لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا جی، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جی، میرے کابینہ کے ساتھی جناب نتن گڈکری جی،جناب جتیندر سنگھ جی، اجے ٹمٹا جی، نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری جی، قائد حزب اختلاف سنیل شرما جی،سبھی ممبران پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی اور جموں و کشمیر کے میرے پیارے بھائیو اور بہنو۔
سب سے پہلے میں ان محنت کش بھائیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ملک اور جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے انتہائی مشکل حالات میں بھی اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کام کیا۔ ہمارے سات مزدور ساتھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، لیکن ہم اپنے عزم سے نہیں ڈگمگائے، میرے مزدور ساتھی نہیں ڈگمگائے، کسی نے گھر واپس جانے کو نہیں کہا، میرے ان مزدور ساتھیوں نے ہر چیلنج پر قابو پاتے ہوئے اس کام کو پورا کیا ہے۔ اور جن سات ساتھیوں کوہم نے کھویا ہے ، میں آج سب سے پہلے ان ساتھیوں کو یاد کرتا ہوں ۔
ساتھیوں،
یہ موسم، یہ برف، برف کی سفید چادر سے ڈھکی ہوئیں یہ خوبصورت پہاڑیاں، دل یکدم خوش ہو جاتا ہے۔ دو دن پہلے ہمارے وزیر اعلیٰ جی نے یہاں سے کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ ان تصویروں کو دیکھنے کے بعد، یہاں آپ کے درمیان یہاں آنے کے لیے میری بے صبری اور بڑھ گئی تھی اور جیسا کہ وزیر اعلیٰ نے ابھی مجھے بتایا کہ میرا کتنے طویل عرصہ سے آپ سب سے تعلق رہا ہے اور جب میں یہاں آتا ہوں تو مجھے کئی سال پہلے کے دن یاد آنے لگتے ہیں اور جب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تنظیمی کارکن کے طور پر کام کرتا تھا۔تب اکثر اکثر یہاں آنا ہوتا تھا۔ میں نے اس علاقے میں کافی وقت گزارا ہے؛ چاہے وہ سونمرگ ہو، گلمرگ، گاندربل یا بارہمولہ، ہر جگہ ہم گھنٹوں گھنٹوں اور کئی کئی کلومیٹر پیدل سفر کیا کرتے تھے اور برف باری تبھی بہت زیادہ ہوا کرتی تھی ،لیکن جموں و کشمیر کے لوگوں کی گرم جوشی ایسی ہے کہ سردی کا احساس نہیں ہوتا تھا۔
ساتھیوں،
آج کا دن بہت ہی خاص ہے۔ آج ملک کے کونے کونے میں جشن کا ماحول ہے۔ آج ہی سے پریاگ راج میں مہا کمبھ شروع ہو رہا ہے، کروڑوں لوگ وہاں پوتر اشنان کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔ آج پنجاب سمیت پورا شمالی ہندوستان لوہڑی کی امنگ سے بھرا ہے، یہ وقت اترائن، مکر سنکرانتی، پونگل جیسے کئی تہواروں کا وقت ہے۔ میں ملک اور دنیا بھر میں ان تہواروں کو منارہے سبھی لوگوں کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ سال کا یہ وقت یہاں وادی میں چلئی کلاں کا ہوتا ہے۔40 دنوں کے اس موسم کا آپ ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں اور اس کا ایک اور پہلو بھی ہے، یہ موسم سونمرگ جیسے سیاحتی مقامات کے لیے بھی نئے مواقع لے کر آتا ہے۔ ملک بھر سے سیاح یہاں پہنچ رہے ہیں۔ کشمیر کی وادیوں میں آ کر وہ لوگ آپ کی مہمان نوازی سے بھر پور لطف لے رہے ہیں۔
ساتھیوں،
آج میں ایک بڑی سوغات لے کر آپ کے ایک خادم کے طور پر آپ کے درمیان آیا ہوں۔ کچھ دن پہلے مجھے، جموں میں ، اور جیسا کہ وزیر اعلیٰ جی نے بتایا 15 دن پہلے ہی آپ کے اپنے ریلوے ڈویژن کا سنگ بنیاد رکھنے کا موقع ملاتھا یہ آپ کی بہت پرانی مانگ تھی ۔ آج مجھے سونمرگ ٹنل ،کو ملک کو، آپ کو سونپنے کا موقع ملا ہے۔ یعنی جموں و کشمیرکی ، لداخ کی، ایک اور بہت پرانی مانگ آج پوری ہو ئی ہے۔ اور آپ یقین مانئے ،یہ مودی ہے، اگر وہ وعدہ کرتا ہے تو اسےپورا کرتا ہے۔ ہر کام کا ایک وقت ہوتا ہے اور صحیح وقت پر صحیح کام بھی ہونے والے ہیں ۔
ساتھیوں،
اور جب میں سونمرگ سرنگ کی بات کر رہا تھا تو اس سے سونمرگ کے ساتھ ساتھ کارگل اور لیہہ کے لوگوں کی زندگی بہت آسان ہو جائے گی ۔ اب برف باری کے دوران برفانی تودے گرنے سے یا بارش میں لینڈ سلائیڈ ہونے سے سڑکیں بند ہونے کا مسئلہ کم ہو جائے گا ۔ جب سڑکیں بند ہوتی تھیں تو یہاں سے بڑے اسپتال جانا مشکل ہوتا تھا ۔ اس کی وجہ سے یہاں ضروری سامان ملنا بھی مشکل تھا ، اب سونمرگ ٹنل کی تعمیر سے یہ مسائل بہت کم ہو جائیں گے ۔
ساتھیوں،
مرکز میں ہماری حکومت بننے کے بعد ہی سونمرگ سرنگ کی اصل تعمیر 2015 میں شروع ہوئی اور وزیر اعلیٰ نے بھی اس دور کو بہت اچھے الفاظ میں بیان کیا ۔ مجھے خوشی ہے کہ اس سرنگ کا کام بھی ہماری ہی حکومت میں مکمل ہوا ہے اور میرے پاس ہمیشہ ایک منتر رہتا ہے ، جسے ہم شروع کریں گے ، ہم اس کا افتتاح بھی کریں گے ، یہ ہوتا ہے ، یہ چلتا ہے ، یہ کب ہوگا ، کون جانتا ہے ، وہ دور چلا گیا ہے ۔
ساتھیوں،
اس سرنگ سے سونمرگ کا رابطہ اس موسم سرما میں بھی برقرار رہے گا ، جس سے سونمرگ سمیت اس پورے علاقے میں سیاحت کو نئے پنکھ بھی ملیں گے ۔ آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر میں سڑک اور ریل کنیکٹیویٹی کے بہت سے پروجیکٹ مکمل ہونے والے ہیں ۔ یہاں کے قریب ایک اور بڑے کنیکٹیویٹی پروجیکٹ پر بھی کام جاری ہے ۔ اب وادی کشمیر بھی ریل کے ذریعے جڑنے والی ہے ۔ مجھے یہاں بہت خوشگوار ماحول نظر آتا ہے ۔ جو نئی سڑکیں بن رہی ہیں ، جو ریلوے کشمیر پہنچ رہی ہے ، جو اسپتال بن رہے ہیں ، جو کالج بن رہے ہیں ، یہی نیا جموں و کشمیر ہے ۔ میں آپ سب کو اس سرنگ کے لیے اور ترقی کے اس نئے مرحلے کے لیے بھی دل سے مبارکباد دیتا ہوں ۔
ساتھیوں،
آج ہندوستان ترقی کی نئی بلندیوں کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ ملک کاہر باشندہ 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے کام کر رہا ہے ۔ یہ تب ہی ہو سکتا ہے جب ہمارے ملک کا کوئی حصہ ، کوئی خاندان ترقی میں پیچھے نہ رہے ۔ اس کے لیے ہماری حکومت سب کا ساتھ سب کا وکاس کے جذبے کے ساتھ دن رات پوری لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔ پچھلے 10 سالوں میں جموں و کشمیر سمیت ملک کے 4 کروڑ سے زیادہ غریب لوگوں کو پکے مکانات ملے ہیں ۔ آنے والے وقت میں غریبوں کو مزید تین کروڑ نئے مکانات دیے جائیں گے ۔ آج ہندوستان میں لاکھوں لوگوں کو مفت علاج مل رہا ہے ۔ اس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی فائدہ پہنچا ہے ۔ نوجوانوں کی تعلیم کے لیے ملک بھر میں نئے آئی آئی ٹی ، نئے آئی آئی ایم ، نئے ایمس ، نئے میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج ، پولی ٹیکنیکل کالج بنائے جا رہے ہیں ۔ پچھلے 10 سالوں میں جموں و کشمیر میں ایک سے زیادہ تعلیمی ادارے قائم ہوئے ہیں ۔ اس بہت بڑا فائدہ یہاں کے میرے بیٹے- بیٹیوں اور نوجوانوں کو ہوا ہے ۔
ساتھیوں،
آج جموں و کشمیر سے لے کر اروناچل پردیش تک آپ دیکھ رہے ہیں کہ کتنی شاندار سڑکیں ، کتنی سرنگیں ، کتنے پل بنائے جا رہے ہیں ۔ ہمارا جموں و کشمیر اب سرنگوں ، اونچے پلوں اور روپ وے کا مرکز بن رہا ہے ۔ یہاں دنیا کی بلند ترین سرنگیں بنائی جا رہی ہیں ۔ دنیا کا سب سے اونچا ریل روڈ پل ، کیبل برج ، یہاں بنایا جا رہا ہے ۔ یہاں دنیا کی بلند ترین ریلوے لائنیں بنائی جا رہی ہیں ۔ پوری دنیا ہمارے چناب پل کی انجینئرنگ سے حیران ہے ۔ ابھی پچھلے ہفتہ ہی اس پل پر مسافر ٹرین کا ٹرائل مکمل ہوا ہے ۔کشمیر کی ریلوے کنکٹویٹی بڑھانے والا کیبل برج ، زوجیلا، چینینی ناشری اور سونمرگ ٹنل کے پروجیکٹ ، ادھم پور – سری نگر – بارہمولہ کا ریل لنک پروجیکٹ ، شنکراچاریہ مندر ، شیو کھوڑی اور بال ٹال – امرناتھ روپ وے کی اسکیم ، کٹرا سے دہلی کا ایکسپریس وے، آج جموں و کشمیر میں سڑک رابطے سے متعلق 42,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے ، چار نیشنل ہائی وے پروجیکٹ ، دو رنگ روڈپر کام تیزی سے جاری ہے ، سونمرگ جیسی 14 سے زیادہ ٹنلس پر یہاں کام چل رہا ہے ۔یہ سارے پروجیکٹ جموں وکشمیر کو ملک کے سب سے زیادہ کنکٹیڈ صوبہ میں سے ایک بنانے والے ہیں ۔
ساتھیوں،
ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر میں ہمارے سیاحت کے شعبے کا بہت بڑا تعاون ہے ۔ بہتر رابطے کی وجہ سے سیاح جموں و کشمیر کے ان علاقوں تک بھی پہنچ سکیں گے جو ابھی تک غیر دریافت شدہ ہیں ۔ سیاحت کے شعبے میں گزشتہ دس سالوں میں جموں و کشمیر میں جو امن اور ترقی کا ماحول پیدا ہوا ہے ، اس کے فوائد ہم پہلے ہی دیکھ رہے ہیں ۔ 2024 میں 2 کروڑ سے زیادہ سیاح جموں و کشمیر آئے ہیں ۔ یہاں بھی سونمرگ میں 10 سالوں میں 6 گنا زیادہ سیاح بڑھے ہیں ۔ اس سے آپ لوگوں کو ،عوام کو ، ہوٹل والوں ، ہوم اسٹے والوں ، ڈھابے والوں ، کپڑوں کی دکان والوں، ٹیکسی والوں ، سبھی کو فائدہ پہنچا ہے ۔
ساتھیوں،
اکیسویں صدی کا جموں و کشمیر آج ترقی کی ایک نئی داستان لکھ رہا ہے ۔ ماضی کے مشکل دنوں کو پیچھے چھوڑ کر ، ہمارے کشمیر کو اب زمین کی جنت ہونے کی شناخت واپس مل رہی ہے ۔ آج لوگ رات کو لال چوک پر آئس کریم کھانے جا رہے ہیں ، رات کے وقت بھی وہاں بڑی رونق رہتی ہے اور کشمیر کے میرے جو فنکار ساتھی ہیں ، انہوں نے تو پولو ویو مارکیٹ کو ایک نیا ہیبی ٹیٹ سینٹر بنادیا ہے ۔ میں سوشل میڈیا پر دیکھتا ہوں کہ کس طرح موسیقار ، فنکار ، گلوکار وہاں پرفارم کرتے رہتے ہیں ۔ آج سری نگر میں لوگ اپنے بال بچوں کے ساتھ سنیما ہال جاکر فلمیں دیکھتے ہیں اور آرام سے خریداری کرتے ہیں ۔ حالات بدلنے والوں اتنے سارے کام کوئی سرکار اکیلے نہیں کر سکتی ۔ جموں و کشمیر کی صورتحال کو بدلنے کا بہت بڑا سہرا یہاں کے عوام کو جاتا ہے ، آپ سبھی کو جاتا ہے ۔ آپ نے جمہوریت کو مضبوط کیا ہے ، آپ نے مستقبل کو مضبوط کیا ہے ۔
ساتھیوں،
مجھے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا روشن مستقبل صاف نظر آرہا ہے ۔ آپ اسپورٹس میں ہی دیکھئے، کتنے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ۔ کچھ مہینے پہلے ہی سری نگر میں پہلی بار بین الاقوامی میراتھن کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ جس نے بھی ان تصاویر کو دیکھا وہ خوشی سے بھر گیا تھا اور مجھے یاد ہے کہ وزیر اعلیٰ جی نے بھی اس میراتھن میں حصہ لیا تھا ، اس کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی اور میں نے خاص طور پر وزیر اعلیٰک و مبارکباد دی تھی جب وہ مجھے جلد ہی دہلی میں ملے تھے ۔ ملاقات کے دوران میں ان کا جوش و خروش دیکھ رہا تھا، امنگ دیکھ رہا تھا اور میراتھن کے بارے میں بڑی باریکی سے وہ مجھے بتا رہے تھے ۔
ساتھیوں،
واقعی یہ نئے جموں و کشمیر کا ایک نیا دور ہے ۔ حال ہی میں 40 سال بعد کشمیر میں ایک بین الاقوامی کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس سے پہلے ہم نے ڈل جھیل کے ارد گرد کار ریسنگ کے وہ خوبصورت مناظر بھی دیکھے ہیں ۔ ایک طرح سے یہ گلمرگ ہندوستان کا سرمائی کھیلوں کا دارالحکومت بن رہا ہے ۔ گلمرگ میں چار کھیلو انڈیا سرمائی کھیل منعقد ہو چکے ہیں ۔ اگلے مہینے پانچویں کھیلو انڈیا سرمائی کھیل بھی شروع ہونے والے ہیں ۔ صرف پچھلے دو سالوں میں ہی ملک بھر سے 2500 کھلاڑی مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے لیے جموں و کشمیر آئے ہیں ۔ جموں و کشمیر میں نوے سے زیادہ کھیلو انڈیا مراکز قائم کیے گئے ہیں ۔ یہاں ساڑھے چار ہزار نوجوان تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔
ساتھیوں،
آج جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے ہر جگہ نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ۔ جموں اور اونتی پورہ میں ایمس کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ یعنی اب علاج کے لیے ملک کے دوسرے حصوں میں جانے کی زحمت کم ہوگی ۔ جموں میں طلباء آئی آئی ٹی-آئی آئی ایم اور سینٹرل یونیورسٹی کے شاندار کیمپس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ ہمارے وشوکرما ساتھی جموں و کشمیر کے فن اور دستکاری کو آگے لے جا رہے ہیں ، انہیں پی ایم وشوکرما اور جموں و کشمیر حکومت کی دیگر اسکیموں سے مدد مل رہی ہے ۔ ہم یہاں نئی صنعتیں لانے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں ۔ مختلف صنعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ یہاں تقریباً 13 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے ہیں ۔ اس سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔ جموں و کشمیر بینک نے بھی اب بہت بہتر طریقے سے کام کرنا شروع کر دیا ہے ۔ پچھلے چار سالوں میں جموں و کشمیر بینک کا کاروبار 1 لاکھ 60 ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 30 ہزار کروڑ روپے ہو گیا ہے ۔ یعنی اس بینک کا کاروبار بڑھ رہا ہے ، قرض دینے کی صلاحیت بھی بڑھ رہی ہے ۔ نوجوانوں ، کسانوں ، باغبانی کرنے والوں ، دکانداروں اور تاجروں، سب کو اس سے فائدہ ہو رہا ہے ۔
ساتھیوں،
جموں و کشمیر کا ماضی اب ترقی کے حال میں بدل گیا ہے ۔ ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب تب ہی پورا ہوگا جب اس کی چوٹی پر ترقی کے موتی جڑے ہوں۔ کشمیر توملک کا تاج ہے ، ہندوستان کا تاج ہے ۔ لٰہذا میں چاہتا ہوں کہ یہ تاج زیادہ خوبصورت ہو ، یہ تاج زیادہ خوش حال ہو اور مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ مجھے اس کام میں یہاں کے نوجوانوں ، بزرگوں ، بیٹوں اور بیٹیوں کا مسلسل تعاون مل رہا ہے ۔ آپ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ، جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے ، ہندوستان کی ترقی کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں ۔ میں آپ کو ایک بار پھر یقین دلاتا ہوں کہ مودی قدم بہ قدم آپ کے ساتھ چلے گا ۔ یہ آپ کے خوابوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے گا ۔
ساتھیوں،
ایک بار پھر ، میں جموں و کشمیر کے ہر خاندان کو آج کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں ۔ ہمارے ساتھی نتن جی نے، منوج سنہا جی نے اور وزیر اعلیٰ جی نے تیزی سے ہونے والی پیش رفت ، تیزی سے ہونے والی ترقی اور بننے والے نئے منصوبوں کو تفصیل سے بیان کیا ہے اور اسی وجہ سے میں اسے دہرا نہیں رہا ہوں ۔ میں آپ سے صرف اتنا کہتا ہوں کہ اب یہ فاصلہ ختم ہو چکا ہے ، اب ہمیں مل کر اپنے خوابوں کو سنبھالنا ہے ، عزم بھی کرنا ہے اور تکمیل بھی کرنی ہے ۔ آپ سب کو میری بہت بہت نیک خواہشات ۔
بہت بہت شکریہ ۔
******
(ش ح۔م م۔ش ت)
U:5162
Delighted to be amongst the wonderful people of Sonamarg. With the opening of the tunnel here, connectivity will significantly improve and tourism will see a major boost in Jammu and Kashmir. https://t.co/NQnu19ywpi
— Narendra Modi (@narendramodi) January 13, 2025
The Sonamarg Tunnel will give a significant boost to connectivity and tourism. pic.twitter.com/AuIw5Kqla3
— PMO India (@PMOIndia) January 13, 2025
Improved connectivity will open doors for tourists to explore lesser-known regions of Jammu and Kashmir. pic.twitter.com/QCd4aCcMRA
— PMO India (@PMOIndia) January 13, 2025
Jammu and Kashmir of the 21st century is scripting a new chapter of development. pic.twitter.com/WddTnuNAxv
— PMO India (@PMOIndia) January 13, 2025
कश्मीर तो देश का मुकुट है…भारत का ताज है। इसलिए मैं चाहता हूं कि ये ताज और सुंदर हो... और समृद्ध हो: PM @narendramodi pic.twitter.com/HwvBJXhUxb
— PMO India (@PMOIndia) January 13, 2025