Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’جل سنچے جن بھاگیداری‘ پہل کا آغاز کیا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’جل سنچے جن بھاگیداری‘ پہل کا آغاز کیا


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے  گجرات  کے سورت میں ’جل سنچے جن بھاگیداری‘ پہل کے آغاز کے موقع پرمنعقدہ پروگرام سے خطاب کیا۔ اس پروگرام کے تحت، بارش کے پانی کی ذخیرہ کاری کو بڑھانے اور طویل مدتی پانی کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے ریاست بھر میں تقریباً 24,800 بارش کے پانی کا ذخیرہ کرنے  والے ڈھانچے بنائے جارہے ہیں۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج گجرات کی سرزمین سے جل شکتی کی وزارت کی  طرف سے ایک اہم مہم شروع ہو رہی ہے۔ مانسون سیزن میں  ہوئی تباہی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ملک کے تقریباً تمام خطوں کو اس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ انہوں نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے دور میں تقریباً ہر تحصیل میں ایسی طوفانی بارشیں نہ دیکھی اور نہ ہی  سنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کو اس بار انتہائی بحران کا سامنا کرنا پڑا اور محکمے حالات کو سنبھالنے کے لیے پوری طرح سے لیس نہیں تھے، تاہم گجرات اور ملک کے عوام نے ایسے سنگین حالات میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہو کر ایک دوسرے کی مدد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے کئی حصے اب بھی مون سون سیزن کے اثرات کی زد میں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پانی کا تحفظ صرف ایک پالیسی نہیں، یہ ایک کوشش اور نیکی بھی ہے۔ اس میں فیاضی کے ساتھ ساتھ ذمہ داریاں بھی ہیں۔ جناب مودی نے مزید کہا  کہ  ‘’پانی پہلا پیرامیٹر ہوگا جس پر ہماری آنے والی نسلیں ہمارا اندازہ لگائیں گی’’۔انہوں نے کہا، اس کی وجہ یہ ہے کہ پانی صرف ایک وسیلہ نہیں بلکہ زندگی اور انسانیت کے مستقبل کا سوال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کا تحفظ، اسی وجہ سے پائیدار مستقبل سےمتعلق 9 عزائم میں سب سے اہم تھا۔ جناب مودی نے پانی کے تحفظ کی بامعنی کوششوں میں عوامی شرکت کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جل شکتی کی وزارت، حکومت گجرات اور اس پہل میں شامل تمام متعلقین کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ماحولیات اور پانی کے تحفظ کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ ہندوستان   میں دنیا بھر میں موجود میٹھے پانی کا صرف 4 فیصد پایا جاتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی، ‘’اگرچہ ملک میں کئی بڑے دریا ہیں، تاہم کئی  بڑے جغرافیائی علاقے پانی سے محروم ہیں اور پانی کی سطح بھی تیزی سے کم ہو رہی ہے۔’’ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آب و ہوا کی تبدیلی کے ساتھ  ساتھ پانی کی کمی نے لوگوں کی زندگیوں پر بہت بڑا اثر ڈالا ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل حالات کے باوجود، صرف ہندوستان ہی اپنے لئے اور دنیا کے لیے حل تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے قدیم صحیفوں کی تفہیم کو اس با ت کا  سہرا دیتے ہوئے کہا کہ پانی اور ماحولیات کے تحفظ کو کتابی علم یا کسی صورت حال سے پیدا ہونے والی چیز نہیں سمجھا جاتا ہے۔وزیراعظم  مودی نے کہا’’ پانی اور ماحولیات کا تحفظ ہندوستان کے روایتی شعور کا حصہ ہے’’۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لوگ ایک ایسی ثقافت سے تعلق رکھتے ہیں جو پانی کو خدا کا روپ، دریاؤں کو دیوی اور سرووروں کو دیوتاؤں کا ٹھکانہ مانتی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘’گنگا، نرمدا، گوداوری اور کاویری کا ماؤں کی طرح احترام کیا جاتا ہے۔ قدیم صحیفوں کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے وضاحت کی کہ پانی کو بچانا اور عطیہ کرنا خدمت کی اعلیٰ ترین شکل ہے کیونکہ تمام زندگی کی شکلیں پانی سے شروع ہوئی ہیں اور اسی پر منحصر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستانی  عوام  کے آباء و  اجداد پانی اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو جانتے تھے۔ رحیم داس کے ایک دوہے کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے قوم کی دور اندیشی پر روشنی ڈالی اور پانی نیز ماحولیات کے تحفظ کی بات کرتے ہوئے پیش قدمی کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ‘’جل سنچے جن بھاگیداری’’ کی پہل گجرات سے شروع ہو رہی ہے اور اس نے ایک ایک شہری تک رسائی اور پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بہت سی کامیاب کوششوں کا مشاہدہ کیا ہے۔ جناب مودی نے ڈھائی دہائی قبل سوراشٹر کی صورت حال کو یاد دلایا جب پچھلی حکومتوں کے پاس پانی کے تحفظ کے وژن کی کمی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اس سنگین بحران پر قابو پانے کا عزم کیا اور کئی دہائیوں سے زیر التوا سردار سروور ڈیم کی تکمیل اور کام کے آغاز  کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سَونی یوجنا کا آغاز بھی ضرورت سے زیادہ  پانی والے علاقوں سے پانی نکال کرپانی کی  قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں اسے پہنچا کر  کیا گیا۔ جناب مودی نے خوشی کا اظہار کیا کہ گجرات میں کی گئی کوششوں کے نتائج آج دنیا کے سامنے ہیں۔

وزیر اعظم نے ایک باشعور شہری، عوامی شراکت داری  اور عوامی تحریک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ‘’پانی کا تحفظ صرف پالیسیوں کا معاملہ نہیں ہے بلکہ سماجی وابستگی بھی ہے’’۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اگرچہ ماضی میں ہزاروں کروڑ روپے کے پانی سے متعلق منصوبے شروع کیے گئے ہیں، لیکن اس کے نتائج صرف پچھلے 10 سالوں میں ہی ظاہر ہو رہے ہیں۔ پی ایم مودی نے تبصرہ کیا’’ہماری حکومت نے ہول آف سوسائٹی ہول آف گورنمنٹ کے نقطہ نظر کے ساتھ کام کیا ہے’’ ۔ پچھلے 10 سالوں میں کئے گئے کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار پانی سے متعلق مسائل پر سائلو(جمود) کو توڑا گیا اور جل شکتی کی  وزارت ،ہول آف گورنمنٹ  کے  نقطہ نظر سے اس عزم کی تکمیل کے لئے تشکیل دی گئی۔ انہوں نے جل جیون مشن کے ذریعے ہر گھر تک نلکے کے پانی کی فراہمی کے عزم پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آج کے 15 کروڑ سے زیادہ کے مقابلے پہلے صرف 3 کروڑ گھرانوں میں نلکے کے پانی کا کنکشن دستیاب تھا۔ انہوں نے ملک کے 75 فیصد سے زیادہ گھرانوں تک صاف نلکے کا پانی پہنچانے کا سہرا جل جیون مشن کو دیا۔ انہوں نے جل جیون مشن میں ان کے تعاون کے لئے مقامی جل سمیتیوں کی تعریف کی اور کہا کہ خواتین پورے ملک میں جل سمیتیوں میں شاندار کام کر رہی ہیں جس طرح گجرات کی جل سمیتیوں نےحیرت انگیز کام  کیا۔ انہوں نے مزید کہا  کہ  اس میں حصہ لینے والی کم از کم 50 فیصد خواتین کا تعلق گاؤں سے ہے۔

اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ کس طرح جل شکتی ابھیان آج ایک قومی مشن بن گیا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ پانی کے روایتی ذرائع کی تزئین و آرائش ہو یا نئے ڈھانچے کی تعمیر، اس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، متعلقین سے لے کر سول سوسائٹی سے لے کر پنچایت تک  سبھی شامل ہیں۔ عوامی شراکت داری  کی طاقت پر روشنی ڈالتے ہوئے ، جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ امرت سروور پر کام آزادی کا امرت مہوتسو کے دوران ہر ضلع میں شروع ہوا اور اس کے نتیجے میں آج ملک میں 60 ہزار سے زیادہ امرت سروور تعمیر ہو چکے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے مزید کہا کہ اٹل بھوجل یوجنا میں زیر  زمین پانی کو ری چارج کرنے کے لیے آبی وسائل کے انتظام و انصرام میں  گاؤں والوں کی ذمہ داری بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا، 2021 میں شروع کی گئی ’کیچ دی رین‘  مہم میں آج بڑی تعداد میں متعلقین شامل ہیں۔’نمامی گنگے‘ پہل کی بات کرتے ہوئے، جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شہریوں کے لیے ایک جذباتی عزم  بن گیا ہے اور لوگ دریاؤں کی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے پرانی روایات اور غیر متعلقہ رسم و رواج کو ترک کر رہے ہیں۔

’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے تحت شہریوں سے ایک درخت لگانے کی اپنی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ جنگلات کے ساتھ ساتھ  زیر زمین پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ’ایک پیڑماں کے نام‘ مہم کے تحت کروڑوں درخت لگائے گئے ہیں۔ جناب مودی نے اس طرح کی مہموں اور عزائم میں عوام کی شرکت کی ضرورت پر مزید زور دیا اور کہا کہ پانی کے تحفظ کی کوششیں 140 کروڑ شہریوں کی شمولیت سے عوامی تحریک میں تبدیل ہو رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے پانی کے تحفظ  کے لئے فوری اقدام کرنے پر زور دیا اور پانی سے متعلق مسائل کے حوالے سے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے’ریڈیوس، ری یوز، ریچارج اور ری سائیکل‘ کے منتر کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کو تب ہی بچایا جا سکتا ہے جب اس کا غلط استعمال ختم ہو، کھپت کم ہو، پانی کو دوبارہ استعمال کیا جائے، پانی کے ذرائع کو ری چارج کیا جائے اور آلودہ پانی کو ری سائیکل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے اس مشن میں جدیدطور طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ہندوستان میں تقریباً 80 فیصد پانی  کھیتی کے کاموں میں استعمال ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  اسی وجہ سے حکومت پائیدار زراعت کی سمت میں ڈرپ اریگیشن جیسی تکنیکوں کو مسلسل فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے ’پر ڈراپ مور کراپ‘جیسی مہموں کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ اس سے پانی کے تحفظ میں مدد مل رہی ہے جبکہ پانی کی کمی والے علاقوں میں کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ جناب مودی نے ان فصلوں کی کاشت کے لیے حکومت کی حمایت پر روشنی ڈالی جن کو کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے جیسے دال، تلہن اور ملیٹ۔ ریاستی سطح کی کوششوں پر بات چیت کو آگے بڑھاتے ہوئے جناب مودی نے ریاستوں کو پانی کے تحفظ کےطور طریقے اپنانے اور اس میں تیز ی لانے کی ترغیب دی۔ یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ کچھ ریاستیں کسانوں کوکم پانی کا استعمال کرنے والی  متبادل فصلیں اگانے کے لیے مراعات دیتی ہیں۔ وزیر اعظم نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ ایک ساتھ آئیں اور ان کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے مشن موڈ میں کام کریں۔ انہوں نے کہا، ’’نئی ٹکنالوجی کے ساتھ ساتھ ہمیں روایتی علم کو فروغ دینا چاہیے، جیسے کھیتوں کے قریب تالاب بنانا اور کنوؤں کو ری چارج کرنا‘‘۔

جناب مودی نے اس بات پر  زور دیا کہ  ’’ایک بہت بڑی آبی معیشت صاف پانی کی دستیابی اور پانی کے تحفظ کی کامیابی سے منسلک ہے‘‘  ۔ اس  کی  مزید وضاحت کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ  جل جیون مشن نے انجینئر، پلمبر، الیکٹریشن اور منیجر جیسے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے ساتھ ساتھ خود کے روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں۔وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ ڈبلیو ایچ او کے اندازے کے مطابق ہر گھر کو پائپ سے پانی فراہم کرنے سے ملک کے شہریوں کے تقریباً 5.5 کروڑ انسانی گھنٹے بچائے جاسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے ہماری بہنوں اور بیٹیوں کے وقت اور کوششوں کو بچانے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں ملک کی معیشت مضبوط ہوگی۔ جناب مودی نے نشاندہی کی کہ صحت بھی پانی کی معیشت کا ایک اہم پہلو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹس کے مطابق جہاں 1.25 لاکھ سے زائد بچوں کی بے وقت اموات کو روکا جا سکتا ہے وہیں جل جیون مشن کے ذریعے ہر سال 4 لاکھ سے زائد لوگوں کو ڈائریا جیسی بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے جس سے بچوں کی اموات میں نمایاں کمی واقع ہو گی اور  بچت بھی ہوسکے گی۔

وزیر اعظم نے پانی کے تحفظ کے ہندوستان کے مشن میں صنعتوں کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور ان کے تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان صنعتوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نیٹ زیرلیکویڈ ڈسچارج  اسٹینڈرڈز اور پانی کی ری سائیکلنگ کے اہداف کو پورا کیا اور پانی کی پائیداری سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف شعبوں کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ بہت سی صنعتوں نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے حصے کے طور پر پانی کے تحفظ کے منصوبے شروع کیے ہیں۔ جناب مودی نے پانی کے تحفظ کے لیے گجرات کے سی ایس آر کے اختراعی استعمال کی تعریف کی اور اسے ایک ریکارڈ قائم کرنے والی کوشش قرار دیا۔ وزیراعظم نے زو ر د ے کر کہا کہ ’’گجرات نے پانی کے تحفظ کے لیے سی ایس آر کا استعمال کرکے ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔ سورت، ولساڈ، ڈانگ، تاپی اور نوساری جیسی جگہوں پر تقریباً 10,000 بورویل ریچارج ڈھانچے مکمل ہوچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات پانی کی کمی کو دور کرنے اور پانی کی قلت والے  علاقوں میں زیر زمین پانی کے وسائل کو ری چارج کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان باہمی تعاون کی کوششوں پر مزید زور دیتے ہوئے، جناب مودی نے اعلان کیا، ’’جل سنچے-جن بھاگیداری ابھیان‘ کے ذریعے، جل شکتی کی وزارت اور گجرات حکومت نے اس طرح کے مزید 24,000 ڈھانچے بنانے کے لیے ایک نیا مشن شروع کیا ہے۔‘‘ انہوں نے اس مہم کو ایک ایسا ماڈل قرار دیا جو دیگر ریاستوں کو مستقبل میں اسی طرح کے اقدامات کرنے کی ترغیب دے گا۔

خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم مودی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہندوستان پانی کے تحفظ میں ایک عالمی تحریک بن جائے گا۔ انہوں نے مشن کی مسلسل کامیابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ‘’مجھے یقین ہے کہ ہم مل کر ہندوستان کو تمام انسانیت کے لیے پانی کے تحفظ کا ایک مینار ہ نور بنائیں گے۔‘‘

اس موقع پردیگر افراد کے  ساتھ ساتھ  گجرات کے وزیراعلی جناب بھوپیندر پٹیل اور جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل ورچوئل طریقے پر  موجود تھے۔

پس منظر

پانی کی حفاظت کے وزیر اعظم کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے، ’’جل سنچے جن بھاگیداری‘‘ پہل کمیونٹی شراکت داری اور ملکیت پر مضبوط زور دیتے ہوئے پانی کو محفوظ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ ہول آف  سوسائٹی اور ہول آف گورنمنٹ کے  نقطہ نظر سے تحریک یافتہ ہے۔ حکومت گجرات کی زیرقیادت جل سنچے پہل کی کامیابی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، جل شکتی کی وزارت، ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر، گجرات میں ’جل سنچے جن بھاگیداری‘ پہل شروع کر رہی ہے۔ حکومت گجرات نے پانی کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے شہریوں، مقامی اداروں، صنعتوں اور دیگر متعلقین کو متحرک کرنے کی کوشش کی ہے۔

اس پروگرام کے تحت، ریاست بھر میں تقریباً 24,800 بارش کے پانی کا ذخیرہ کرنے  والے ڈھانچے کمیونٹی پارٹنرشپ کے ساتھ تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ یہ ریچارج ڈھانچے بارش کے پانی کی ذخیرہ کاری کو بڑھانے اور پانی کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

*****

ش  ح۔م م   ۔ ج

UNO-10621