Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

سی بی ایس ای کی بارہویں کے بورڈ امتحانات رد

سی بی ایس ای کی بارہویں کے بورڈ امتحانات رد


 

نئی دہلی،  یکم جون2021 ۔ وزیر اعظم نے سی بی ایس ای کی بارہویں کے بورڈ امتحانات سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اہلکاروں نے اب تک ہوئی وسیع اور جامع مشاورت، ریاستی حکومتوں سمیت سبھی حصص داروں سے موصولہ آراء  پر مشتمل ایک تفصیلی پرزنٹیشن دیا۔

5053.jpg

کووڈ-19 کے سبب غیریقینی حالات اور متعدد حصص داروں سے حاصل فیڈ بیک کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ بارہویں کے بورڈ امتحانات اس سال منعقد نہیں کئے جائیں گے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سی بی ایس ای واضح طور پر طے شدہ معروضی طریقۂ کار کے مطابق ایک مقررہ وقت کے اندر بارہویں کے طلباء کے نتائج تیار کرنے کے لئے اقدامات کرے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی بی ایس ای کے بارہویں کے امتحانات کے بارے میں فیصلہ طلباء کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کووڈ-19 کی وجہ سے اکیڈمک کلینڈر پر اثر پڑا ہے اور بورڈ امتحانات کے معاملےکو لے کر طلباء، والدین اور اساتذہ کے اندر جو شدید بے چینی ہے اس کا خاتمہ ہونا چاہئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں کووڈ کی صورت حال ایک ڈائنیمک صورت حال ہے۔ اگرچہ ملک میں کووڈ کے معاملات کم ہورہے ہیں اور کچھ ریاستیں مؤثر مائیکرو- کانٹیمنٹ کے توسط سے صورت حال کو قابو میں کررہی ہیں، تاہم کچھ ریاستوں نے ابھی بھی لاک ڈاؤن کا متبادل اختیار کیا ہے۔ طلباء، والدین اور اساتذہ فطری طور پر اس صورت حال میں طلباء کی صحت کے تعلق سے خوف زدہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسی کشیدہ صورت حال میں طلباء کو امتحانات میں شرکت کے لئے مجبور نہیں کیا جانا چاہئے۔

وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ طلباء کی صحت اور ان کا تحفظ انتہائی اہم ہے اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں امتحانات ہمارے نوجوانوں  کو خطرے میں ڈھکیلنے کا سبب نہیں بن سکتے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سبھی حصص داروں کو طلباء کے تئیں حساسیت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نتائج واضح طور پر طے شدہ معیار کے مطابق منصفانہ طریقے سے ایک مقررہ وقت کے اندر تیار کئے جائیں۔

بڑے پیمانے پر ہوئی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ طلباء دوست اس فیصلے پر بھارت کے طول و عرض میں سبھی حصص داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد پہنچا گیا ہے۔ انھوں نے اس معاملے میں فیڈبیک دینے کے لئے سبھی ریاستوں کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ برس کی طرح اگر کچھ طلباء امتحان دینا چاہیں تو جب صورت حال سازگار ہو تو سی بی ایس ای کے ذریعہ انھیں ایسا متبادل دستیاب کرایا جائے۔

اس سے قبل وزیر اعظم نے 21 مئی 2021 کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تھی، جس میں وزراء اور اہلکاروں نے شرکت کی تھی۔ اس کے بعد 23 مئی 2021 کو مرکزی وزیر دفاع کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی تھی، جس میں ریاستوں کے وزرائے تعلیم نے شرکت کی تھی۔ میٹنگ میں سی بی ایس ای امتحانات کے انعقاد سے متعلق متعدد متبادل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور ریاستوں نیز مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے فیڈبیک لئے گئے تھے۔

آج کی میٹنگ میں امور داخلہ، دفاع، خزانہ، تجارت، اطلاعات و نشریات، پٹرولیم اور خواتین و اطفال بہبود کی وزارتوں کے مرکزی وزراء اور وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری، کابینہ سکریٹری اور اسکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم  کے محکموں کے سکریٹریوں اور دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔

 

******

شح۔ م م۔ م ر

U-NO.5053