Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے گوہاٹی، آسام میں جھومر بنندنی پروگرام میں شرکت کی


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج گوہاٹی، آسام میں ایک میگا جھومر پروگرام جھومر بنندنی 2025 میں شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تقریب میں توانائی، جوش اور ولولہ سے بھرپور ماحول تھا۔ انھوں نے جھومر کے تمام فنکاروں کی جانب سے شاندار تیاریوں کا ذکر کیا جس میں چائے کے باغات کی خوشبو اور خوبصورتی کی جھلک تھی۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح لوگوں کا جھومر اور چائے کے باغ کی ثقافت سے ایک خاص رشتہ ہے، وہ بھی اسی طرح کا تعلق رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج اتنی بڑی تعداد میں فنکار جھومر ڈانس پیش کر کے ریکارڈ قائم کریں گے۔ 2023 میں اپنے آسام کے اس دورے کو یاد کرتے ہوئے جب ایک ریکارڈ بنایا گیا تھا جس میں 11,000 فنکاروں نے بیہو رقص پیش کیا تھا، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک ناقابل فراموش یاد گار ہے اور انھوں نے مزید کہا کہ وہ اسی طرح کی دلکش کارکردگی کی توقع کر رہے تھے۔ انھوں نے آسام کی حکومت اور وہاں کے وزیر اعلیٰ کو اس شاندار ثقافتی پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ آج آسام کے لیے ایک قابل فخر دن ہے کیونکہ چائے برادری اور قبائلی لوگ ان تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ انھوں نے اس خاص دن پر سب کو اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس طرح کی عظیم الشان تقاریب نہ صرف آسام کے فخر کا ثبوت ہیں بلکہ ہندوستان کے عظیم تنوع کو بھی ظاہر کرتی ہیں، وزیر اعظم نے نوٹ کیا کہ ایک وقت تھا جب آسام اور شمال مشرق کو ترقی اور ثقافت کے معاملے میں نظرانداز کیا گیا تھا۔ انھوں نے روشنی ڈالی کہ اب وہ خود شمال مشرقی ثقافت کے برانڈ ایمبیسیڈر بن گئے ہیں۔ انہوں نے ذکر کیا کہ وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنھوں نے آسام کے کازرنگا میں قیام کیا اور دنیا کے سامنے اس کی حیاتیاتی تنوع کو فروغ دیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ چند ماہ قبل آسامی زبان کو کلاسیکی زبان کا درجہ دیا گیا تھا، جس کا آسام کے لوگ دہائیوں سے انتظار کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ چرائیدیو موئدم کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو ان کی حکومت کی کوششوں سے منسوب ایک اہم کامیابی ہے۔

آسام کے فخر کے بارے میں بات کرتے ہوئے، مغلوں کے خلاف آسام کی ثقافت اور شناخت کا دفاع کرنے والے بہادر جنگجو لچت بورفوکن کے بارے میں بات کرتے ہوئے، جناب مودی نے لچت بورفوکن کے 400ویں یوم پیدائش کی شاندار تقریب پر روشنی ڈالی اور ذکر کیا کہ یوم جمہوریہ کی پریڈ میں ان کی جھانکی بھی شامل تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آسام میں لچت بورفوکن کا 125 فٹ کا کانسی کا مجسمہ بنایا گیا ہے۔ انھوں نے قبائلی سماج کے ورثے کا جشن منانے کے لیے جنجاتیہ گورو دیوس کے آغاز کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ قبائلی بہادروں کی خدمات کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے لیے ملک بھر میں قبائلی عجائب گھر قائم کیے جا رہے ہیں۔

یہ بتاتے ہوئے کہ ان کی حکومت آسام کو ترقی دے رہی ہے اور ’ٹی ٹرائب‘ کمیونٹی کی خدمت کر رہی ہے، وزیر اعظم نے آسام ٹی کارپوریشن کے کارکنوں کے لیے ان کی آمدنی بڑھانے سے متعلق بونس کے اعلان پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے چائے کے باغات میں تقریباً 1.5 لاکھ خواتین کو فراہم کیے جانے والے تعاون پر زور دیا جو مالی پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے حمل کے دوران 15,000 روپے وصول کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ، آسام حکومت خاندانوں کی صحت کے لیے چائے کے باغات میں 350 سے زیادہ آیوشمان آروگیہ مندر کھول رہی ہے۔ جناب مودی نے بتایا کہ ٹی ٹرائب قبیلے کے بچوں کے لیے 100 سے زیادہ ماڈل ٹی گارڈن اسکول کھولے گئے ہیں اور مزید 100 اسکولوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انھوں ٹی ٹرائب کے نوجوانوں کے لیے او بی سی کوٹہ میں 3 فیصد ریزرویشن اور آسام حکومت کی طرف سے خود روزگار کے لیے 25,000 روپے کی امداد کی فراہمی کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چائے کی صنعت اور اس کے کارکنان کی ترقی آسام کی مجموعی ترقی کو آگے بڑھائے گی اور شمال مشرق کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ انھوں نے تمام شرکا کا ان کی عمدہ کارکردگی کے لیے شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آسام کے گورنر جناب لکشمن پرساد آچاریہ، آسام کے وزیر اعلیٰ جناب ہمانتا بسوا سرما، مرکزی وزرا ڈاکٹر ایس جے شنکر، جناب سربانند سونووال، تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا، مرکزی وزیر مملکت جناب پبیترا مارگریتا سمیت دیگر معززین اس تقریب میں موجود تھے۔

 

پس منظر

جھومور بنندنی (میگا جھومر) 2025، ایک شاندار ثقافتی نمائش ہے جس میں 8,000 اداکار جھومر رقص میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ آسام کی ٹی ڑائب اور آسام کی آدیواسی کمیونٹیز کا ایک لوک رقص ہے جو شمولیت، اتحاد اور آسام کے ثقافتی ہم آہنگی کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔ میگا جھومر ایونٹ چائے کی صنعت کے 200 سال اور آسام میں صنعت کاری کے 200 سال کی علامت ہے۔

**************

ش ح۔ ف ش ع

U: 7529