاحب کی یاد میں پنچ تیرتھ، فریڈم فائٹر میوزیم، قبائلی ہسٹری میوزیم جیسی جگہوں پر آزادی پسندوں کی یادوں کو محفوظ کرنا اس سمت میں اٹھائے گئے اقدامات ہیں۔

میوزیم کے لوگو پر تبصرہ کرتے ہوئے جس میں بہت سے ہاتھ چکر کو پکڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ چکر 24 گھنٹے تسلسل اور خوشحالی اور محنت کے عزم کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ یہ عزم، شعور اور طاقت آنے والے 25 سالوں میں ہندوستان کی ترقی کا تعین کرنے والی ہے۔

وزیر اعظم نے بدلتے ہوئے عالمی نظام اور اس ترتیب میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی حیثیت کو اجاگر کیا۔ ”آج جب ایک نیا عالمی نظام ابھر رہا ہے، دنیا ہندوستان کی طرف امید اور اعتماد کے ساتھ دیکھ رہی ہے، تو ہندوستان کو بھی اس موقع پر آگے بڑھنے کی اپنی کوششیں تیز کرنی ہوں گی، جناب نریندر مودی نے کہا۔

*******

ش ح۔ ف ش ع- ج

U: 4287