وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ایک پوڈ کاسٹ میں لیکس فریڈمین کے ساتھ مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک بے لاگ بات چیت کے دوران ، جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کیوں اور کیسے اپواس رکھتے ہیں، تو وزیر اعظم نے اپنے احترام کے طور پر لیکس فریڈمین کے ذریعے اپواس رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ جناب مودی نے کہا کہ ہندوستان میں مذہبی روایات کا روزمرہ کی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوازم صرف رسومات کے بارے میں نہیں ہے بلکہ زندگی کی رہنمائی کرنے والا فلسفہ ہے جس کی تشریح معزز سپریم کورٹ آف انڈیا نے کی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اپواس نظم و ضبط پیدا کرنے اور اندرونی اور بیرونی طور پر خود کو متوازن رکھنے کا ذریعہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپواس نفس کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے، انہیں زیادہ حساس اور باشعور بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپواس کے دوران کوئی بھی باریک خوشبو اور تفصیلات کو زیادہ واضح طور پر محسوس کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اپواس سوچنے کے عمل کو تیز کرتا ہے، تازہ نقطہ نظرفراہم کرتا ہے اور الگ سوچنے کی ترغیب دیتا ہے ۔ جناب مودی نے واضح کیا کہ اپواس صرف کھانے سے پرہیز کرنے کا نام نہیں ہے۔ اس میں تیاری اور ڈیٹاکسی فکیشن کا ایک سائنسی عمل شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کئی دن پہلے آیورویدک اور یوگا کے طریقوں پر عمل کرکے اپنے جسم کو اپواس کے لیے تیار کرتے ہیں اور اس دوران ہائیڈریشن کی اہمیت پر زور دیا۔ اپواس شروع ہونے کے بعد، وہ اسے عقیدت اور خود نظم و ضبط کی ایک شکل کے طور پر دیکھتے ہیں، گہرے خود شناسی اور توجہ پر زور دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نے وضاحت کی کہ ان کا اپواس رکھنے کا عمل ذاتی تجربے سے پیدا ہوا، جس کا آغاز ان کے اسکول کے دنوں میں مہاتما گاندھی سے متاثر ایک تحریک سے ہوا تھا۔ انھوں نے اپنے پہلے اپواس کے دوران توانائی اور بیداری میں اضافہ محسوس کیا، جس نے انھیں اس کی تبدیلی کی طاقت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اپواس ان کی سرگرمیوں کو سست نہیں کرتا،اس کے بجائے، یہ اکثر ان کی سرگرم عمل رہنے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپواس کے دوران، ان کے خیالات زیادہ آزادانہ اور تخلیقی طور پر رونما ہوتےہیں، جس سے اپنے آپ کو اظہار کرنا ایک ناقابل یقین تجربہ ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ انہوں نے اپواس کے دوران اور بعض اوقات نو دن تک جاری رہنے کے دوران عالمی سطح پر رہنما کے طور پر اپنا کردار کیسے نبھایا، جناب مودی نے چترماس کی قدیم ہندوستانی روایت پر روشنی ڈالی، جو مانسون کے موسم میں پڑتی ہے، جب ہاضمہ قدرتی طور پر سست ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران بہت سے ہندوستانی دن میں صرف ایک کھانا کھانے کے رواج پر عمل کرتے ہیں۔ ان کے لیے یہ روایت جون کے وسط سے شروع ہوتی ہے اور نومبر میں دیوالی کے بعد چار سے ساڑھے چار ماہ تک جاری رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر یا اکتوبر میں نوراتری تہوار کے دوران جو کہ طاقت، عقیدت اور روحانی نظم و ضبط کا جشن ہے، وہ نو دن تک کھانے پینے سے مکمل پرہیز کرتے ہیں اور صرف گرم پانی پیتے ہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ مارچ یا اپریل میں چیترا نوراتری کے دوران، وہ نو دنوں تک دن میں صرف ایک بار صرف ایک مخصوص پھل کھا کر اپواس کی انوکھی مشق کی پیروی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر وہ پپیتے کا انتخابا کرتے ہیں ، تو وہ پورے اپواس کے دوران صرف پپیتے ہی کھاتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اپواس کے یہ طریقے ان کی زندگی میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور وہ 50 سے 55 سال سے مسلسل ان پر عمل پیرا ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے اپواس کی شکل ابتدائی طور پر نجی تھی اور عوامی طور پر معلوم نہیں تھی۔ لیکن، وزیر اعلی اور وزیر اعظم بننے کے بعد زیادہ وسیع پیمانے پر لوگوں کو اس بارے میں معلوم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں اپنے تجربات کو شیئر کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے کیونکہ وہ دوسروں کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں، دوسروں کی بہتری کے لیے اپنی زندگی کی لگن کے مطابق انہوں نے وائٹ ہاؤس میں سابق امریکی صدر جناب براک اوبامہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران اپنے اپواس کی ایک مثال کابھی اشتراک کیا۔
جب ان کی ابتدائی زندگی کے بارے میں پوچھا گیا تو وزیر اعظم نے شمالی گجرات کے مہسانہ ضلع میں اپنی جائے پیدائش وڈ نگر کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس کی بھرپور تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وڈ نگر بدھ مت کی تعلیم کا ایک بڑا مرکز تھا، جس نے چینی فلسفی ہیوین سانگ جیسی شخصیات کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر 1400 کے آس پاس بدھ مت کے سیکھنے کا ایک بڑا مرکز بھی تھا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان کے گاؤں کا ایک منفرد ماحول ہے، جہاں بدھ، جین اور ہندو روایات ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ رہتے آئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تاریخ صرف کتابوں تک محدود نہیں ہے، کیونکہ وڈ نگر کا ہر پتھر اور دیوار ایک کہانی بیان کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ کے طور پر اپنے دور میں، انہوں نے بڑے پیمانے پر کھدائی کے منصوبے شروع کیے جن سے شہر کے مسلسل وجود کو ثابت کرنے والے 2,800 سال پرانے شواہد سامنے آئے۔ جناب مودی نے کہا کہ ان دریافتوں کی وجہ سے وڈ نگر میں ایک بین الاقوامی سطح کا میوزیم قائم ہوا ہے، جو اب خاص طور پر آثار قدیمہ کے طلباء کے لیے مطالعہ کا ایک بڑا شعبہ ہے۔ انہوں نے تاریخی طور پر ایک اہم مقام پر پیدا ہونے پر اظہار تشکر کیا اور اسے اپنی خوش قسمتی قرار دیا۔ وزیر اعظم نے اپنے بچپن کے کچھ پہلوؤں کا بھی اشتراک کیا، جس میں کھڑکیوں کے بغیر ایک چھوٹے سے گھر میں اپنے خاندان کی زندگی کو بیان کیا، جہاں وہ انتہائی غربت میں پلے بڑھے، لیکن انہوں نے کبھی غربت کا بوجھ محسوس نہیں کیا کیونکہ ان کے پاس موازنہ کرنے کی کوئی بنیاد نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد ایک نظم و ضبط اور محنتی شخص تھے، جو اپنے وقت کی پابندی کے لیے جانے جاتے تھے۔ جناب مودی نے اپنی ماں کی محنت اور دوسروں کی دیکھ بھال کے جذبے کو اجاگر کیا، جس نے ان میں ہمدردی اور خدمت کا جذبہ پیدا کیا۔ انھوں نے یاد کیا کہ کس طرح ان کی ماں صبح سویرے بچوں کو اپنے گھر پر اکٹھا کرتی تھی تاکہ روایتی علاج سے ان کا علاج کیا جا سکے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ ان تجربات نے ان کی زندگی اور اقدار کو تشکیل دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست میں ان کے سفر نے ان کی عاجزانہ شروعات کو روشنی میں لایا، کیونکہ وزیر اعلی کے طور پر ان کی حلف برداری کے دوران میڈیا کوریج نے ان کے پس منظر کو عوام کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی زندگی کے تجربات، چاہے وہ خوش قسمتی کے طور پر دیکھے جائیں یا بد قسمتی کے طور پر، ان طریقوں سے سامنے آئے ہیں جو اب ان کی عوامی زندگی کو متاثر کرتے ہیں۔
جناب مودی نے نوجوانوں کو صبر اور خود پر اعتماد برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔ جب ان سے نوجوانوں کو مشورہ دینے کے لیے کہا گیا تو انھوں نے زور دے کر کہا کہ چیلنجز زندگی کا حصہ ہیں لیکن اس سے کسی کے مقصد کا تعین نہیں کرنا چاہیے۔ جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مشکلات برداشت کا امتحان ہیں، جس کا مقصد افراد کو شکست دینے کے بجائے مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بحران ترقی اور بہتری کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ ریلوے اسٹیشن کے نشانات کی مثال دیتے ہوئے جو پٹریوں کو عبور کرنے کے خلاف انتباہ دیتے ہیں، وزیر اعظم نے کہا، ’’شارٹ کٹ آپ کو شارٹ(چھوٹا) کر دیں گے۔‘‘انہوں نے کامیابی کے حصول میں صبر اور استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہر ذمہ داری کو دل سے ادا کرنے اور سفر میں تکمیل تلاش کرتے ہوئے جذبے کے ساتھ زندگی گزارنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ صرف کثرت ہی کامیابی کی ضمانت نہیں دیتی، کیونکہ وسائل کے حامل لوگوں کو بھی آگے بڑھنا چاہیے اور معاشرے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، وزیر اعظم نے سیکھنے کو کبھی نہ روکنے کی اہمیت پر زور دیا، کیونکہ ذاتی ترقی زندگی بھر ضروری ہے۔ انھوں نے اپنے والد کی چائے کی دکان پر ہونے بات چیت سے سیکھنے کا اپنے تجربے کا اشتراک کیا، جس نے ا نھیں مسلسل سیکھنے اور خود کو بہتر بنانے کی قدر سکھائی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ بڑے اہداف طے کرتے ہیں اور انہیں حاصل نہ کر پانے پر مایوس ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ صرف کچھ ہونے کے بجائے کچھ کرنے پر توجہ مرکوز کریں، کیونکہ یہ ذہنیت مسلسل عزم اور اہداف کی طرف پیش رفت کی اجازت دیتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ حقیقی اطمینان اس چیز سے حاصل ہوتا ہے جو کوئی دیتا ہے، نہ کہ اس سے جو حاصل کرتا ہے، انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ شراکت اور خدمت پر توجہ مرکوز کرنے کی ذہنیت تیار کریں۔
جب ان سے ہمالیہ کے سفر کے بارے میں پوچھا گیا تو جناب مودی نے ایک چھوٹے سے قصبے میں اپنی پرورش کے بارے میں بتایا جہاں کمیونٹی کی زندگی کو مرکزی اہمیت حاصل تھی ۔ وہ اکثر مقامی لائبریری کا دورہ کرتے تھے، جہاں انھیں سوامی وویکانند اور چھترپتی شیواجی مہاراج جیسی شخصیات کے بارے میں کتابوں سے تحریک ملتی تھی۔ ا نھوں نے اپنی زندگی کو اسی طرح ڈھالنے کی خواہش کو متاثر کیا، جیسے کہ اپنی قوت برداشت کو جانچنے کے لیے سرد موسم میں باہر سونا جس کی وجہ سے وہ اپنی جسمانی حدود کے ساتھ تجربہ کر تے رہے، سوامی وویکانند کی تعلیمات کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے، خاص طور پر ایک کہانی جس میں سوامی وویکانند، اپنی بیمار ماں کی مدد کی ضرورت کے باوجود، مراقبہ کے دوران دیوی کالی سے کچھ مانگنے کے لیے خود کو تیار نہیں کر سکے، ایک ایسا تجربہ جس نے وویکانند میں دینے کا جذبہ پیدا کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ انھوں نے ان پر ایک تاثر چھوڑا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حقیقی اطمینان دوسروں کو دینے اور ان کی خدمت کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔ ا نھوں نے ایک واقعہ یاد کیا جب ا نھوں نے خاندانی شادی کے دوران ایک سنت کی دیکھ بھال کرنے کے لیے اس میں شرکت نہ کر نے کا فیصلہ کیا، جو ا ن کے روحانی حصول کی طرف ابتدائی جھکاؤ کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گاؤں میں فوجیوں کو دیکھ کر انہیں ملک کی خدمت کرنے کی تحریک ملی، لیکن اس وقت ان کے پاس کوئی واضح راستہ نہیں تھا۔ وزیر اعظم نے زندگی کے معنی کو سمجھنے کی اپنی گہری خواہش اور اسے تلاش کرنے کے اپنے سفر کا ذکر کیا۔ انہوں نے سوامی آتمسٹھانند جی جیسے سنتوں کے ساتھ اپنی وابستگی پر روشنی ڈالی، جنہوں نے انہیں سماج کی خدمت کی اہمیت کے بارے میں رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ مشن میں اپنے وقت کے دوران، انہوں نے قابل ذکر سنتوں سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں اپنی محبت اور آشیروادسے نوازا۔ جناب مودی نے ہمالیہ میں اپنے تجربات کے بارے میں بھی بات کی، جہاں تنہائی اور سنیاسیوں کے ساتھ ملاقاتوں نے انہیں تشکیل دینے اور ان کی اندرونی طاقت کو دریافت کرنے میں مدد کی۔ انہوں نے اپنی ذاتی ترقی میں مراقبہ، خدمت اور عقیدت کے کردار پر زور دیا۔
رام کرشن مشن میں سوامی آتمسٹھانند جی کے ساتھ اپنے تجربے کا اشتراک کرتے ہوئے، جس نے انہیں ہر سطح پر خدمت کی زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا، جناب مودی نے کہا کہ اگرچہ دوسرے انہیں وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کے طور پر دیکھتے ہیں، وہ روحانی اصولوں پر پوری طرح پابند ہیں۔ انھوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان کا اندرونی استحکام دوسروں کی خدمت کرنے میں مضمر ہے، چاہے وہ بچوں کی دیکھ بھال میں ا ن کی ماں کی مدد ، ہمالیہ میں بھٹکناہو، یا اپنی موجودہ ذمہ داری سے کام کر نا ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے لیے ایک سنت اور رہنما میں کوئی حقیقی فرق نہیں ہے، کیونکہ دونوں کردار ایک ہی حقیقی اقدار سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اگرچہ ہم لباس اور کام جیسے بیرونی پہلوؤں کو تبدیل کر سکتے ہیں، لیکن خدمت کے لیے ہماری لگن برقرار ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ ہر ذمہ داری کو اسی سکون، ارتکاز اور لگن کے ساتھ نبھاتے ہیں۔
اپنی ابتدائی زندگی پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے اثر ات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے حب الوطنی کے گانوں کے لیے اپنے بچپن کی دلچسپی کا تذکرہ کیا، خاص طور پر ان گانوں کو جو مکوشی نامی شخص نے گایا تھا، جو ڈفلی لے کر ان کے گاؤں آیا کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان گانوں نے انہیں گہرا متاثر کیا اور آخر کار آر ایس ایس میں شامل ہونے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آر ایس ایس نے ان میں حقیقی قدریں ڈالی ہیں جیسے کہ ہر کام کو بامقصد طریقے سے کرنا، خواہ وہ پڑھائی ہو یا ورزش، ملک کے لیے اپنا تعاون دینا ۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ لوگوں کی خدمت کرنا خدا کی خدمت کے مترادف ہے، کہا کہ آر ایس ایس زندگی میں مقصد کی طرف ایک واضح سمت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اپنی 100 ویں سالگرہ کے قریب ہے اور دنیا بھر میں لاکھوں ارکان کے ساتھ ایک بہت بڑی رضاکارانہ تنظیم ہے۔ آر ایس ایس سے متاثر مختلف اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے، جیسے سیوا بھارتی، جو کہ سرکاری مدد کے بغیر جھگی جھونپڑی اور کچی آبادیوں میں 1,25,000 سے زیادہ خدمت کے منصوبے چلاتی ہے، جناب مودی نے ون واسی کلیان آشرم کا بھی ذکر کیا، جس نے قبائلی علاقوں میں 70,000 سے زیادہ ایک استاد والے اسکول قائم کیے ہیں، اور ودیا بھارتی، جو تقریباً 25000 سے زائد اسکول چلاتے ہیں جن میں 30 لاکھ سے زیادہ طلباء زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آر ایس ایس تعلیم اور اقدار کو ترجیح دیتا ہے، اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ طلباء معاشرے پر بوجھ بننے سے بچنے کے لیے اپنی بنیاد رکھیں اور ہنر سیکھیں۔ انہوں نے بھارتیہ مزدور سنگھ پر روشنی ڈالی، جس کے پورے ملک میں لاکھوں ارکان ہیں، جو روایتی مزدور تحریکوں کے برعکس “دنیا کے مزدوروں کو متحد کرنے” پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک منفرد انداز اپناتا ہے۔ وزیر اعظم نے آر ایس ایس سے سیکھی ہوئی اقدار اور مقصد اور سوامی آتمشٹھانند جیسے سنتوں سے حاصل کردہ روحانی رہنمائی کے لیے اظہار تشکر کیا۔
ہندوستان کے موضوع پر جناب مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ثقافتی شناخت اور تہذیب ہے جو ہزاروں سال پرانی ہے۔ 100 سے زیادہ زبانوں اور ہزاروں بولیوں کے ساتھ ہندوستان کی وسعت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کہاوت پر زور دیتے ہوئے کہ ہر 20 میل کے بعد زبان، رسم و رواج، پکوان اور لباس کا انداز بدل جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ اتنے تنوع کے باوجود ایک مشترکہ دھاگہ ہے جو ملک کو متحد کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے بھگوان رام کی کہانیوں پر روشنی ڈالی، جو پورے ہندوستان میں گونجتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح بھگوان رام سے متاثر نام ہر علاقے میں پائے جاتے ہیں، گجرات کے رام بھائی سے لے کر تامل ناڈو میں رام چندرن اور مہاراشٹر میں رام بھاؤ تک۔ انہوں نے کہا کہ یہ منفرد ثقافتی بندھن ہندوستان کو ایک تہذیب کے طور پر باندھتا ہے۔جناب مودی نے اسنان کے دوران ہندوستان کے تمام دریاؤں کو یاد کرنے کی روایت پر زور دیا، جب لوگ گنگا، جمنا، گوداوری، سرسوتی، نرمدا، سندھو اور کاویری جیسی ندیوں کے ناموں کا جاپ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کا یہ جذبہ ہندوستانی روایات میں گہرائی سے پیوست ہے اور اس کی عکاسی اہم تقریبات اور رسومات کے دوران کی جانے والی قراردادوں سے ہوتی ہے جو تاریخی ریکارڈ کے طور پر بھی کام کرتی ہیں۔ جمبودیپ سے کل دیوتا تک کی تقریبات میں کائنات کو پکارنے جیسے طریقوں میں ہندوستانی گرنتھوں کی رہنمائی پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ مشقیں اب بھی زندہ ہیں اور ہندوستان بھر میں روزانہ مشاہدہ کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں مغربی اور عالمی ماڈل اقوام کو انتظامی نظام کے طور پر دیکھتا ہے، ہندوستان کا اتحاد اس کے ثقافتی بندھنوں میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پوری تاریخ میں مختلف انتظامی نظام رہے ہیں، لیکن ثقافتی روایات کے ذریعے اس کی وحدت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ جناب مودی نے شنکراچاریہ کی طرف سے چار تیرتھ استھلوں کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان کے اتحاد کو برقرار رکھنے میں تیرتھ یاترا کی روایات کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی لاکھوں لوگ تیرتھ یاترا کے لیے سفر کرتے ہیں، جیسے رامیشورم سے کاشی اور کاشی سے رامیشورم تک پانی لانا۔ انہوں نے ہندوستان کے ہندو کیلنڈر کی فراوانی کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی، جو ملک کی متنوع روایات کی عکاسی کرتا ہے۔
مہاتما گاندھی کی میراث اور ہندوستان کی جدوجہد آزادی پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ گجرات میں پیدا ہوئے تھے اور مہاتما گاندھی کی طرح ان کی مادری زبان گجراتی تھی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بیرون ملک وکیل کے طور پر کام کرنے کا موقع ملنے کے باوجود، گاندھی جی نے فرض شناسی کے گہرے احساس اور خاندانی اقدار کی وجہ سے اپنی زندگی ہندوستان کے لوگوں کی خدمت کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ گاندھی جی کے اصول اور کام آج بھی ہر ہندوستانی کو ترغیب دیتے ہیں۔ صفائی ستھرائی کے لیے گاندھی جی کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ انھوں نے خود اس پر عمل کیا اور اسے اپنی گفتگو کا اہم موضوع بنایا۔جناب مودی نے ہندوستان کی آزادی کی طویل جدوجہد کے بارے میں بات کی، جس کے دوران صدیوں کی نوآبادیاتی حکمرانی کے باوجود آزادی کا شعلہ پورے ملک میں جلتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور شہادتیں دیں۔جناب مودی نے کہا کہ جہاں بہت سے مجاہدین آزادی نے دیرپا اثر ڈالا، یہ مہاتما گاندھی ہی تھے جنہوں نے سچائی پر مبنی عوامی تحریک کی قیادت کرکے ملک کو جگایا۔ انہوں نے گاندھی کی جدوجہد آزادی میں جھاڑو دینے والوں سے لے کر اساتذہ، کتائی کرنے والے سے لے کر دیکھ بھال کرنے والوں تک سب کو شامل کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے عام شہریوں کو آزادی کے مجاہدین میں تبدیل کیا، ایک بڑی تحریک پیدا کی جسے انگریز پوری طرح سے سمجھ نہیں سکے۔ انہوں نے ڈانڈی مارچ کی اہمیت پر روشنی ڈالی جہاں ایک چٹکی بھر نمک انقلاب کا باعث بنا۔ وزیر اعظم نے ایک گول میز کانفرنس کا ایک واقعہ شیئر کیا جہاں گاندھی جی نے، کم لباس پہنے، بکنگھم پیلس میں کنگ جارج سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس دلچسپ تبصرے کے ساتھ گاندھی کے دلچسپ مکالمے کواجاگر کیا، ’’آپ کے بادشاہ نے ہم دونوں کے کپڑے پہن لیے ہیں ‘‘، جو ان کی شاندار شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔ جناب مودی نے گاندھی جی کے اتحاد اور عوام کی طاقت کو تسلیم کرنے کے مطالبے پر غور کیا، جو آج بھی گونج رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر مکمل انحصار کرنے کی بجائے ہر اقدام میں عام آدمی کو شامل کرنے اور سماجی تبدیلی کو فروغ دینے کے اپنے عزم پر زور دیا۔
جناب مودی نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی وراثت صدیوں سے چلی آرہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کی معنویت آج بھی برقرار ہے۔ اپنی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ان کی طاقت ان کے نام میں نہیں بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں اور ہزاروں سال کی لازوال ثقافت اور ورثے کی حمایت میں پنہاں ہے۔ انہوں نے عاجزی سے کہا کہ ’’جب میں کسی عالمی لیڈر سے مصافحہ کرتا ہوں تو وہ مودی نہیں بلکہ 140 کروڑ ہندوستانی ایسا کررہے ہوتے ہیں۔‘‘ 2013 میں جب انہیں اپنی پارٹی کا وزارت عظمیٰ کا امیدوار قرار دیا گیا تو ان پر ہونے والی وسیع تنقید کو یاد کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ناقدین نے ان کی خارجہ پالیسی اور عالمی جغرافیائی سیاست کی سمجھ پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے اس وقت جواب دیا، “ہندوستان خود کو کبھی کم نہیں ہونے دے گا اور نہ ہی کبھی کسی کو بڑا مانے گا ۔ ہندوستان اب اپنے ہم منصبوں کے ساتھ آنکھ ملا کر دیکھے گا۔” انہوں نے کہا کہ یہ نقطہ نظر ان کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک ہمیشہ پہلے آتا ہے۔ وزیر اعظم نے عالمی امن اور بھائی چارے کے لیے ہندوستان کی طویل مدتی وکالت کو اجاگر کیا، جس کی بنیاد دنیا کو ایک خاندان کے طور پر ماننے کے وژن پر ہے۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی کے لیے “ایک سورج، ایک دنیا، ایک گرڈ” اور عالمی صحت کی دیکھ بھال کے لیے “ایک زمین، ایک صحت” کے تصور، جو تمام نباتات اور حیوانات تک پھیلا ہوا ہے، جیسے عالمی اقدامات میں ہندوستان کے تعاون پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے عالمی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور عالمی برادری سے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ “ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل” کے نعرے کے ساتھ G-20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے والے ہندوستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے، جناب مودی نے اپنی لازوال حکمت کو دنیا کے ساتھ بانٹنے کے ہندوستان کے فرض پر زور دیا۔ آج کی دنیا کی باہم جڑی ہوئی نوعیت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’کوئی بھی ملک اکیلے طور پر پنپ نہیں سکتا ہم سب ایک دوسرے پر منحصر ہیں۔ ‘‘ انہوں نے عالمی اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ جیسی عالمی تنظیموں کی معنویت کے بارے میں بھی بات کی، یہ تذکرہ کرتے ہوئے کہ وقت کے ساتھ ان کی پیش رفت میں ناکامی نے ان کی مؤثریت پر عالمی سطح پر بحث چھیڑ دی ہے۔
یوکرین میں امن کے راستے پر بات کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ وہ بھگوان بدھ اور مہاتما گاندھی جیسی عظیم شخصیات کی سرزمین کی نمائندگی کرتے ہیں، جن کی تعلیمات اور کام مکمل طور پر امن کے لیے وقف تھے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کا مضبوط ثقافتی اور تاریخی پس منظر اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ جب ہندوستان امن کی بات کرتا ہے تو دنیا سنتی ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ ہندوستانیوں کے پاس تنازعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، بلکہ وہ ہم آہنگی کی حمایت کرتے ہیں، امن کے لیے کھڑے ہوتے ہیں اور جہاں بھی ممکن ہو قیام امن کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ وزیراعظم نے روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر پوتن سے بات کر کے اس بات پر زور دے سکتے ہیں کہ یہ جنگ کا وقت نہیں ہے اور صدر زیلنسکی کو بھی بتا سکتے ہیں کہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے نہ کہ میدان جنگ میں۔ انہوں نے کہا کہ نتیجہ خیز ہونے کے لیے بات چیت میں دونوں فریقوں کو شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال یوکرین اور روس کے درمیان بامعنی بات چیت کا موقع فراہم کرتی ہے۔ گلوبل ساؤتھ پر اس کے اثرات سمیت تنازعات کی وجہ سے پیدا ہونے والے مصائب کو اجاگر کرتے ہوئے، جس نے خوراک، ایندھن اور کھاد کے بحرانوں کا سامنا کیا ہے، وزیر اعظم نے عالمی برادری سے امن کے حصول میں متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ میں غیر جانبدار نہیں ہوں، میرا ایک موقف ہے اور وہ امن ہے اور امن وہ ہے جس کے لیے میں کوشش کرتا ہوں۔
ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات کے موضوع پر بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے 1947 میں ہندوستان کی تقسیم کی دردناک حقیقت کو چھوا اور اس کے بعد ہونے والے مصائب اور خونریزی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زخمیوں اور لاشوں سے بھری پاکستان سے آنے والی ٹرینوں کا المناک منظر بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن بقائے باہمی کی امیدوں کے باوجود پاکستان نے دشمنی کا راستہ اختیار کیا اور بھارت کے خلاف پراکسی جنگ چھیڑ دی۔ وزیر اعظم نے اس نظریے پر سوال اٹھایا جو خونریزی اور دہشت گردی پر پروان چڑھتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے لیے لعنت ہے۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ دہشت گردی کا راستہ اکثر پاکستان کی طرف جاتا ہے، انہوں نے اسامہ بن لادن کی مثال دی، جو وہاں پناہ لیے ہوئے پا یا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدامنی کا مرکز بن چکا ہے اور اس پر زور دیا کہ وہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو ترک کرے۔ انہوں نے پوچھا کہ آپ اپنے ملک کو انتشار پھیلانے والی قوتوں کے حوالے کر کے کیا حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں؟ جناب مودی نے امن کو فروغ دینے کے لیے اپنی ذاتی کوششوں کا اشتراک کیا، جس میں ان کا دورہ لاہور اور بطور وزیر اعظم ان کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کو دی گئی دعوت شامل تھی۔ انہوں نے اس سفارتی اقدام کو امن اور ہم آہنگی کے تئیں ہندوستان کی وابستگی کا ثبوت قرار دیا، جیسا کہ سابق صدر آنجہانی جناب پرنب مکھرجی کی یادداشتوں میں ذکر کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کا جواب دشمنی اور دھوکہ دہی سے ملا۔
کھیلوں کی متحد طاقت پر زور دیتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ وہ لوگوں کو گہری سطح پر جوڑتے ہیں اور دنیا کو متحرک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’کھیل انسانی ارتقا میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ صرف کھیل نہیں ہیں؛ یہ قوموں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ کھیلوں کی تکنیک کے ماہر نہیں ہیں، لیکن نتائج اکثر خود ہی بولتے ہیں، جیسا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کرکٹ میچ میں دیکھا گیا۔ وزیر اعظم نے ہندوستان کی مضبوط فٹ بال ثقافت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے خواتین کی فٹ بال ٹیم کی شاندار کارکردگی اور مردوں کی ٹیم کی پیش رفت کا ذکر کیا۔ ماضی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1980 کی دہائی کی نسل کے لیے میراڈونا ایک حقیقی ہیرو تھے جب کہ آج کی نسل فوراً میسی کا ذکر کرتی ہے۔ جناب مودی نے مدھیہ پردیش کے ایک قبائلی ضلع شہڈول کے ایک یادگار دورے کا اشتراک کیا، جہاں انہوں نے فٹ بال کے لیے گہری وابستگی رکھنے والی کمیونٹی سے ملاقات کی۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کو یاد کیا جو فخر سے اپنے گاؤں کو ’’منی برازیل‘‘ کہتے ہیں، یہ نام فٹ بال کی چار نسلوں کی روایت اور تقریباً 80 قومی سطح کے کھلاڑیوں کے ذریعے کمایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سالانہ فٹ بال میچ میں قریبی گاؤں سے 20,000 سے 25,000 شائقین آتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان میں فٹ بال کے لئے بڑھتے ہوئے جوش و جذبے کے بارے میں امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف جوش میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ حقیقی ٹیم جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔
جب ان سے امریکہ کے صدر جناب ڈونالڈ ٹرمپ کے بارے میں پوچھا گیا تو وزیر اعظم نے ہیوسٹن میں منعقدہ ’’ہاؤڈی مودی‘‘ ریلی کی یادگار تقریب کو یاد کیا، جہاں انہوں نے اور صدر ٹرمپ نے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے مودی کی تقریر کے دوران سامعین میں بیٹھنے اور بعد میں باہمی اعتماد اور مضبوط بندھن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ اسٹیڈیم میں چہل قدمی کرنے پر راضی ہونے میں صدر ٹرمپ کی عاجزی کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی ہمت اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو اجاگر کیا، مہم کے دوران گولی لگنے کے بعد بھی ان کی پائیداریت کو یاد کیا۔ جناب مودی نے وائٹ ہاؤس کے اپنے پہلے دورے کی عکاسی کی، جہاں صدر ٹرمپ نے رسمی پروٹوکول توڑا اور ذاتی طور پر ان کا استقبال کیا۔ انھوں نے امریکی تاریخ کے لیے ٹرمپ کے گہرے احترام کا ذکر کیا، کیونکہ انھوں نے ماضی کے صدور کے بارے میں تفصیلات اور اہم لمحات کو بغیر کسی نوٹ یا مدد کے شیئر کیا۔ انہوں نے ان کے درمیان مضبوط اعتماد اور رابطے پر زور دیا، جو صدارتی دفتر سے ٹرمپ کی غیر موجودگی کے دوران بھی اٹل رہا۔ صدر ٹرمپ کی فراخدلی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم مذاکرات کار قرار دیتے ہوئے، اسے ٹرمپ کی عاجزی سے منسوب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا مذاکراتی انداز ہمیشہ ہندوستان کے مفادات کو ترجیح دیتا ہے، کسی کو نقصان پہنچائے بغیر مثبت انداز میں وکالت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی قوم ان کی سپریم کمانڈ ہے، اور وہ ہندوستان کے لوگوں کی طرف سے انہیں سونپی گئی ذمہ داری کا احترام کرتے ہیں۔ اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران ایلون مسک، تلسی گبارڈ، وویک رامسوامی اور جے ڈی وینس جیسے لوگوں کے ساتھ اپنی کامیاب ملاقاتوں کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب مودی نے گرمجوشی، گھریلو جیسے ماحول کی بات کی اور ایلون مسک کے ساتھ اپنی طویل رفاقت کا اشتراک کیا۔ انہوں نے ڈی او جی ای مشن کے بارے میں مسک کے جوش و خروش پر خوشی کا اظہار کیا اور 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے حکمرانی میں ناکامیوں اور نقصان دہ طریقوں کو ختم کرنے کے لیے اپنی کوششوں کے ساتھ مماثلت پیدا کی۔ وزیر اعظم نے حکمرانی کی اصلاحات کی مثالوں کا اشتراک کیا جن میں فلاحی اسکیموں سے 10 کروڑ جعلی یا ڈپلیکیٹ ناموں کو ہٹانا بھی شامل ہے جس سے بڑی رقم کی بچت ہوئی۔ انہوں نے شفافیت کو یقینی بنانے اور درمیانی افراد کو ختم کرنے کے لیے مستفیدین کوبراہ راست رقم کی منتقلی کو متعارف کرایا، جس سے تقریباً 3 لاکھ کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ انہوں نے سرکاری خریداری، لاگت کو کم کرنے اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے جی ای ایم پورٹل بھی شروع کیا۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے 40,000 غیر ضروری تعمیل کو ختم کیا اور حکمرانی کو ہموار کرنے کے لیے 1,500 قدیم قوانین کو ہٹایا۔ انہوں نے کہا کہ ان جرات مندانہ تبدیلیوں نے ہندوستان کو عالمی بحث کا موضوع بنا دیا ہے، بالکل اسی طرح جیسے ڈی او جی ای جیسے اختراعی مشن دنیا بھر کی توجہ مبذول کراتے ہیں۔
ہندوستان اور چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے بارے میں دریافت کئے جانے پر وزیر اعظم نے ایک دوسرے سے سیکھنے اور عالمی بھلائی میں شراکت کی اپنی مشترکہ تاریخ پر زور دیتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایک وقت میں ہندوستان اور چین نے مل کر دنیا کی جی ڈی پی میں50 فیصد سے زیادہ کا تعاون کیا تھا، جو ان کی بے پناہ شراکت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے چین میں بدھ مت کے گہرےاثر اور مضبوط ثقافتی تعلقات کا ذکر کیا ، جس کی ابتدا ہندوستان میں ہوئی تھی۔ جناب مودی نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو برقرار رکھنے اور مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پڑوسیوں کے درمیان اختلافات فطری ہیں لیکن ان اختلافات کو تنازعات میں تبدیل ہونے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت ایک مستحکم اور تعاون پر مبنی تعلقات کی کلید ہے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوتا ہے۔ جاری سرحدی تنازعات کا تذکرہ کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے 2020 میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو تسلیم کیا لیکن کہا کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ ان کی حالیہ ملاقات سے سرحد پر حالات معمول پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے حالات کو 2020 سے پہلے کی سطح پر بحال کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ اعتماد، جوش اور توانائی بتدریج واپس آئے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان اور چین کے درمیان تعاون عالمی استحکام اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے تنازعات کے بجائے صحت مند مسابقت کی وکالت کی۔
عالمی تناؤ پر، وزیر اعظم نے کوویڈ 19 سے ملے سبق پر غور کیا، جس نے ہر ملک کی حدود کو اجاگر کیا ہے اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کی طرف بڑھنے کے بجائے، دنیا مزید بکھر گئی ہے، جس سے غیر یقینی صورتحال اور تنازعات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اصلاحات کے فقدان اور بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے اقوام متحدہ جیسی بین الاقوامی تنظیموں کی غیر متعلقہ ہونے پر روشنی ڈالی۔ جناب مودی نے تنازعات سے تعاون کی طرف تبدیلی پر زور دیا اور ترقی پر مبنی نقطہ نظر کو آگے بڑھنے کا راستہ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ توسیع پسندی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی اور ایک دوسرے پر منحصر دنیا میں کام نہیں کرے گی۔ انہوں نے ممالک کو ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جاری تنازعات پر عالمی فورمز کی جانب سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن کی بحالی کی امید ظاہر کی۔
2002 کے گجرات فسادات کے تعلق سے بات کرتے ہوئے جناب مودی نے اس کے لئے پہلے سے ہی غیر مستحکم ماحول کا تفصیلی ب ذکر کیا۔ جس میں قندھار ہائی جیکنگ، لال قلعہ پر حملہ اور 9/11 کے دہشت گردانہ حملوں سمیت عالمی اور قومی بحرانوں کے تسلسل پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کشیدہ ماحول اور نئے منتخب وزیر اعلیٰ کے طور پر درپیش چیلنجوں پر تبصرہ کیا، جس میں تباہ کن زلزلہ کے بعد بحالی کے کاموں کی نگرانی اور گودھرا کے المناک واقعہ کے بعد کا انتظام کرنا شامل تھا۔ 2002 کے فسادات کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گجرات میں ان کے دور اقتدار سے پہلے فرقہ وارانہ تشدد کی ایک طویل تاریخ رہی ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عدلیہ نے اس کیس کی مکمل چھان بین کی اور اسے مکمل طور پر بے قصور پایا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ گجرات 2002 کے بعد سے 22 سالوں سے پرامن رہا ہے۔اس کی بڑی وجہ سب کے لیے ترقی اور سب کے اعتماد پر مرکوز حکمرانی کا نقطہ ٔ نظر ہے۔ تنقید کے بارے میں بات کرتے ہوئے، مسٹر مودی نے کہا، ‘‘تنقید جمہوریت کی روح ہے’’۔ حقیقی اور صحت مند تنقید کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جو ان کے خیال میں بہتر پالیسی سازی کا باعث بنتی ہے۔ تاہم انہوں نے بے بنیاد الزامات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ تعمیری تنقید سے دور ہیں۔ انہوں نے کہا،‘‘الزامات سے کسی کو فائدہ نہیں ہوتا،یہ صرف غیر ضروری تنازعہ کا باعث بنتے ہیں۔’’ صحافت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے متوازن نقطہ نظر کی وکالت کی۔ انہوں نے ایک مشابہت کو یاد کیا جو انہوں نے ایک بار شیئر کیا تھا، جس میں صحافت کا موازنہ شہد کی مکھی سے کیا گیا تھا جو امرت جمع کرتی ہے اور مٹھاس پھیلاتی ہے، لیکن ضرورت پڑنے پر زبر دست ڈنک بھی مارسکتی ہے۔ انہوں نے اپنی تشبیہات کی چنیدہ تشریحات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے صحافت کو سنسنی خیزی کے بجائے سچائی اور تعمیری اثرات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
سیاست میں اپنے وسیع تجربے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، تنظیمی کام، انتخابی انتظام اور مہم کی حکمت عملی پر اپنی ابتدائی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ 24 سالوں سے گجرات اور ہندوستان کے عوام نے ان پر بھروسہ کیا ہے، اور وہ اس مقدس فرض کو غیر متزلزل لگن کے ساتھ انجام دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ذات پات، مسلک، عقیدہ، دولت یا نظریے کی بنیاد پر بلا تفریق فلاحی اسکیموں کو ہر شہری تک پہنچانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کو فروغ دینا ان کے گورننس ماڈل کی بنیاد ہے۔ جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ وہ لوگ بھی جو اسکیموں سے براہ راست فائدہ نہیں اٹھاتے ہیں اس میں شامل محسوس کرتے ہیں اور مستقبل کے مواقع کے تعلق سے حکومت سے پراعتماد ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ‘‘ہماری حکمرانی عوام میں پوشیدہ ہے، نہ کہ انتخابات میں اور شہریوں اور قوم کی بھلائی کے لیے وقف ہے۔’’ جناب مودی نے قوم اور ملک کے لوگوں کو بھگوان کے مظہر کے طور پر عزت دینے کے اپنے وژن کا اشتراک کرتے ہوئے ، اپنے کردار کا موازنہ لوگوں کی خدمت کرنے والے پجاری سے کیا ۔ انہوں نے مفادات کے تصادم کی کمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی دوست یا رشتہ دار نہیں ہے جو ان کے عہدے سے فائدہ اٹھا سکے، جو عام آدمی کی آواز ہے اور اس میں اعتماد پیدا کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت سے وابستہ ہونے پر فخر کا اظہار کیا،انہوں نے اس کاسبب لاکھوں رضاکاروں کی انتھک کوششوں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اس کے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف ان رضاکاروں کی سیاست میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں ہے اور وہ اپنی بے لوث خدمات کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان کی پارٹی پر یہ اعتماد انتخابی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے، جسے وہ عوام کے احسانات سے منسوب کرتے ہیں۔
ہندوستان میں انتخابات کے انعقاد کے ناقابل یقین نظام کے بارے میں بات کرتے ہوئے 2024 کے عام انتخابات کی مثال دیتے ہوئے جناب مودی نے نشاندہی کی کہ 98 کروڑ رجسٹرڈ ووٹر ہیں، جو کہ شمالی امریکہ اور یورپی یونین کی مشترکہ آبادی سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے 64.6 کروڑ ووٹروں نے شدید گرمی کے باوجودگھروں سے نکل کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 10 لاکھ سے زیادہ پولنگ اسٹیشن اور 2500 سے زیادہ رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہیں، جو اس کی جمہوریت کے پیمانے کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دور دراز دیہاتوں میں بھی پولنگ اسٹیشن موجود ہیں جہاں ووٹنگ مشینوں کو ناقابل رسائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعددکہانیاں سنائیں۔ جیسے کہ گجرات کے گیر جنگل میں ایک ووٹر کے لیے پولنگ بوتھ قائم کیا گیا، جو جمہوریت کے تئیں ہندوستان کی وابستگی کو واضح کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں عالمی معیار قائم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی انتخابات کے انتظام کا دنیا بھر کی اعلیٰ یونیورسٹیوںمیں کیس اسٹڈی کے طور پر مطالعہ کیا جانا چاہئے کیونکہ اس میں سیاسی بیداری اور منطقی مہارت کی بے پناہ گہرائی شامل ہے۔
اپنی قیادت پر غور کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ وہ اپنی شناخت ایک وزیر اعظم کے بجائے ایک ‘‘پردھان سیوک’’کے طور پر کرتے ہیں اور خدمت ان کے کام کی اخلاقیات کا رہنما اصول ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی توجہ پیداواریت اور لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے پر مرکوزہے نہ کہ اقتدار کے حصول پر۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں اقتدار میں رہنے نہیں بلکہ خدمت کرنے آیا ہوں۔
تنہائی کے تصور کے تعلق سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کبھی اس کا تجربہ نہیں کرتے کیونکہ وہ ‘‘ایک پلس ایک’’ کے فلسفے پر یقین رکھتے ہیں، جو خود اور بھگوان کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور اس کے عوام کی خدمت کرنابھگوان کی خدمت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبائی مرض کے دوران وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گورننس ماڈل تیار کرتے ہوئے اور 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے پارٹی رضاکاروں سے ذاتی طور پر منسلک ہوئے، ان کی خیریت دریافت کرتے رہے اور پرانی یادیں تازہ کرتے رہے۔
سخت محنت کا راز پوچھے جانے پر جناب مودی نے کہا کہ انہیں اپنے اردگرد کے لوگوں کی محنت کو دیکھ کر ترغیب ملتی ہے، جن میں کسان، فوجی، مزدور اور مائیں شامل ہیں جو اپنے خاندان اور برادری کے لیے انتھک محنت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘میں کیسے سو سکتا ہوں؟ میں کیسے آرام کروں؟ سبق میری آنکھوں کے سامنے ہے۔’’ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ساتھی شہریوں کی طرف سے انہیں سونپی گئی ذمہ داریاں انہیں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے اپنی 2014 کی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کو یاد کیا: ملک کے لیے محنت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹنا، کبھی برے ارادوں سے کام نہیں لینا اور ذاتی فائدے کے لیے کبھی کچھ نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی حکومت کی 24 سالہ سربراہی میں اپنے تمام معیارات کو برقرار رکھا ہے۔ وزیر اعظم نے روشنی ڈالی کہ وہ 140 کروڑ لوگوں کی خدمت کرنے، ان کی امنگوں کو سمجھنے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے سے تحریک حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘میں ہمیشہ سے زیادہ سے زیادہ کام کرنے کا عزم رکھتا ہوں، جتنی محنت کر سکتا ہوں، آج بھی میری توانائی اتنی ہی مضبوط ہے۔’’
سری نواس رامانوجن کے تئیں اپنے انتہائی احترام کا اظہار کرتے ہوئے، جن کو بڑے پیمانے پر اب تک کے سب سے بڑے ریاضی دانوں میں شمار کیا جاتا ہے، جناب مودی نے کہا کہ رامانوجن کی زندگی اور کام سائنس اور روحانیت کے درمیان گہرے تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے رامانوجن کے اس عقیدے پر روشنی ڈالی کہ ان کے ریاضیاتی خیالات اس دیوی سے متاثر تھے جس کی وہ پوجا کرتے تھے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایسے خیالات روحانی نظم و ضبط سے پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا،‘‘ضبط صرف محنت سے زیادہ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اپنے آپ کو کسی کام کے لیے پوری طرح وقف کر دیں اور خود کو اس میں پوری طرح غرق کر دیں تاکہ آپ اپنے کام میں پورے لگن سے منہمک ہو جائیں۔’’ وزیر اعظم نے علم کے متنوع ذرائع کے لیے کھلےذہن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشادگی نئے خیالات کے ابھرنے کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے اطلاعات اور علم کے درمیان فرق پر زور دیتے ہوئے کہا، ‘‘کچھ لوگ اطلاع کو علم سمجھ کر لیتے ہیں۔ علم ایک گہری چیز ہے۔یہ آہستہ آہستہ یکجا ہوتی ہے، عکاسی اور غور وفکر کے ذریعے ترقی کرتی ہے۔’’ انہوں نے دونوں کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لیے اس فرق کو پہچاننے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
ان عوامل پر بات کرتے ہوئے جو ان کی فیصلہ سازی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ جناب مودی نے اپنے موجودہ کردار سے قبل ہندوستان کے 85-90 فیصد اضلاع کے اپنے وسیع سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان تجربات نے انہیں زمینی حقائق سے با خبر کیا ۔ انہوں نے کہا، ‘‘میں کوئی بوجھ نہیں اٹھاتا جو مجھے دبا دےیا مجھے کسی خاص طریقے سے کام کرنے پر مجبور کرے۔’’ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کے رہنما اصول ‘‘میرا ملک سب سے پہلے’’ ہے اور وہ مہاتما گاندھی کی حکمت سے تحریک لیتے ہیں کہ وہ فیصلے کرتے وقت سب سےغریب کے چہرے کو ذہن میں رکھیں۔ وزیر اعظم نے اپنی اچھی طرح سے منسلک انتظامیہ پر روشنی ڈالی۔یہ تذکرے کرتے ہوئے کہ ان کے متعدد اور فعال معلوماتی چینلز انہیں متنوع نقطہ نظر فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی مجھے معلومات دینے آتا ہے تو وہ میرے لیے معلومات کا واحد ذریعہ نہیں ہوتے۔ انہوں نے سیکھنے والے کی ذہنیت کو برقرار رکھنے، ایک طالب علم کی طرح سوالات کرنے اور متعدد زاویوں سے مسائل کا تجزیہ کرنے کے لیے شیطان کے وکیل کا کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔ جناب مودی نے کوویڈ۔ 19 بحران کے دوران اپنے فیصلہ سازی کے عمل کا اشتراک کیا، جہاں انہوں نے عالمی اقتصادی اصولوں پر آنکھیں بند کرکے پیروی کرنے کے دباؤ کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا، ‘‘میں غریبوں کو بھوکا نہیں سونے دوں گا، میں روزمرہ کی بنیادی ضروریات پر سماج میں تناؤ پیدا نہیں ہونے دوں گا۔’’ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صبر اور نظم و ضبط پر مبنی ان کے نقطہ نظر نے ہندوستان کو شدید افراط زر سے بچنے میں مدد کی اور دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں سے ایک بننے میں وزیر اعظم نے اپنی خطرہ مول لینے کی صلاحیت کو اجاگر کیا اور کہا، ‘‘اگر میرے ملک کے لیے، لوگوں کے لیے کچھ صحیح ہے تو میں ہمیشہ خطرہ مول لینے کے لیے تیار ہوں۔’’ انہوں نے اپنے فیصلوں کی ذمہ داری لینے پر زور دیا اور کہا، ‘‘اگر کچھ غلط ہو جائے تو میں دوسروں کو مورد الزام نہیں ٹھہراتا۔ میں کھڑا ہوں، ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور نتائج کا مالک ہوں۔’’ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ ان کی ٹیم کے اندر گہری وابستگی کو فروغ دیتا ہے اور شہریوں میں اعتماد پیدا کرتا ہے، ‘‘مجھ سے غلطیاں ہو سکتی ہیں، لیکن میں برے ارادوں سے کام نہیں کروں گا۔’’
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو فروغ دینے میں ہندوستان کے کردار کے بارے میں پوچھے جانے پر، جناب مودی نے زور دے کر کہا، ‘‘مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ترقی بنیادی طور پر ایک مشترکہ کوشش ہے۔ کوئی بھی ملک اپنے طور پر مصنوعی ذہانت کو مکمل طور پر تیار نہیں کر سکتا۔’’ انہوں نے کہا کہ ‘‘دنیااے آئی کے تعلق سے جو کچھ بھی کرے گی وہ ہندوستان کے بغیر نامکمل رہے گا۔’’ انہوں نے مخصوص استعمال کے معاملات کے لیے مصنوعی ذہانت سے چلنے والی ایپلی کیشنز پر ہندوستان کے فعال کام اور وسیع تر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ پر مبنی اس کے منفرد ماڈل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا بہت بڑا ٹیلنٹ پول اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘مصنوعی ذہانت بنیادی طور پر انسانی ذہانت سے چلتی ہے، تشکیل دی جاتی ہے اور رہنمائی کرتی ہے، اور یہ حقیقی ذہانت ہندوستان کے نوجوانوں میں وافر مقدار میں موجود ہے۔’’ وزیر اعظم نے 5۔جی خدمات کو شروع کرنے میں ہندوستان کی تیز رفتار پیشرفت کی ایک مثال شیئر کی، جو عالمی توقعات سے آگے نکل گئی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلائی مشنوں کی لاگت کی تاثیر پر روشنی ڈالی۔ جیسے چندریان، جس کی لاگت ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم سے کم ہے، جس میں ہندوستان کی کارکردگی اور اختراع کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ کامیابیاں ہندوستانی ہنر کے لیے عالمی احترام پیدا کرتی ہیں اور ہندوستان کے تہذیبی اخلاق کی عکاسی کرتی ہیں۔ جناب مودی نے عالمی ٹیکنالوجی میں ہندوستانی نژاد رہنماؤں کی کامیابی پر بھی روشنی ڈالی اور اسے ہندوستان کی لگن، اخلاقیات اور تعاون کی ثقافتی اقدار سے منسوب کیا۔ انہوں نے کہا، ‘‘وہ لوگ جو ہندوستان میں پلے بڑھے ہیں، خاص طور پر مشترکہ خاندانوں اور کھلے معاشروں سے، پیچیدہ کاموں اور بڑی ٹیموں کی مؤثر طریقے سے قیادت کرنا آسان سمجھتے ہیں۔’’ انہوں نے ہندوستانی پیشہ ور افراد کی مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں اور تجزیاتی سوچ کو اجاگر کیا، جو انہیں عالمی سطح پر مسابقتی بناتا ہے۔ انسانوں کی جگہ اے آئی کے بارے میں خدشات کو دور کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے ہمیشہ ، انسانوں کو اپنانے اور ایک قدم آگے رہنے کے ساتھ انسانیت کے ساتھ ساتھ ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا،‘‘انسانی تخیل ایندھن ہے۔ اے آئی اس کی بنیاد پر بہت سی چیزیں بنا سکتا ہے، لیکن کوئی بھی ٹیکنالوجی انسانی ذہن کی لامحدود تخلیقی صلاحیتوں اور تخیل کی جگہ نہیں لے سکتی۔’’ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اے آئی انسانوں کو چیلنج کرتا ہے کہ وہ سوچیں کہ واقعی انسان ہونے کا کیا مطلب ہے، ایک دوسرے کی دیکھ بھال کرنے کی فطری انسانی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے ۔ جس کی نقل اے آئی نہیں کر سکتا۔
تعلیم، امتحانات اور طلبہ کی کامیابی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ سماجی ذہنیت طلبہ پر غیر ضروری دباؤ ڈالتی ہے، اسکول اور خاندان اکثر کامیابی کی پیمائش درجہ بندی کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس ذہنیت کی وجہ سے بچے محسوس کرتے ہیں کہ ان کی پوری زندگی 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات پر منحصر ہے۔ انہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ہندوستان کی نئی تعلیمی پالیسی میں متعارف کرائی گئی کلیدی تبدیلیوں پر روشنی ڈالی اور پریکشا پہ چرچا جیسے اقدامات کے ذریعے طلباء کے بوجھ کو کم کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ امتحانات ہی کسی شخص کی قابلیت کا پیمانہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ‘‘بہت سے لوگ تعلیمی لحاظ سے اعلیٰ اسکور نہیں کر سکتے لیکن کرکٹ میں سنچریاں بنا سکتے ہیں کیونکہ ان کی اصل طاقت یہی ہے۔’’ انہوں نے اپنے اسکول کے دنوں سے کہانیوں کا اشتراک کیا، جس میں تدریس کے جدید طریقوں پر روشنی ڈالی گئی جنہوں نے سیکھنے کو خوشگوار اور موثر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تکنیک کو نئی تعلیمی پالیسی میں شامل کیا گیا ہے۔ جناب مودی نے طلباء کو ہر کام کو لگن اور ایمانداری کے ساتھ کرنے کی نصیحت کی، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور صلاحیتوں سے کامیابی کے دروازے کھلتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو حوصلہ نہ ہارنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا، ‘‘یقیناً آپ کے لیے کچھ کام رکھے گئے ہیں۔ اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے پر توجہ دیں اور مواقع آپ کے سامنے آئیں گے۔’’ انہوں نے اپنی زندگی کو ایک بڑے مقصد سے جوڑنے کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس سے تحریک اور معنی ملتا ہے۔ تناؤ اور مشکلات سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اسٹیٹس سمبل کے طور پر استعمال کرنا بند کریں اور یہ سمجھیں کہ زندگی صرف امتحانات سے متعلق نہیں ہے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اچھی تیاری کریں، اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور اعتماد کے ساتھ امتحان میں شرکت کریں۔ انہوں نے امتحانات کے دوران چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے منظم ٹائم مینجمنٹ اور باقاعدہ مشق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہر فرد کی منفرد صلاحیتوں پر اپنے یقین کا اعادہ کیا، طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے آپ پر اور کامیابی کے لیے اپنی صلاحیتوں پر اعتماد برقرار رکھیں۔
وزیر اعظم نے سیکھنے کے بارے میں اپنا نقطہ نظر بھی شیئر کیا اور موجودہ وقت میں پوری طرح موجود رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، ‘‘جب بھی میں کسی سے ملتا ہوں، میں مکمل طور پر موجود ہوتا ہوں، یہ مکمل توجہ مجھے نئے تصورات کو تیزی سے سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔’’ انہوں نے دوسروں کو بھی اس عادت کو اپنانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دماغ تیز ہوتا ہے اور سیکھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔ مشق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘‘آپ صرف عظیم ڈرائیوروں کی زندگی کی کہانیاں پڑھ کر ڈرائیونگ میں مہارت حاصل نہیں کر سکتے۔ آپ کو خود گاڑی چلا کر سڑک پر جانا پڑے گا۔’’ جناب مودی نے موت کے یقینی ہونے پر غور کیا، اور زندگی کو اپنانے، اسے بامقصد بنانے اور موت کے خوف پر قابو پانے کی اہمیت پر زور دیا، کیونکہ یہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ‘‘اپنی زندگی کو افزودہ کرنے ، بہتر بنانے اور بلند کرنے کا عہد کریں تاکہ موت کے دستک دینے سے پہلے آپ مکمل طور پر اور بامقصد زندگی گزار سکیں ۔’’
مستقبل کے بارے میں اپنی امید کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مایوسی اور منفیت ان کی ذہنیت کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے پوری تاریخ میں بحرانوں پر قابو پانے اور تبدیلی کے لیے ڈھالنے میں انسانیت کی موافقت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ہر دور میں یہ انسانی فطرت میں شامل ہے کہ وہ تبدیلی کے بہتے دھارے سے ہم آہنگ ہو جائے۔’’ انہوں نے غیر معمولی کامیابیوں کے امکان پر زور دیا جب لوگ پرانے سوچ کے نمونوں سے آزاد ہو کر تبدیلی کو اپناتے ہیں۔
روحانیت، دھیان اور آفاقی بہبود کے موضوعات پر بات کرتے ہوئے، جناب مودی نے گایتری منتر کی اہمیت پر روشنی ڈالی، اور اسے سورج کی چمکیلی طاقت کے لیے وقف روحانی روشنی کے لیے ایک طاقتور ذریعہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ہندو منتر سائنس اور فطرت سے گہرے جڑے ہوئے ہیں، جو روزانہ جاپ کرنے سے گہرے اور دیرپا فائدے لاتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دھیان اپنے آپ کو خلفشار سے آزاد کرنے اور حال میں موجود رہنے کے بارے میں ہے۔ اس نے ہمالیہ میں اپنے وقت کا ایک تجربہ یاد کیا، جہاں ایک بابا نے ا نہیں پیالے پر گرنے والے پانی کے قطروں کی تال کی آواز پر توجہ مرکوز کرنا سکھایا۔ انہوں نے اس مشق کو ‘‘قدرتی گونج’’کے طور پر بیان کیا، جس نے ا نہیں یکسوئی پیدا کرنے اور دھیان لگانے میں مدد کی۔ ہندو فلسفے کی عکاسی کرتے ہوئے جناب مودی نے منتروں کا حوالہ دیا جو زندگی کے باہم مربوط ہونے اور عالمگیر فلاح و بہبود کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا‘‘ہندو کبھی بھی صرف انفرادی فلاح پر توجہ نہیں دیتے۔ ہم سب کی بھلائی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔’’ انہوں نے روشنی ڈالی کہ ہر ہندو منتر کا اختتام امن کی دعوت کے ساتھ ہوتا ہے، جو زندگی جوہر اور ب رشیوں کے روحانی طریقوں کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خیالات کا اشتراک کرنے کے موقع پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پوڈ کاسٹ کا اختتام کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ اس گفتگو نے انہیں ان خیالات کےدریافت اور اظہار کرنے کا موقع فراہم کیا جو انہوں نے کافی عرصے سے اپنے اندر دبا رکھے تھے۔
A wonderful conversation with @lexfridman, covering a wide range of subjects. Do watch! https://t.co/G9pKE2RJqh
— Narendra Modi (@narendramodi) March 16, 2025
************
ش ح-م ش-م ح۔ ج ا -م ش
(U: 8340)
A wonderful conversation with @lexfridman, covering a wide range of subjects. Do watch! https://t.co/G9pKE2RJqh
— Narendra Modi (@narendramodi) March 16, 2025