وزیراعظم جناب نریندر مودی 6 جنوری کو دوپہر 12:30 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
خطے میں رابطے کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر وزیر اعظم نئے جموں ریلوے ڈویژن کا افتتاح کریں گے۔ وہ تلنگانہ میں چارلاپلی نیو ٹرمینل اسٹیشن کا افتتاح بھی کریں گے اور ایسٹ کوسٹ ریلوے کے رائے گڈا ریلوے ڈویژن کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
پٹھان کوٹ – جموں – ادھم پور – سرینگر – بارہمولہ ، بھوگ پور سروال – پٹھان کوٹ ، بٹالہ – پٹھان کوٹ اور پٹھان کوٹ سے جوگندر نگر سیکشن پر مشتمل 742.1 کلومیٹر کے جموں ریلوے ڈویژن کے قیام سے جموں و کشمیر اور آس پاس کے علاقوں کو نمایاں فائدہ ہوگا ، جس سے لوگوں کی دیرینہ امنگوں کو پورا کیا جاسکے گا اور بھارت کے دیگر حصوں کے ساتھ رابطے کو بہتر بنایا جاسکے گا۔ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہوگی، سیاحت کو فروغ ملے گا اور خطے کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی ہوگی۔
تلنگانہ کے میڈچل-ملکاجگری ضلع میں چارلاپلی نیو ٹرمینل اسٹیشن کو تقریبا 413 کروڑ روپے کی لاگت سے دوسرے داخلے کی فراہمی کے ساتھ ایک نئے کوچنگ ٹرمینل کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ یہ ماحول دوست ٹرمینل، جس میں مسافروں کی اچھی سہولیات موجود ہیں، شہر کے موجودہ کوچنگ ٹرمینلز جیسے سکندرآباد، حیدرآباد اور کاچی گوڈا پر بھیڑ کو کم کرے گا۔
وزیر اعظم ایسٹ کوسٹ ریلوے کی رائے گڈا ریلوے ڈویژن کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس سے اوڈیشہ، آندھرا پردیش اور آس پاس کے علاقوں میں رابطے میں بہتری آئے گی اور خطے کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی ہوگی۔
***
(ش ح – ع ا)
U. No. 4877