نئی دہلی ،10 اگست : مرکزی کابینہ نے، وزیراعظم ، جناب نریندرمودی کی سربراہی میں محنت وروزگارکی وزارت کے تحت کرما، جھارکھنڈ میں قائم مرکزی اسپتال کو،اس کی آراضی اور عمارت سمیت ،بلا کسی معاوضہ کے جھارکھنڈ حکومت کو سونپنےکی تجویز کو اپنی منظوری دے دی ہے ۔ جھارکھنڈ حکومت اس اسپتال کی جگہ مرکزی اسپانسرشدہ اسکیم کے تحت ، یعنی موجودہ ضلعی اسپتالوں /حوالہ جاتی اسپتالوں کے قیام کے سلسلے کے تحت ایک نیامیڈیکل کالج قائم کریگی تاکہ اس خطے کے عوام کی ضروریات کی تکمیل ہوسکے ۔
نفاذکی حکمت عملی اوراہداف
مرکزی اسپتال اپنی آراضی اورعمارت سمیت تین مہینوں کی مدت کے اندرجھارکھنڈ حکومت کو منتقل ہوجائیگا ۔ محنت وروزگارکی وزارت ریاستی حکومت کے مابین منتقلی /عملے کی تطبیق وغیرہ کے سلسلے میں ضروری تفصیلات پرمبنی ایک مفاہمتی عرضداشت پردستخط کئے جائیں گے ۔
بڑااثر
اس تجویز کے نتیجے میں ہرسال ملک بھرمیں تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ اس سے خطے میں حفظان صحت کے بنیادی ڈھانچے کی اصلاح ہوگی، جس کے نتیجے میں عوام الناس کو بہترحفظان صحت سہولتیں فراہم ہوں گی ۔
استفادہ کنندگان
اس سے کرما ، جھارکھنڈ میں اوراس کے گرد ونواح میں سکونت پذیرعام لوگوں کوبہترحفظان صحت سہولتیں فراہم ہوں گی ۔
پس منظر
وزارت محنت وروزگاراپنے اسپتالوں اورشفاخانوں کے توسط سے غیرمنظم شعبے میں مصروف عمل کارکنان کے چند زمروں اوران کے زیرکفالت افراد کے لئے حفظان صحت سہولتیں فراہم کرتی ہے ۔ مائیکا کانوں /بیڑی مزدوروں کے لئے محنت وروزگارکی وزارت کی جانب سے کرما،جھارکھنڈ میں 150بستروں کاایک اسپتال ( جس میں اسی احاطے کے اندر واقع ٹی بی کے مریضوں کے لئے 50بستروں کا ایک اسپتال بھی شامل تھا )قائم کیاگیاتھا ۔جھارکھنڈ نے کرمامیں واقع مرکزی اسپتال کو بلاکسی معاوضہ کے آراضی اورعمارت سمیت منتقل کرنے کی غرض سے ایک تجویز پیش کی تھی تاکہ اس کی جگہ اس علاقے میں ایک نئے میڈیکل کالج کا قیام عمل میں آسکے ۔
*************
U-4195