Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم 22 جنوری کو ایودھیا میں نو تعمیر شدہ شری رام جنم بھومی مندر میں شری رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب میں شرکت کریں گے


وزیراعظم جناب نریندر مودی 22 جنوری، 2024 کو دوپہر تقریبا 12 بجے ایودھیا میں نو تعمیر شدہ شری رام جنم بھومی مندر میں شری رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس سے پہلے اکتوبر 2023 میں وزیر اعظم کو شری رام جنم بھومی ٹرسٹ کی جانب سے پران پرتشٹھا تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا تھا۔

تاریخ ساز  پران پرتشٹھا تقریب میں ملک کے تمام بڑے روحانی اور مذہبی فرقوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ مختلف قبائلی برادریوں کے نمائندوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم اس موقع پر اس معزز مجمع سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم شری رام جنم بھومی مندر کی تعمیر سے جڑے شرم جیویوں سے بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم کوبر ٹیلا کا بھی دورہ کریں گے جہاں بھگوان شیو کے قدیم مندر کو بحال کیا گیا ہے۔ وہ اس بحال شدہ مندر میں پوجا اور درشن بھی کریں گے۔

شاندار شری رام جنم بھومی مندر روایتی ناگر انداز میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی لمبائی (شرقاً غرباً) 380 فٹ ہے۔ چوڑائی 250 فٹ اور اونچائی 161 فٹ ہے۔ اور کل 392 ستونوں اور 44 دروازوں  پر ایستادہ ہے۔ مندر کے ستونوں اور دیواروں میں ہندو دیوی دیوتاؤں، کی نفیس مورتیاں منقش کی گئی ہیں۔ گراؤنڈ فلور پر مرکزی حرم میں بھگوان شری رام (شری رام للا کی مورتی) کی بچپن کی شکل رکھی گئی ہے۔

مندر کا مرکزی دروازہ مشرقی جانب واقع ہے، جسے سنگھ دوار کے ذریعے 32 سیڑھیاں چڑھ کر پہنچا جا سکتا ہے۔ مندر میں کل پانچ منڈپ (ہال) ہیں – نرتیہ منڈپ، رنگ منڈپ، سبھا منڈپ، پرتھانا منڈپ اور کیرتن منڈپ۔ مندر کے قریب ایک تاریخی کنواں (سیتا کوپ) ہے، جو قدیم دور کا ہے۔ مندر کمپلیکس کے جنوب مغربی حصے میں ، کوبیر ٹیلا میں ، بھگوان شیو کے قدیم مندر کو بحال کیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ہی جٹایو کا مجسمہ بھی نصب کیا گیا ہے۔

مندر کی بنیاد رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (آر سی سی) کی 14 میٹر موٹی پرت کے ساتھ تعمیر کی گئی ہے، جو اسے مصنوعی چٹان کی شکل دیتی ہے۔ مندر میں کہیں بھی لوہے کا استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ زمین کی نمی سے تحفظ کے لیے گرینائٹ کا استعمال کرتے ہوئے 21 فٹ اونچا پلنتھ تعمیر کیا گیا ہے۔ مندر کمپلیکس میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، فائر سیفٹی کے لیے واٹر سپلائی اور ایک آزاد پاور اسٹیشن ہے۔ مندر کی تعمیر ملک کی روایتی اور دیسی ٹکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے کی گئی ہے۔

***

(ش ح ع ا ع ر)

U. No. 3869