Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل وزیر اعظم  کا اظہار خیال

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل وزیر اعظم  کا اظہار خیال


نمسکار ساتھیو،

سرمائی اجلاس کا آج پہلا دن ہے۔ یہ سیشن اہم اس لئے ہے کیونکہ 15 اگست سے قبل ہم  ملے تھے۔ 15 اگست کو آزادی کے 75 سال مکمل ہوئے اور اب ہم امرت کال کے سفر میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم آج ایک ایسے وقت میں مل رہے ہیں جب ملک کو، ہمارے ہندوستان کو جی-20 کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔ جس طرح سے عالمی برادری میں ہندوستان کا مقام بنا ہے، ہندوستان سے جس طرح سے توقعات بڑھی ہیں اور ہندوستان جس طرح عالمی سطح پر اپنی شراکت داری  میں اضافہ کررہا ہے ، ایسے وقت میں  جی-20 کی میزبانی ہندوستان کے لئے ایک بہت ہی بڑا موقع ہے۔

یہ جی-20 سربراہی اجلاس صرف ایک سفارتی تقریب نہیں ہے۔ لیکن یہ جی-20 سربراہی اجلاس ہندوستان کی صلاحیت کو  جامع انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک موقع ہے۔ اتنا بڑا ملک، مدر آف ڈیموکریسی، اتنا تنوع، اتنی صلاحیت، پوری دنیا کے لیے ہندوستان کو جاننے کا ایک بہت  بڑا موقع ہے اور ہندوستان کے پاس بھی پوری دنیا کو اپنی صلاحیت دکھانے کا بھی بہت بڑا موقع ہے۔

حال ہی میں، میں نے پارٹی کے تمام صدور کے ساتھ انتہائی خوشگوار ماحول میں بات چیت کی ہے۔ اس کا عکس ایوان میں بھی ضرور نظر آئے گا۔ ایوان سے بھی وہی آواز اٹھے گی جو ہندوستان کی صلاحیت کو دنیا میں پیش کرنے کے لیے کارآمد ثابت ہوگی۔ موجودہ عالمی حالات میں ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے، ہندوستان کو آگے لے جانے کے نئے مواقع کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس سیشن میں کئی اہم فیصلے لینے کی کوشش کی جائے گی۔ مجھے یقین ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں بحث کو مزیدنتیجہ خیز بنائیں گی ، اپنے خیالات سے فیصلوں کو نئی طاقت دیں گی، سمت کو مزید واضح کرنے میں مدد کریں گی۔ پارلیمنٹ کی اس میعاد کا جو وقت ابھی باقی ہے، میں  تمام پارٹی کے  لیڈروں اور  ایوان  کے لیڈروں سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ جو لوگ پہلی بار ایوان میں آئے ہیں،  جونئے  ممبران پارلیمنٹ ہیں ، نوجوان ممبران پارلیمنٹ ہیں ،ان کے روشن مستقبل کے لیے اور جمہوریت کی آنے والی نسل کو تیار کرنے کے لئے، ہمیں زیادہ سے زیادہ مواقع ان کو دیں ، مباحثے میں  ان کی شراکت داری  بڑھنی چاہیے۔

گزشتہ دنوں  تقریباً تمام پارٹیوں کے کسی نہ کسی ممبرپارلیمنٹ سے میری  غیر رسمی ملاقاتیں  جب بھی ہوئی  ہیں تو تمام ممبران پارلیمنٹ ایک بات ضرور کہتے ہیں کہ ایوان میں شورشرابہ ہوتا ہے اور پھر ایوان ملتوی ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ہم ممبران پارلیمنٹ کو بہت نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ نوجوان  ممبران پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ اجلاس نہ چلنے کی وجہ سے، بحث نہیں ہونے کی وجہ سے ہم  جویہاں سیکھنا چاہتے ہیں، ہم جو سمجھنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ جمہوریت کی ایک بڑی یونیورسٹی ہے، ہم اس سے محروم  رہ جاتے ہیں ہمیں وہ  سعادت نہیں مل رہی اس لیے ایوان کا کام کرنا بہت ضروری ہے۔ یہ آواز خاص طور پر تمام جماعتوں کے نوجوان ممبران پارلیمنٹ  کے منھ سے نکلتی ہے۔

میں سمجھتا ہوں کہ اپوزیشن کےجو ارکان پارلیمنٹ ہیں ان کا بھی یہی کہناہے کہ  بحث میں ہمیں بولنے کا موقع نہیں ملتا ہے۔اس کی وجہ سے ایوان معطل ہوجاتا ہے ،جو شورشرابہ ہوتا ہے  اس کی وجہ سے ہمیں بہت نقصان ہوتا ہے۔  مجھے لگتا ہے کہ تمام فلور لیڈرس، تمام پارٹی لیڈران  ہمارے ان  ممبران پارلیمنٹ کے درد کو سمجھیں گے۔ ان کی ترقی کے لیے،  ملک کی ترقی میں ان کی صلاحیت کو جوڑنے کے لئے ان کا جو  جوش اور جذبہ ہے،ان کا جوتجربہ ہے ،ان سب کا فائدہ  ملک کو حاصل ہو۔اس کا فائدہ فیصلوں کو حاصل ہو، فیصلہ جاتی عمل کو اس کا فائدہ ملے، یہ جمہوریت کے لئے بہت ضروری ہے۔ میں تمام جماعتوں، تمام اراکین پارلیمنٹ سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ اس اجلاس کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لیے اجتماعی کوشش کریں۔

اس اجلاس میں ایک اور بھی سعادت یہ   ہے کہ آج پہلی بار ہمارے نائب صدرجمہوریہ جی ، راجیہ سبھا کے چیئرمین کے طور پر اپنی مدت کا آغاز کریں گے، یہ ان کا پہلا اجلاس اور پہلا دن ہوگا۔ جس  طرح سے ہماری صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جی نے ہندوستان کی عظیم وراثت، ہماری قبائلی روایات کے ساتھ ساتھ ملک کے وقار کو بڑھانے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے، اسی طرح  سےایک کسان کے بیٹے نے نائب صدرجمہوریہ  کے عہدے پر اور آج راجیہ سبھا کے چیئرمین کے طور پر ملک کے وقار کو بڑھائیں گے ،ممبران پارلیمنٹ کی حوصلہ افزائی کریں گے،  تحریک دیں گے۔میں ان کو اپنی جانب سے بہت بہت  نیک خواہشات  پیش کرتا ہوں۔

بہت-بہت شکریہ ساتھیو۔

نمسکار۔

************

 

 

 

ش ح۔ ج ق   ۔ م  ص

 (U: 13391)