Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ریلوے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ریلوے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریلوے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اوران کا  سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے نئے جموں ریلوے ڈویژن کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ایسٹ کوسٹ ریلوے کی رایاگڑا ریلوے ڈویژن عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور تلنگانہ میں چرلاپلی نیو ٹرمینل اسٹیشن کا افتتاح کیا۔

شری گرو گوبند سنگھ جی کی جینتی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی تعلیمات اور زندگی ایک مضبوط اور خوشحال قوم کے وژن کو متاثر کرتی ہے۔ کنیکٹوٹی میں بھارت کی تیز رفتار پیشرفت کی تعریف کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ سال 2025 کے آغاز سے، بھارت اپنے میٹرو ریل نیٹ ورک کو 1000 کلومیٹر سے زیادہ تک پھیلانے کے ساتھ ہی اپنے اقدامات کو تیز کر رہا ہے۔ انہوں نے کل دہلی میٹرو پروجیکٹوں کے آغاز ، ساتھ ہی دہلی-این سی آر میں نمو بھارت ٹرین کے حالیہ افتتاح کا ذکر کیا۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ آج کا پروگرام اس حقیقت کا ایک اور ثبوت ہے کہ پورا ملک  ایک ساتھ قدم بہ قدم آگے بڑھ رہا ہے اور جموں و کشمیر، اڈیشہ اور تلنگانہ میں شروع کیے گئے پروجیکٹ اِن شمالی، مشرقی اور جنوبی خطوں کے لیے جدید رابطوں میں ایک بڑی پیش رفت ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کا منتر ترقی یافتہ بھارت کے وژن کو حقیقت بنانے میں مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے ان پیش رفتوں پر ان ریاستوں کے لوگوں اور بھارت کے تمام شہریوں کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں مال برداری کے لیے وقف راہداری جیسے جدید ریل نیٹ ورکس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان خصوصی کوریڈور سےریگولر ٹریکس پر دباؤ کو کم ہوجائے  گا اور تیز رفتار ٹرینوں کے لیے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ ریلوے میڈ اِن انڈیا کے فروغ کے ساتھ ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو اور ریلوے کے لیے جدید کوچز تیار کیے جا رہے ہیں۔ اسٹیشنوں از سرنو تعمیر کی جارہی ہے، اسٹیشنوں پر شمسی پینل لگائے جا رہے ہیں اور ریلوے اسٹیشنوں پر ‘ایک اسٹیشن، ایک پروڈکٹ’ کے اسٹال لگائے جا رہے ہیں۔ ان تمام اقدامات سے ریلوے کے شعبے میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ’’پچھلی دہائی کے دوران، لاکھوں نوجوانوں نے ریلوے میں مستقل سرکاری ملازمتیں حاصل کی ہیں۔ نئی ٹرین کے ڈبے تیار کرنے والے کارخانوں میں خام مال کی مانگ سے دوسرے شعبوں میں بھی ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہوتے ہیں‘‘۔

وزیراعظم نے اس کا ذکر کیا کہ ریلوے سے متعلق خصوصی مہارتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی پہلی گتی شکتی یونیورسٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ جیسے جیسے ریلوے نیٹ ورک پھیل رہا ہے، نئے ڈویژن اور ہیڈکوارٹر قائم کیے جا رہے ہیں، جس سے جموں، کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب اور لیہہ-لداخ جیسے خطوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لائن کے ساتھ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے میں نئے سنگ میل طے ہورہےہیں جس پر آج پورے ملک میں گفتگو ہو رہی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ چنیاب پل کی تکمیل، جو دنیا کا سب سے اونچا ریلوے محرابی پل ہے، لیہہ-لداخ کے لوگوں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے خطے کو باقی بھارت سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

جناب مودی نےکہاکہ انجی کھڈ پل، جو ملک کا پہلا کیبل پر مبنی ریلوے پل ہے، بھی اس پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیناب پل اور انجی کھڈ پل انجینئرنگ کی بے نظیر مثالیں ہیں جو خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیتے ہیں۔

وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اوڈیشہ میں بے شمار قدرتی وسائل اور ایک وسیع ساحلی پٹی ہے اور یہ ریاست بین الاقوامی تجارت کے لیے قابل قدر امکانات کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 70,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے ریلوے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، ساتھ ہی سات گتی شکتی مال برداری ٹرمینلز کے قیام سے تجارت اور صنعت کو فروغ مل رہا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ آج اوڈیشہ میں رائاگڑا ریلوے ڈویژن کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، جس سے ریاست کا ریلوے انفراسٹرکچر مضبوط ہوگا جس سے اوڈیشہ خاص طور پر جنوبی اوڈیشہ میں سیاحت، کاروبار اور روزگار کو فروغ ملے گا، جہاں قبائلی خاندانوں کی تعداد زیادہ ہے۔

آج تلنگانہ میں چرلاپلی نیو ٹرمینل اسٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس اسٹیشن کے بیرونی رنگ روڈ سے منسلک ہو کر علاقائی ترقی کو تیز کرنے کی اس کی صلاحیت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ’’ بیرونی رنگ روڈ سے منسلک اس اسٹیشن سے،خطے میں ترقی کو نمایاں طور پر فروغ ملے گا۔‘‘ جناب مودی نے اسٹیشن کی جدید سہولیات بشمول اس کے پلیٹ فارم، لفٹ، ایسکلیٹرز، شمسی توانائی سے ہونے والی کارروائیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، ’’یہ پائیدار بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی سمت میں ایک اور قدم ہے۔‘‘ انہوں نے مزید روشنی ڈالی کہ یہ نیا ٹرمینل سکندرآباد، حیدرآباد اور کاچی گوڑا کے موجودہ اسٹیشنوں پر دباؤ کو کم کرے گا، جس سے لوگوں کے لیے سفر زیادہ آسان ہوگا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے منصوبوں سے نہ صرف گذر بسر میں مزید آسانی ہوتی ہے بلکہ ان سے بھارت کے وسیع تر بنیادی ڈھانچے کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کاروبار کرنے میں آسانی کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔ جناب مودی نے ذکر کیا کہ بھارت اس وقت ایکسپریس ویز، آبی گزرگاہوں اور میٹرو نیٹ ورک سمیت بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر توسیع کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں کی تعداد سال 2014 میں 74 سے بڑھ کر آج 150 سے زائد ہو گئی ہے اور میٹرو خدمات ملک کے 5 شہروں سے بڑھ کر 21 شہروں تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ پروجیکٹس ایک ترقی یافتہ بھارت کی سمت میں ایک بڑے روڈ میپ کا حصہ ہیں، جو اب اس ملک کے ہر شہری کے لیے ایک مشن ہے۔‘‘

بھارت کی ترقی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، ’’مجھے یقین ہے کہ ہم مل جل کر اس ترقی کو مزید تیز کریں گے۔‘‘ انہوں نے بھارت کے شہریوں کو ان سنگ میلوں پر مبارکباد دی اور ملک کی تعمیر کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس تقریب میں ریلوے، اطلاعات و نشریات، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو، مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی، سائنس اور ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، مرکزی وزیر جناب وی سومنا، وزیر مملکت جناب رونیت سنگھ بٹو، مرکزی وزیر بندی سنجے کمار، اوڈیشہ کے گورنر جناب جشنو دیو ورما، تلنگانہ کے گورنر جناب ہری بابو کمبھمپتی، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ جناب عمر عبداللہ، تلنگانہ کے وزیر اعلٰی جناب اے ریونت ریڈی اور اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی کے علاوہ  دیگر معززین موجود تھے۔

پس منظر

خطے میں کنیکٹوٹی کو مزید فروغ دینے کے ایک اہم اقدام میں، وزیر اعظم نے نئے جموں ریلوے ڈویژن کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ایسٹ کوسٹ ریلوے کی رایاگڑا ریلوے ڈویژن بلڈنگ کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور تلنگانہ میں چرلاپلی نیو ٹرمینل اسٹیشن کا افتتاح کیا۔

جموں ریلوے ڈویژن کی تیاری سے، جس میں 742.1کے ایم جوپٹھان کوٹ – جموں – ادھم پور – سری نگر – بارہمولہ، بھوگ پور سروال – پٹھانکوٹ، بٹالہ – پٹھانکوٹ اور پٹھان کوٹ سے جوگندر نگر کے سیکشن پر مشتمل ہے، جموں و کشمیر اور آس پاس کے علاقوں کو کافی فائدہ ہوگا، جس سے یہاں کے لوگوں کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوگی اور بھارت کے دوسرے حصوں سے کنیکٹوٹی بہتر ہوگی۔ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہوگی، سیاحت کو فروغ ملے گا اور مجموعی طور پر خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی ہوگی۔

تلنگانہ کے میدچل-ملکاجگیری ضلع میں چرلاپلی نیو ٹرمینل اسٹیشن کو ایک نئے کوچنگ ٹرمینل کے طور پر تیار کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی تقریباً 413 کروڑ روپے کی لاگت کے ساتھ دوسری داخلے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ ماحولیات کے لیے سازگار ٹرمینل، جس میں مسافروں کے لیے اچھی سہولیات ہیں، شہر کے موجودہ کوچنگ ٹرمینلز جیسے سکندرآباد، حیدرآباد اور کاچی گڑا پر بھیڑ کو کم کرے گا۔

وزیر اعظم نے ایسٹ کوسٹ ریلوے کے رایاگڑا ریلوے ڈویژن کی عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس سے اوڈیشہ، آندھرا پردیش اور اس کے قریبی علاقوں میں کنیکٹوٹی بہتر ہوگی اور مجموعی طور پر خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی ہوگی۔

****

 

U. No. 4903

(ش ح ۔ک ح)