وزیر اعظم جناب نریندر مودی 19 جون2022 کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر پرگتی میدان انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ کی اہم سرنگ اور 5 انڈر پاس قوم کے نام وقف کریں گے۔اس موقع پر وہ مجمع سے خطاب بھی کریں گے ۔ انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ پرگتی میدان از سر نو ترقی کے پروجیکٹ کا اہم حصہ ہے ۔
انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ 920 کروڑ سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیاگیا ہے اور پورا فنڈ مرکزی حکومت نے فراہم کیا ہے۔اس کا مقصد پرگتی میدان میں تعمیر کئے جارہے نئے عالمی معیار کے نمائش اور کنونشن سینٹر تک کسی روک ٹوک کے بغیر اور آسان طریقے سے رسائی ہے۔اس کے ذریعہ پرگتی میدان میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں نمائش کنندہ اور لوگوں کی آسان شرکت کے لئے سہولت فراہم کرنا ہے۔
تاہم اس پروجیکٹ کے اثرات پرگتی میدان کے علاوہ بھی ہیں کیونکہ یہ کسی روک ٹوک کے بغیر گاڑیوں کی آمدو رفت کو یقینی بنائے گا اور اس سے بڑے پیمانے پر آنے جانے والوں کے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی ۔یہ شہری بنیادی ڈھانچے کی تبدیلی کے ذریعہ لوگوں کی زندگی کو آسان بنانے کے حکومت کے وژن کا حصہ ہے۔
اصل سرنگ پرگتی میدان سے گزرتے ہوئے پرانا قلعہ روڈ سے ہوتے ہوئے رنگ روڈ کو انڈیا گیٹ سے جوڑتی ہے ۔6لین کی ڈیوائڈ ڈ سرنگ کے کئی مقصد ہیں جن میں پرگتی میدان کے بیسمنٹ میں بڑی پارکنگ تک رسائی شامل ہے۔سرنگ کا ایک انوکھا عنصر یہ ہے کہ اصل سرنگ کے نیچے ایک دوسرے کو کاٹتی ہوئی دو سرنگیں تعمیر کی گئی ہیں تاکہ پارکنگ لاٹ کے دونوں طرف سے ٹریفک کے آمد ورفت میں سہولت فراہم کی جاسکے۔ٹریفک آمد و رفت کو سہل بنانے کے لئے یہ سرنگ جدید ترین عالمی معیار کے سہولیات سے آراستہ ہےجس میں اسمارٹ فائر مینجمنٹ ،جدید وینٹیلیشن ،خود کار نکاسی ،ڈیجیٹلی کنٹرول سی سی ٹی وی اور پبلک اناؤنسمنٹ سسٹم شامل ہیں۔یہ سرنگ جس کا طویل عرصہ سے انتظار تھا بھیروں مارگ کے لئے ایک متبادل روٹ فراہم کرےگی ،جو کہ اپنی صلاحیت سے زیادہ کام کررہی ہے اور توقع ہے کہ بھیروں مارگ پر ٹریفک کے بوجھ کو نصف سے زیادہ کم کردے گی۔
سرنگ کے ساتھ ساتھ ،6 انڈرپاس ہوں گے -4متھرا روڈ پر ،ایک بھیروں مارگ پر اور ایک رنگ روڈ اور بھیروں مارگ چوراہے پر ۔
******
ش ح ۔ ف ا ۔ م ش
U. No.6579