وزیر اعظم جناب نریندر مودی 27 جون 2023 کو مدھیہ پردیش کا دورہ کریں گے۔
صبح تقریباً 10:30 بجے وزیر اعظم رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے اور پانچ وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ وزیر اعظم سہ پہر 3 بجے کے قریب شہڈول میں ایک عوامی پروگرام میں شرکت کریں گے، جہاں وہ رانی درگاوتی کو خراج عقیدت پیش کریں گے، سکل سیل انیمیا کے خاتمے کے مشن کا آغاز کریں گے اور آیوشمان کارڈ کی تقسیم کے پروگرام کا بھی آغاز کریں گے۔ وزیر اعظم شہڈول ضلع کے گاؤں پاکریا کا بھی دورہ کریں گے۔
وزیراعظم بھوپال میں
وزیر اعظم رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن، بھوپال پر منعقدہ ایک عوامی پروگرام میں پانچ وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔یہ پانچ وندے بھارت ٹرینیں ہیں: رانی کملا پتی-جبل پور وندے بھارت ایکسپریس؛ کھجوراہو-بھوپال-اندور وندے بھارت ایکسپریس؛ مڈگاؤں (گوا) – ممبئی وندے بھارت ایکسپریس؛ دھارواڑ-بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس؛ اور ہٹیا-پٹنہ وندے بھارت ایکسپریس۔
رانی کملا پتی-جبل پور وندے بھارت ایکسپریس مہا کوشل ریجن (جبل پور) کو مدھیہ پردیش کے سنٹرل ریجن (بھوپال) سے جوڑے گی۔ اس کے علاوہ بھیراگھاٹ، پچمڑھی، ست پورہ وغیرہ جیسے سیاحتی مقامات کو بھی بہتر رابطہ کاری سے فائدہ پہنچے گا۔ اس روٹ پر چلنے والی موجودہ تیز ترین ٹرینوں کے مقابلے میں یہ ٹرین تقریباً تیس منٹ کم وقت لے گی۔
کھجوراہو-بھوپال-اندور وندے بھارت ایکسپریس مالوا ریجن (اندور) اور بندیل کھنڈ ریجن (کھجوراہو) کو سینٹرل ریجن (بھوپال) سے کنیکٹیوٹی کو بہتر بنائے گی۔ اس سے مہاکالیشور، منڈو، مہیشور، کھجوراہو، پنا جیسے اہم سیاحتی مقامات کو فائدہ ہوگا۔ ٹرین روٹ پر موجودہ تیز ترین ٹرینوں کے مقابلے میں تقریباً دو گھنٹے تیس منٹ کاوقت کم لے گی ۔
مڈگاؤں (گوا) – ممبئی وندے بھارت ایکسپریس گوا کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ہوگی۔ یہ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس اور گوا کے مڈگاؤں اسٹیشن کے درمیان چلے گی۔ دونوں جگہوں کو جوڑنے والی موجودہ تیز ترین ٹرین کے مقابلے میں اس سے سفر کے تقریباً ایک گھنٹے کا وقت بچانے میں مدد ملے گی۔
دھارواڑ – بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس کرناٹک کے اہم شہروں – دھارواڑ، ہبلی اور داونگیرے – کو ریاستی دارالحکومت بنگلورو سے جوڑے گی۔ اس سے خطے کے سیاحوں، طلباء، صنعت کاروں وغیرہ کو بہت فائدہ ہوگا۔ روٹ میں موجودہ تیز ترین ٹرینوں کے مقابلے میں یہ ٹرین تقریباً تیس منٹ کم میں اپنا سفر مکمل کرے گی ۔
ہٹیا-پٹنہ وندے بھارت ایکسپریس جھارکھنڈ اور بہار کے لیے پہلی وندے بھارت ہوگی۔ پٹنہ اور رانچی کے درمیان رابطے کو بڑھاتے ہوئے یہ ٹرین سیاحوں، طلباء اور تاجروں کے لیے ایک نعمت ثابت ہوگی۔ یہ دو مقامات کے درمیان سفر کرنےوالی موجودہ تیز ترین ٹرین کے مقابلے میں تقریباً ایک گھنٹہ پچیس منٹ کے سفر کے وقت کو بچانے میں مدد کرے گی۔
شہڈول میں وزیراعظم
شہڈول میں ایک عوامی پروگرام میں، وزیر اعظم نیشنل سکل سیل انیمیا کے خاتمے کے مشن کا آغاز کریں گے۔ وہ مستحقین میں سکیل سیل جینیاتی سٹیٹس کارڈ بھی تقسیم کریں گے۔
اس مشن کا مقصد خاص طور پر قبائلی آبادی میں سکیل سیل کی بیماری سے پیدا ہونے والے صحت کے معاملے میں سامنے آنے والے اہم چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ اس پروگرا م کا آغاز کیا جانا حکومت کی جانب سے 2047 تک صحت عامہ کے مسئلے کے طور پر سکیل سیل کی بیماری کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ قومی سکیل سیل انیمیا کے خاتمے کے مشن کا اعلان مرکزی بجٹ 2023 میں کیا گیا تھا۔ اسے 17 ایسے اضلاع کے 278 اضلاع میں نافذ کیا جائے گا جن پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ملک میں خصوصی توجہ کامرکز ریاستوں میں گجرات، مہاراشٹر، راجستھان، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، اڈیشہ، تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک، آسام، اتر پردیش، کیرالہ، بہار، اور اتراکھنڈ کے نام شامل ہیں ۔
وزیر اعظم مدھیہ پردیش میں تقریباً 3.57 کروڑ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اےبی۔پی ایم جے اےوائی) کارڈوں کی تقسیم کا آغاز کریں گے۔ آیوشمان کارڈ کی تقسیم کی تقریب ریاست بھر میں شہری اداروں، گرام پنچایتوں اور ترقیاتی بلاکوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔ آیوشمان کارڈ تقسیم مہم، فلاحی اسکیموں کی 100 فیصد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام مستفیدین تک پہنچنے کے وزیر اعظم کے وژن کو پورا کرنے کی سمت میں ایک قدم ہے۔
پروگرام کے دوران، وزیر اعظم ’رانی درگاوتی گورو یاترا‘ کے اختتام کے موقع پر رانی درگاوتی کوخراج عقیدت پیش کریں گے۔ رانی درگاوتی کی بہادری اور قربانی کی عوام میں تشہیر کرنے اوراسے مقبول بنانے کے لیے مدھیہ پردیش حکومت کی طرف سے اس یاترا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ رانی درگاوتی، 16ویں صدی کے وسط میں گونڈوانا کی حکمران ملکہ تھیں۔ انہیں ایک جانباز، نڈر اور بہادر جنگجو کے طور پر یاد کیا جاتا ہے ،جنہوں نے مغلوں کے خلاف آزادی کی جنگ لڑی۔
پکریا گاؤں میں وزیر اعظم
ایک منفرد پہل قدمی کے طور پر ، وزیر اعظم شہڈول ضلع کے پاکریا گاؤں کا دورہ کریں گے اور قبائلی برادری کے رہنماؤں، سیلف ہیلپ گروپس، پی ای ایس اے( درج فہرست علاقوں تک پنچایتوں کی توسیع) ایکٹ، 1996 کمیٹیوں کے رہنماؤں اور ولیج فٹ بال کلبوں کے کپتانوں سے بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم قبائلی اور لوک فنکاروں کے ثقافتی پروگرام کا مشاہدہ کریں گے اور گاؤں میں رات کا کھانا بھی کھائیں گے۔
*******
ش ح ۔ س ب ۔ ف ر
U. No.6505