Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی  نےنئی دہلی میں ویر بال دیوس پروگرام میں شرکت کی

وزیر اعظم جناب نریندر مودی  نےنئی دہلی میں ویر بال دیوس پروگرام میں شرکت کی


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ ویر بال دیوس  پروگرام میں شرکت کی۔ تیسرے ویر بال دیوس کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے صاحبزادوں کی بے مثال بہادری اور قربانی کی یاد میں ویر بال دیوس شروع کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن اب کروڑوں ہندوستانیوں کے لئے قومی تحریک کا تہوار بن گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن نے بہت سے بچوں اور نوجوانوں کو ان کی بے مثال ہمت نے  ترغیب دینے کا کام  کیا ہے۔ جناب مودی نے ان 17 بچوں کی ستائش کی جنہیں آج بہادری، اختراعات، سائنس اور ٹیکنالوجی، کھیل اور فنون کے شعبوں میں ویر بال ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے ایوارڈز یافتگان ہندوستان کے بچوں اور نوجوانوں کی مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ  کرنے  کی صلاحیت کی علامت ہیں۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر گروؤں اور بہادر صاحبزادوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں اور ان کے اہل خانہ کو بھی مبارکباد دی۔

بہادر صاحبزادوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ ان کی بہادری کی داستان کے بارے میں جانیں، لہٰذا  ان واقعات کو بھی یاد کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سے تین صدی قبل اس دن بہادر صاحبزادوں نے کم عمری میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ وزیر اعظم نے  اس بات کا تذکرہ کیا کہ  صاحب زوراور سنگھ اور صاحب فتح سنگھ کی کم عمری کے باوجود ان کی ہمت  بے مثال تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صاحبزادوں نے مغلیہ سلطنت کے تمام  لالچ کو ٹھکرا دیا، تمام مظالم کو برداشت کیا اور انتہائی بہادری کے ساتھ وزیر خان کی طرف سے دی گئی سزائے موت کو قبول کرنے کا انتخاب کیا۔ جناب مودی نے تبصرہ کیا کہ صاحبزادوں نے انہیں گرو ارجن دیو، گرو تیغ بہادر اور گرو گوبند سنگھ کی بہادری کی یاد دلائی اور یہ شجاعت  ہمارے  عقیدے کی روحانی طاقت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صاحبزادوں نے اپنی جانیں قربان کرنے کا انتخاب کیا لیکن ایمان  اور عقیدے کی راہ سے کبھی  انحراف نہیں  کیا۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ویر بال دیوس ہمیں سکھاتا ہے کہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، ملک اور قومی مفاد سے بڑی کوئی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ‘‘ ملک کے لیے کیا گیا ہر کام بہادری کا کام ہے اور ملک کے لیے  جینے  والا ہر بچہ اور نوجوان ویر بالک ہے’’۔

وزیر اعظم نے کہا کہ “اس سال کا ویر بال دیوس اور بھی خاص ہے کیونکہ یہ ہندوستانی جمہوریہ اور ہمارے آئین کے قیام کے 75 ویں سال کاموقع ہے۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستانی آئین کے اس 75 ویں سال میں ملک کا ہر شہری قوم کے اتحاد اور سالمیت کے لیے کام کرنے کے لیے بہادر صاحبزادوں سے ترغیب لے رہا ہے۔ جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان کی مضبوط جمہوریت کو اس بات پر فخر ہے کہ یہ دن صاحبزادوں کی بہادری اور قربانی پر بنایا گیا تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری جمہوریت ہمیں معاشرے کے آخری فرد کی بہتری کے لیے ترغیب دیتی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ‘‘آئین ہمیں سکھاتا ہے کہ ملک میں کوئی چھوٹا یا بڑا نہیں ہے’’۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اصول ہمارے گروؤں کی تعلیمات سے ہم آہنگ ہے، جنہوں نے سب کی فلاح و بہبود کی وکالت کی۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ صاحبزادوں کی زندگی ہمیں قوم کی سالمیت اور نظریات پر سمجھوتہ نہ کرنے کا درس دیتی ہے اور اسی طرح آئین ہندوستان کی خودمختاری اور سالمیت کے اصول کو برقرار رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جمہوریت کی عظمت گروؤں کی تعلیمات، صاحبزادوں کی قربانی اور قومی یکجہتی کے  اصولوں سے ہے۔

جناب مودی نے کہا کہ”ماضی سے لے کر  حال تک، نوجوانوں کی توانائی نے ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے”۔انہوں نے  اس بات پرروشنی ڈالی کہ آزادی کی لڑائی سے لے کر 21ویں صدی کی تحریکوں تک، ہندوستانی نوجوانوں نے ہر انقلاب میں اپنا  تعاون پیش کیا۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ نوجوانوں کی طاقت کی وجہ سے دنیا ہندوستان کو امیدوں اور توقعات سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسٹارٹ اپس سے لے کر سائنس تک، کھیلوں سے لے کر صنعت کاری تک، نوجوان قوت نئے انقلاب برپا کر رہی ہے۔  اس لیے انہوں نے مزید کہا، پالیسی میں حکومت کی سب سے بڑی توجہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام پالیسیاں،  خواہ اسٹارٹ اپ  کا ماحولیاتی نظام، خلائی معیشت کا مستقبل، کھیل اور فٹنس کا شعبہ، فن ٹیک اور مینوفیکچرنگ صنعت، یا  ہنرمندی کی ترقی اور انٹرن شپ اسکیمیں، نوجوانوں پر مرکوز ہیں اور ان کا مقصد نوجوانوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی سے متعلق ہر شعبے میں نوجوانوں کو نئے مواقع  فراہم ہورہے ہیں، جبکہ ان کی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کو حکومت کی جانب سے تعاون مل رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کی تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں نئی ​​ضروریات، توقعات اور مستقبل کی سمتیں ابھر رہی ہیں۔ انہوں نے روایتی سافٹ ویئر سے اے آئی کی طرف تبدیلی اور مشین لرننگ کے عروج کو دیکھتے ہوئے ہمارے نوجوانوں کو مستقبل ساز بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ جناب مودی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ملک نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کے ساتھ اس کی تیاری بہت پہلے شروع کی تھی، جس نے تعلیم کو جدید بنایا اور سیکھنے کے لیے کھلا آسمان فراہم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے بچوں میں اختراع کو فروغ دینے کے لیے 10,000 سے زیادہ اٹل ٹنکرنگ لیبز قائم کی گئی ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ ‘میرا یووا بھارت’ مہم کا مقصد نوجوانوں میں معاشرے کے تئیں ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے لیے   تعلیم کے ساتھ تجرباتی مواقع فراہم کرنا ہے۔

فٹ رہنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند نوجوان ایک اہل  ملک کی قیادت کرے گا، جناب مودی نے کہا کہ ‘فٹ انڈیا’ اور ‘کھیلو انڈیا’ تحریکوں کا مقصد نوجوان نسل میں فٹنس بیداری کو بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم نے ‘سوپوشیت گرام پنچایت ابھیان’ کے آغاز کا اعلان کیا، جو غذائی قلت کو ختم کرنے اور ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد بنانے کے لیے گاؤں کی پنچایتوں کے درمیان صحت مند مقابلے کو فروغ دے گا۔

وزیراعظم نے تبصرہ کیا کہ ‘‘ویر بال دیوس ہمیں  حوصلے سے بھر دیتا ہے اور ہمیں نئی ​​قراردادوں کے لیے ترغیب دیتا ہے’’۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب بہترین ہی ہمارا معیار ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں کو بہترین بنانے کے لیے کام کریں۔ جناب مودی نے کہا ‘‘اگر ہم بنیادی ڈھانچے پر کام کرتے ہیں تو ہماری سڑکیں، ریل نیٹ ورک، اور ہوائی اڈے کا بنیادی ڈھانچہ دنیا میں بہترین ہونا چاہیے۔ اگر ہم مینوفیکچرنگ پر کام کرتے ہیں تو ہمارے سیمی کنڈکٹرز، الیکٹرانکس اور آٹو گاڑیاں عالمی سطح پر بہترین ہونی چاہئیں۔ اگر ہم سیاحت میں کام کرتے ہیں تو ہماری منزلیں، سفری سہولیات اور مہمان نوازی بہترین ہونی چاہیے۔ اگر ہم خلائی شعبے میں کام کرتے ہیں تو ہمارے سیٹلائٹس، نیویگیشن ٹیکنالوجی اور فلکیات کی تحقیق بہترین ہونی چاہیے’’۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اعلیٰ اہداف طے کرنے کی تحریک صاحبزادوں کی بہادری سے ملتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بڑے اہداف اب ہماری قراردادیں ہیں۔ جناب مودی نے تبصرہ کیا کہ ملک کو اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے  اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے نوجوان جو دنیا کی بڑی کمپنیوں کی قیادت کر سکتے ہیں، جدید دنیا کی رہنمائی کے لیے اختراع کر سکتے ہیں اور ہر بڑے ملک اور میدان میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر سکتے ہیں، نئے مواقع ملنے پر اپنے ملک کے لیے کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس لیے انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف اور آتم نر بھر بھارت کی کامیابی یقینی تھی۔

یہ بتاتے ہوئے کہ ہر دور نے ملک کے نوجوانوں کو اس کی تقدیر بدلنے کا موقع فراہم کیا، جناب مودی نے روشنی ڈالی کہ جدوجہد آزادی کے دوران ہندوستانی نوجوانوں نے غیر ملکی راج کےغرورکو توڑا اور اپنے مقاصد حاصل کیے جبکہ آج نوجوانوں کے پاس ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف ہے۔  انہوں نے زور دیا کہ اس دہائی میں ہمیں اگلے 25 سالوں میں تیز رفتار ترقی کی بنیاد رکھنی ہوگی۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ  وہ اس وقت کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، ہر شعبے میں آگے بڑھیں اور قوم کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے ایک لاکھ نوجوانوں کو سیاست میں لانے کے اپنے وژن پر زور دیا، جن کے خاندان کبھی بھی  سرگرم سیاست میں شامل نہیں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہل اگلے 25 سالوں کے لیے انتہائی اہم ہے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ نئی نسل کو سیاست میں لانے کے لیے اس مہم کا حصہ بنیں۔ جناب مودی نے اعلان کیا کہ سوامی وویکانند کی یوم پیدائش پر اگلے سال کے آغاز میں ‘وکست بھارت ینگ لیڈرس ڈائیلاگ’ کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے گاؤں، قصبوں اور شہروں سے لاکھوں نوجوان حصہ لیں گے، ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن اور روڈ میپ پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والی دہائی، بالخصوص   آئندہ  پانچ سال امرت کال کے 25 سال کی قراردادوں کو پورا کرنے کے لیے اہم ہوں گے۔ انہوں نے ملک کی پوری نوجوان قوت کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی حمایت، تعاون اور توانائی ہندوستان کو بلندیوں تک لے جائے گی۔ انہوں نے گروؤں، بہادر صاحبزادوں اور ماتا گجری جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے  اپنے خطاب کا اختتام کیا۔

اس تقریب میں خواتین اور بچوں کی ترقیات کی مرکزی وزیر محترمہ انّپورنا دیوی دیگر معززین کے ساتھ موجود تھیں۔

پس منظر

ویر بال دیوس ہندوستان کے مستقبل کی بنیاد کے طور پر بچوں کے اعزاز میں ایک ملک گیر جشن ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اس تقریب میں شرکت کی اور ’سپوشیت گرام پنچایت ابھیان‘ کا آغاز کیا۔ اس پروگرام کا مقصد غذائیت سے متعلق خدمات کے نفاذ کو مضبوط بنانے اور کمیونٹی کی فعال شرکت کو یقینی بنا کر غذائیت کے نتائج اور بہبود کو بہتر بنانا ہے۔

نوجوان ذہنوں کو مشغول کرنے، اس دن کی اہمیت کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے اور قوم کے تئیں ہمت اور لگن کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر میں مختلف اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔  مائی جی او وی اور  مائی بھارت پورٹلز کے ذریعے انٹرایکٹو کوئزز سمیت آن لائن مقابلوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔ اسکولوں، بچوں کی دیکھ بھال کے اداروں اور آنگن واڑی مراکز میں کہانی سنانے، تخلیقی تحریر، پوسٹر سازی  جیسی دلچسپ سرگرمیاں چلائی جائیں گی۔

پروگرام کے دوران پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار (پی ایم آر بی پی) کے ایوارڈ یافتگان بھی موجود تھے۔

 

************

ش ح۔م ش۔ م ذ

 (U: 4580)