Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیراعظم نے مہاراجہ سہیل دیو میموریل کا سنگ بنیاد اور چتوڑہ جھیل کے ترقیاتی کام کا افتتاح  کیا

وزیراعظم نے مہاراجہ سہیل دیو میموریل کا سنگ بنیاد اور چتوڑہ جھیل کے ترقیاتی کام کا افتتاح  کیا


وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اترپردیش کے بہرائچ میں مہاراجہ سہیل دیو میموریل کا سنگ بنیاد رکھا اور چتوڑہ ضلع کے ترقیاتی کام کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے مہاراجہ سہیل دیو کے نام پر میڈیکل کالج کی عمارت کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر اترپردیش کے گورنر اور وزیراعلیٰ موجود تھے۔

اس موقع پر بولتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ صرف وہی نہیں ہے جسے نوآبادیاتی طاقتوں یا نوآبادیاتی ذہنیت کے حامل افراد نے لکھا ہے۔ ہندوستانی تاریخ وہ ہے جس کی آبیاری عام لوگوں نے اپنی مقامی داستانوں میں کی ہے اور ایک نسل سے دوسری نسل تک آگے بڑھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے اس حقیقت پر پشیمانی کا اظہار کیا کہ جن لوگوں نے ہندوستان اور ہندوستانیت پر اپنا سب کچھ قربان کردیا  انہیں واجب اہمیت نہیں دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستانی تاریخ نویسوں کے ذریعہ ہندوستانی تاریخ سازوں کے خلاف کی گئی ان گڑبڑیوں اور ناانصافیوں کو اب درست کیا جارہا ہے ،  چونکہ ہم اپنی آزادی کے 75 ویں سال میں داخل ہورہے ہیں  اس لئے ان کے کارنامے اور بھی اہم ہو جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کچھ مثالیں بھی پیش کیں جیسے کہ لال قلعہ سے انڈمان و نکوبار تک نیتا جی سبھاش چندر بوس کے کارناموں کا جشن ، اسٹیچو  آ ف یونٹی کی شکل میں سردار پٹیل اور  پنچ تیرتھ کے ذریعہ بابا صاحب امبیڈکر کے کارناموں کا جشن، ‘‘ ایسی بے شمار شخصیات ہیں جنہیں متعدد اسباب کی بنا پر تسلیم نہیں کیا گیا ۔ چوری چورا میں جانبازوں کے ساتھ جو کچھ ہوا تھا کیا اسے فراموش کیا جاسکتا ہے؟’’  وزیراعظم نے سوال کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستانیت کی حفاظت کے لئے مہاراجہ سہیل دیو  کے کارناموں کو بھی اسی طرح سے نظرانداز کردیا گیا۔ نصابی کتابوں میں انہیں نظرانداز کئے جانے کے باوجود مہاراجہ سہیل دیو کو اودھ ، ترائی اور پوروانچل  کی مقامی کہانیوں کے ذریعہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رکھا گیا ہے۔ وزیراعظم نے انہیں ایک حساس اور ترقی کی جانب مائل حکمراں کے طور پر یاد کیا۔ وزیراعظم نے امیدجتائی کی کہ مہاراجہ سہیل دیو کا میموریل آنے والی نسلوں کو حوصلہ فراہم کرے گا اور کہا کہ میڈیکل کالج کی تعمیر اور طبی سہولیات میں اضافہ سے اس ضلع اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے گی۔ وزیراعظم نے مہاراجہ سہیل دیو کی یاد میں دو سال پہلے ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا تھا۔

وزیراعظم مودی نے بسنت پنچمی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ بسنت وبائی مرض کی ناامیدیوں کو پیچھے چھوڑ کر بھارت کے لئے نئی امید لے کر آیا ہے۔ انہوں نے پرارتھنا کی کہ ماں سرسوتی بھارت کے علم اور سائنس میں اضافہ کرے اور ملک کے ہر اس  شہری کی مدد کرے جو تحقیق اور اختراع کے ذریعہ ملک کی تعمیر میں لگے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں تاریخ ، عقیدہ و روحانیت سے متعلق جتنی بھی عمارتیں بنائی گئی ہیں ان کا سب سے بڑا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش سیاحت اور مذہبی مقام کے معاملے میں ایک اہم ریاست ہے اور اس کے امکانات بے انتہا ہیں۔ بھگوان رام ، شری کرشن اور بدھا  کی زندگی سے وابستہ مقامات جیسے ایودھیا ، چتراکوٹ، متھرا، ورنداون، گوردھن، کشی نگر، شراوستی وغیرہ  پر رامائن سرکٹ ، اسپریچوئل سرکٹ اور بدھسٹ سرکٹ تیار کئے جارہے ہیں تاکہ اترپردیش میں سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کے نتائج نمودار ہونے لگے ہیں اور اب اترپردیش کی طرف دیگر ریاستوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد متوجہ ہونے لگی ہے۔ اترپردیش غیرملکی سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرنے والی تین سرفہرست ریاستوں میں شامل ہوچکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے لئے ضروری سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ اترپردیش میں مارڈن کنکٹیویٹی  بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایودھیا ایئر پورٹ  اور کشی نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مستقبل میں گھریلو اور غیرملکی دونوں سیاحوں کے لئے کافی کارآمد ثابت ہوں گے۔ اترپردیش میں چھوٹے اور بڑے درجنوں ہوائی اڈوں پر کام چل رہا ہے جن میں سے کئی خود پوروانچل میں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید اور چوڑی سڑکیں جیسے کہ پوروانچل ایکسپریس وے ، بندیل کھنڈ ایکسپریس وے، گنگا ایکسپریس وے ، گورکھ پور لنک ایکسپریس وے ، بلِیا لنک ایکسپریس وے پورے اترپردیش میں تعمیر کئے جارہے ہیں اور ان سے جدید یو پی میں جدید بنیادی ڈھانچوں کی شروعات ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش دو بڑے ڈیڈیکیٹیڈ فریٹ کوریڈور کا جنکشن ہے۔ اترپردیش میں نئے بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر سے سرمایہ کاروں کا اترپردیش میں صنعتیں قائم کرنےکے لئے حوصلہ بڑھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی صنعتوں اور نوجوانوں کے لئے نئے اور بہتر مواقع بھی پیدا کئے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم نے اترپردیش حکومت کی جانب سے کورونا کے نظم کو لے کر کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے گھر واپس لوٹے مزدوروں کو  روزگار فراہم کرنے پر بھی ریاستی حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا  کہ گذشتہ 3 – 4 سالوں میں اترپردیش نے جو کوششیں کی اس نے کورونا کے خلاف جنگ لڑنے میں بڑی معاونت کی۔ ریاستی حکومت کی کاوشوں کی وجہ سے پورنچل میں میننجائٹس کا مسئلہ کافی حد تک کم ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اترپردیش میں میڈیکل کالجوں کی تعداد گذشتہ چھ سالوں میں 14 سے بڑھ کر 24 ہوگئی ہے۔ نیز گورکھپور اور بریلی میں بھی ایمس کا کام جاری ہے۔ ان کے علاوہ 22 نئے میڈیکل کالج تعمیر ہورہے ہیں۔ وارانسی میں کینسر کے جدید اسپتال کی سہولیات بھی پورانچل کو فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یو پی جل جیون مشن یعنی ہر گھر کے لئے پانی مہیا کرنا بھی قابل ستائش کام ہے۔ جب پینے کا صاف پانی گھر تک پہنچے گا تو اس سےبہت ساری بیماریوں کو بھی کم کیا جاسکےگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اترپردیش میں دیہات ، غریب اور کسان بہتر بجلی ، پانی ، سڑکیں اور صحت کی سہولیات سے براہ راست فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کسان سمان ندھی کے توسط سے، اترپردیش کے تقریبا 2.5 ڈھائی کروڑ ان کسان خاندانوں کے بینک کھاتوں میں رقم براہ راست منتقل کردی گئی ہے ، جو ایک  بوری کھاد خریدنے کے لئے بھی دوسروں سے قرض لینے پر مجبور تھے۔ انہوں نے کہا یہاں کسانوں کو آبپاشی کے لئے بجلی استعمال کرنے کے لئے راتوں رات جاگنا پڑتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے بجلی کی فراہمی میں بہتری لاتے ہوئے اس طرح کے مسائل کو دور کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کسان پیداوار تنظیموں (ایف پی او) کی تشکیل، کھیتی کی زمینوں کو مستحکم کرنے کے لئے بہت ضروری ہے اور اس طرح ہر کسان کی کاشت کے رقبے کو  کم کرنے کے مسئلے کو حل کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب 1 سے 2 بیگھہ والے 500 کسان خاندان منظم ہوجائیں گے تو وہ 500 – 1000 بیگھہ کسانوں سے زیادہ طاقت ور ہوں گے۔ اسی طرح سبزیوں ، پھلوں ، دودھ ، مچھلی اور اس طرح کے بہت سے چھوٹے کاروبار سے وابستہ چھوٹے کاشتکار اب کسان ریل کے ذریعے بڑی منڈیوں سے منسلک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پیش کی جانے والی نئی زرعی اصلاحات سے چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کو بھی فائدہ ہوگا اور ان فارم قوانین پر ملک بھر سے مثبت آراء مل رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی قوانین کے خلاف ہر قسم کی غلط معلومات پھیلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک میں غیر ملکی کمپنیوں کو بلانےکے لئے قانون نافذ کیا وہ بھارتی کمپنیوں کے ذریعہ کسانوں کو ڈرا رہی ہیں۔ یہ جھوٹ اور پروپیگنڈا  اب  سامنے  آچکا ہے ۔ نئے قوانین کے نفاذ کے بعد ، اترپردیش میں پچھلے سال کے مقابلہ میں دھان کی خریداری دوگنا کردی گئی تھی۔ یوگی سرکار نے پہلے ہی گنے کے کاشتکاروں کے لئے 1 لاکھ کروڑ روپئے جاری کرچکی ہے۔ شوگر ملوں کو کاشت کاروں کو ادائیگی کرنے کے لئے مرکز نے ریاستی حکومتوں کو ہزاروں کروڑوں روپے بھی جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش حکومت گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔

وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ حکومت گاؤں اور کسانوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوامیتوا اسکیم سے کسی دیہاتی کے مکان پر غیرقانونی قبضے کے امکان سے نجات مل جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت ، ان دنوں یوپی کے تقریبا  50 اضلاع میں ڈرون کے ذریعے سروے کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تقریبا 12 ہزار دیہات میں ڈرون سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور اب تک 2 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو پراپرٹی کارڈ مل چکا ہے اور یہ خاندان اب ہر طرح کے خوف سے آزاد ہیں۔

لہذا ، وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی زراعی اصلاحات کے قوانین کے ذریعہ کسان کی زمین پر قبضہ کرنے کی بات پر  کیسے یقین کرسکتا ہے۔ ہمارا مقصد ہر شہری کو بااختیار بنانا ہے ، ہمارا عہد یہ ہے کہ ملک کو آتم نربھر بنائیں اور ہم اس کام کے لئے  وقف ہیں۔ وزیر اعظم نے گوسوامی تلسی داس کے رام چرترمانس کی ایک چوپائی کے ساتھ اپنی بات ختم کی۔ جس کا مفہوم یہ ہے کہ کسی بھی کام کو صحیح نیت سے اور  بھگوان  رام  کو دل میں بسا کر کیا جائے تو اس میں کامیابی مل کر رہے گی ۔

 

*****

ش ح ۔ ق ت ۔  ج ق ۔ م ص ۔ رب

U -1621