نئیدہلی۔31؍جنوری۔وزیراعظم جناب نریندر مودی نے بابائے قوم آنجہانی مہاتما گاندھی کے یوم وفات کے موقع پر ، گجرات کے نوساری ضلع کے ڈانڈی میں واقع نیشنل سالٹ ستیہ گرہ میموریل ملک وقوم کے نام وقف کیا۔ میموریل میں انہوں نے مہاتما گاندھی اوران 80دیگر ستیہ گرہیوں کے مجسموں کی نقاب کشائی کی جنہوں نے 1930 میں تاریخی ڈانڈی سالٹ مارچ کےدوران آنجہانی مہاتماگاندھی کے ساتھ سفر کیا تھا جس میں برطانوی قانون کے خلاف سمندر کے پانی سے نمک بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس میموریل کی دیواروں پر 24 ایسے نقوش کندہ کیے گئے ہیں جن سے 1930 کے تاریخی نمک مارچ کے واقعات کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی ہے۔
اس میموریل کی توانائی کی ضروریات کی تکمیل کیلئے شمسی شجر نصب کیے گئے ہیں ، وزیراعظم نے اس موقع پر میموریل کے چاروں طرف کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر عوامی جلسے سے خطاب میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد دی جنہوں نے اس میموریل کیلئے اس کی تیاری میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میموریل ہمیں اپنے اُن عظیم مجاہدین آزادی کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کردی تھیں۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ ڈانڈی میموریل دراصل مہاتما گاندھی کے آگرہ، سوچھاگرہ اور ستیہ گرہ کا روشن مجموعہ ہے اور آنے والے دنوں میں یہ یہاں آنے والے سیاحو ں کیلئے سب سے پُرکشش مرکز ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بابائے قوم آنجہانی مہاتما گاندھی کی روایات کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتے ہوئے ہماری سرکار نے کھادی سے وابستہ تقریباً دو ہزار اداروں کی جدید کاری کی ہے جس سے لاکھوں دستکاروں اور مزدوروں کو فائدہ پہنچا ہے۔ اب کھادی محض ایک فیشن نہیں رہ گیا بلکہ خواتین کو تفویض اختیارات کی علامت بھی بن گیا ہے۔ جس طرح سودیشی نے تحریک آزادی نے انتہائی اہم کردار ادا کیا تھااسی طرح ہتھ کرگھے غریبی کے خاتمے میں زبردست معاونت کریں گے۔ سرکار نے ہتھ کرگھوں کے فروغ کی غرض سے ہر سال 7 اگست کو یوم ہتھ کرگھا منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوچھاگرہ پر گاندھی جی کے اصرار کی اہمیت کاحوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ، ہم نے انہیں قدروں کو صاف ستھرے ہندوستان کیلئے اپنایا ہے ، سوچھ بھارت ابھیان کا اثر یہ ہوا ہے کہ دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ جہاں سال 2014 میں دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی محض 38 فیصد تھی وہیں قومی جمہوری اتحاد کے برسراقتدار آنے کے بعد دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی 98 فیصد ہوگئی ہے۔
وزیراعظم نے کھانا بنانے کے ایندھن سے بجلی اور حفظان صحت سے مالیات خدمات تک تمام تر سہولیات دیہی علاقوں کو دستیاب کرانے کی کوششیں دوہراتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ’’گرام اودے سے بھارت اودے‘‘ کے مشن اور نظریے کے عین مطابق ہے۔
واضح ہو کہ وزیراعظم نریندر مودی گجرات کے ایک روزہ دورے پر ہیں ، اس سے پہلے دن میں وزیراعظم نے سورت ہوائی اڈے کی ٹرمنل بلڈنگ کی توسیعی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور سورت میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے جدید ترین سورت کا جدیدترین رسیلا بین، سیونتی لال وینس ہاسپٹل بھی ملک وقوم کے نام وقف کیا اور سورت میں نیوانڈیا یوتھ کنکلیو سے خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
U-601