Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم 21-20 جنوری کو تمل ناڈو کے متعدد مندروں کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم جناب نریندر مودی 21-20 جنوری، 2024 کو تمل ناڈو کے متعدد بڑے مندروں کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم 20 جنوری کو صبح تقریباً 11 بجے، تمل ناڈو کے تروچیراپلی کے شری رنگناتھ سوامی مندر میں ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم اس مندر میں کمب رامائنم کا پاٹھ کرتے ہوئے مختلف اسکالرز کو بھی سنیں گے۔

اس کے بعد وزیر اعظم تقریباً 2 بجے رامیشورم پہنچیں گے اور شری ارولمیگو رامناتھ سوامی مندر میں درشن اور پوجا کریں گے۔ پچھلے کچھ دنوں میں وزیر اعظم کے متعدد مندروں کے دورے کے دوران مشاہدہ کیے جانے والے اس عمل کو جاری رکھتے ہوئے، جس میں وہ مختلف زبانوں (جیسے مراٹھی، ملیالم اور تیلگو) میں ہو رہے رامائن کے پاٹھ میں شرکت کرتے ہیں، اس مندر میں وہ ’شری رامائن پارائن‘ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ پروگرام میں، آٹھ مختلف روایتی منڈلیاں سنسکرت، اودھی، کشمیری، گرومکھی، آسامی، بنگالی، میتھلی، اور گجراتی رام کتھاؤں (شری رام کی ایودھیا واپسی کا واقعہ بیان کرتے ہوئے) کا پاٹھ کریں گی۔ یہ بھارتی ثقافتی اخلاقیات اور بندھن کے مطابق ہے، جو ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کا مرکز ہے۔ شری ارولمیگو رامناتھ سوامی مندر میں، وزیر اعظم بھجن سندھیا میں بھی شرکت کریں گے، جہاں شام کے وقت مندر کے احاطے میں متعدد بھکتی گیت گائے جائیں گے۔

وزیر اعظم 21 جنوری کو دھنش کوڑی کے کوٹھنڈا راماسوامی مندر میں درشن اور پوجا کریں گے۔ دھنش کوڑی کے قریب، وزیر اعظم اریچل مُنائی کا بھی دورہ کریں گے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسی جگہ سے رام سیتو بنایا گیا تھا۔

شری رنگناتھ سوامی مندر

تریچی کے شری رنگم میں واقع یہ مندر ملک کے قدیم ترین مندروں میں سے ایک ہے اور اس کا تذکرہ پرانوں اور سنگم دور کے متن سمیت مختلف قدیم متون میں ملتا ہے۔ یہ اپنی تعمیراتی عظمت اور اپنے متعدد مشہور گوپورم کے لیے مشہور ہے۔ یہاں جس اہم دیوتا کی پوجا کی جاتی ہے وہ شری رنگناتھ سوامی ہیں، جو بھگوان وشنو کی ٹیک لگائے ہوئے ایک شکل ہے۔ ویشنو صحیفوں میں اس مندر اور ایودھیا میں پوجی جانے والی مورتی کے درمیان تعلق کا ذکر ہے۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ شری رام اور ان کے آباء و  اجداد وشنو  کی جس مورتی کی پوجا کرتے تھے،  اسے انہوں نے لنکا لے جانے کے لیے وبھیشن کو دے دی تھی۔ راستے میں یہ مورتی شری رنگم میں نصب کر دی گئی۔

عظیم فلسفی اور سنت شری رامانوجاچاریہ کا بھی اس مندر کی تاریخ سے گہرا تعلق ہے۔ اس کے علاوہ، اس مندر میں مختلف اہم مقامات ہیں – مثال کے طور پر، مشہور کمب رامائنم کو پہلی بار اس احاطہ میں ایک خاص جگہ پر تمل شاعر کمبن نے عوامی طور پر پیش کیا تھا۔

شری ارولمیگو رامناتھ سوامی مندر، رامیشورم

اس مندر میں شری رامناتھ سوامی دیوتا کی پوجا کی جاتی ہے، جو بھگوان شیو کی ایک شکل ہیں۔ لوگوں کا بڑے پیمانے پر یہ عقیدہ ہے کہ اس مندر کے مرکزی لنگم کو شری رام اور ماتا سیتا نے نصب کیا تھا اور اس کی پوجا کی تھی۔ اس مندر میں ایک طویل ترین گلیارہ ہے، جو اپنے خوبصورت فن تعمیر کے لیے بھی مشہور ہے۔ یہ چار دھاموں – بدری ناتھ، دوارکا، پوری اور رامیشورم – میں سے ایک ہے۔ یہ 12 جیوترلنگوں میں سے بھی ایک ہے۔

کوٹھنڈا راماسوامی مندر، دھنش کوڑی

یہ مندر شری کوٹھنڈا راماسوامی کو وقف ہے۔ ’کوٹھنڈا رام‘ نام کا مطلب ہے کمان والے رام۔ یہ دھنش کوڑی نامی جگہ پر واقع ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں وبھیشن نے پہلی بار شری رام سے ملاقات کی تھی اور ان سے پناہ مانگی تھی۔ کئی جگہ یہ بھی ذکر ملتا ہے کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں شری رام نے وبھیشن کی تاجپوشی کی تھی۔

*****

ش ح – ق ت

U: 3771