وزیر اعظم جناب نریندر مودی 23 سے 25 فروری تک مدھیہ پردیش، بہار اور آسام کا دورہ کریں گے۔ 23 فروری کو وہ مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع کا سفر کریں گے اور تقریباً 2 بجے باگیشور دھام میڈیکل اینڈ سائنس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 24 فروری کو، صبح تقریباً 10 بجے، وزیر اعظم بھوپال میں گلوبل انویسٹرز سمٹ 2025 کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد، وہ بہار کے بھاگلپور کا سفر کریں گے اور تقریباً 2:15 بجے، وہ پی ایم کسان اسکیم کی 19ویں قسط جاری کریں گے اور بہار میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور ملککے نام وقف کریں گے۔ اس کے بعد وہ گوہاٹی کا سفر کریں گے اور شام 6 بجے کے قریب جھومویر بنندینی (میگا جھومویر) 2025 پروگرام میں شرکت کریں گے۔ 25 فروری کو، صبح تقریباً 10:45 بجے، وزیر اعظم گوہاٹی میں ایڈوانٹیج آسام 2.0 سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر سمٹ 2025 کا افتتاح کریں گے۔
مدھیہ پردیش میں وزیر اعظم
وزیر اعظم چھتر پور ضلع کے گڑھا گاؤں میں باگیشور دھام میڈیکل اینڈ سائنس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے بہتر صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو یقینی بناتے ہوئے، 200 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت کا کینسر ہسپتال، کینسر کےغریب مریضوں کو مفت علاج فراہم کرے گا اور جدید ترین مشینوں سے لیس ہوگا اور اس میں ماہر ڈاکٹر ہوں گے۔
وزیر اعظم بھوپال میں دو روزہ گلوبل انویسٹرس سمٹ(جی آئی ایس) 2025 کا بھی افتتاح کریں گے۔ مدھیہ پردیش کو عالمی سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتے ہوئے، جی آی ایس میں محکمہ جاتی اجلاس شامل ہوں گےجس میں فارما اور طبی آلات، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس، صنعت، مہارت کی ترقی، سیاحت اورایم ایس ایم ایز پر خصوصی سیشن ہوں گے۔ اس میں بین الاقوامی سیشن جیسے گلوبل ساؤتھ ممالک کی کانفرنس، لاطینی امریکہ اور کیریبین سیشن اور اہم شراکت دار ممالک کے لیے خصوصی سیشن بھی شامل ہوں گے۔
اجلاس کے دوران تین بڑی صنعتی نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔ آٹو شو مدھیہ پردیش کی آٹوموٹو صلاحیتوں اور مستقبل میں نقل و حرکت کے حل کی نمائش کرے گا۔ ٹیکسٹائل اور فیشن ایکسپو روایتی اور جدید ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ دونوں میں ریاست کی مہارت کو اجاگر کرے گا۔’ایک ضلع ایک پروڈکٹ‘(او ڈی او پی) گاؤں ریاست کی منفرد کاریگری اور ثقافتی ورثے کی نمائش کرے گا۔
ساٹھ سے زیادہ ممالک کے نمائندے، مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیدار، بھارت کے 300 سے زیادہ ممتاز صنعت کار اور پالیسی سازوں کے علاوہ دیگر سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بہار میں وزیر اعظم
وزیر اعظم کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس سلسلے میں، ان کی طرف سے بھاگلپور میں کئی اہم اقدامات کیے جائیں گے۔ وہ بھاگلپور میں پی ایم کسان کی 19ویں قسط جاری کریں گے۔ ملک بھر میں 9.7 کروڑ سے زیادہ کسانوں کو 21,500 کروڑ روپے سے زیادہ کے براہ راست مالی فوائد حاصل ہوں گے۔
وزیر اعظم کی ایک اہم توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر رہی ہے کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کا بہتر معاوضہ مل سکے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، 29 فروری 2020 کو، انہوں نے 10,000 فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز(ایف پی او) کی تشکیل اور فروغ کے لیے مرکزی سیکٹر اسکیم کا آغاز کیا، جو کسانوں کو اجتماعی طور پر مارکیٹ کرنے اور ان کی زرعی مصنوعات کی پیداوار میں مدد کرتی ہے۔ پانچ سالوں کے اندر، کسانوں کے ساتھ وزیر اعظم کا یہ عہد پورا ہو گیا ہے، جس کے ساتھ انہوں نے پروگرام کے دوران ملک میں 10,000 ایف پی او کی تشکیل کا سنگ میل عبور کیا۔
وزیر اعظم راشٹریہ گوکل مشن کے تحت بنائے گئے موتیہاری میں سنٹر آف ایکسی لینس فار انڈیجی نس بریڈ کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بڑے مقاصد میں جدید ترین آئی وی ایف ٹیکنالوجی کا تعارف، مزید تشہیر کے لیے مقامی نسلوں کے ایلیٹ جانوروں کی پیداوار، اور جدید تولیدی ٹیکنالوجی میں کسانوں اور پیشہ ور افراد کی تربیت شامل ہے۔ وہ بارونی میں دودھ پروڈکٹ پلانٹ کا بھی افتتاح کریں گے جس کا مقصد 3 لاکھ دودھ پیداوار کرنے والوں کے لیے ایک منظم مارکیٹ بنانا ہے۔
کنیکٹیویٹی اور بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے اپنے عزم کے مطابق، وزیر اعظم 526 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے وارسالی گنج – نوادہ – تلیا ریل سیکشن کو دوگنا کرنے اور اسماعیل پور – رفیع گنج روڈ اوور برج کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔
آسام میں وزیر اعظم
وزیر اعظم جھومویر بنندینی (میگا جھوموئیر) 2025 میں شرکت کریں گے، جھومویر رقص میں 8,000 فنکاروں کے ساتھ ایک شاندار ثقافتی نمائش، آسام کی چائے قبیلے اور آدیواسی برادریوں کا ایک لوک رقص جو شمولیت، اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی کے جذبے کو ابھارتا ہے۔ میگا جھومیر ایونٹ چائے کی صنعت کے 200 سال اور آسام میں صنعت کاری کے 200 سال کی علامت ہے۔
وزیر اعظم گوہاٹی میں ایڈوانٹیج آسام 2.0 سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر سمٹ 2025 کا بھی افتتاح کریں گے، جو 25 سے 26 فروری تک منعقد ہوگی۔ اس میں ایک افتتاحی اجلاس، سات وزارتی اجلاس اور 14 موضوعاتی سیشن شامل ہوں گے۔ اس میں ایک جامع نمائش بھی شامل ہوگی جو ریاست کے معاشی منظر نامے کی عکاسی کرتی ہے، جس میں اس کے صنعتی ارتقاء، عالمی تجارتی شراکت داریوں، تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعتوں، اور متحرک ایم ایس ایم ایز سیکٹر پر توجہ دی جائے گی، جس میں 240 سے زیادہ نمائش کنندگان شامل ہوں گے۔
اس اجلاس میں مختلف بین الاقوامی تنظیمیں، عالمی رہنما اور سرمایہ کار، پالیسی ساز، صنعت کے ماہرین، اسٹارٹ اپس اور طلباء کے علاوہ دیگر افراد شرکت کریں گے۔
***
(ش ح۔اص)
UR No 7460