Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نوساری، گجرات میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نوساری، گجرات میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نوساری، گجرات میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بڑی تعداد میں موجود ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی جانب سے ملنے والے پیار، محبت اور آشیرواد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس خاص دن پر ملک کی تمام خواتین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں مہا کمبھ میں ماں گنگا نے آشیرواد حاصل کیا تھا جبکہ وہ آج ماترو شکتی کے مہا کمبھ میں آشیرواد حاصل کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے آج گجرات میں دو اسکیموں، جی-سفل(روزی روٹی میں اضافے سے متعلق انتودیہ کنبوں کے لیے گجرات کی اسکیم) اور جی-میتری (گجرات مینٹورشپ اور دیہی آمدنی میں تغیر کے لیے افراد کی ترقی سے متعلق اسکیم) کے آغاز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مختلف اسکیموں کے فنڈز براہ راست خواتین کے بینک کھاتوں میں منتقل کیے گئے ہیں اور اس کامیابی کے لیے سب کو مبارکباد دی۔

جناب مودی نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ آج کا دن خواتین کے لیے وقف ہے اور سبھی کے تئیں اظہار تشکر کیا اور فخر سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو دنیا کا سب سے امیر ترین شخص سمجھتے ہیں، پیسے کے لحاظ سے نہیں، بلکہ کروڑوں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے آشیرواد کی وجہ سے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا،”یہ نعمتیں میری سب سے بڑی طاقت، سرمایہ اور حفاظتی ڈھال ہیں”۔

خواتین کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، کیونکہ یہ سماج اور ملک کی ترقی کی طرف پہلا قدم ہے، وزیر اعظم نے روشنی ڈالی، “ہندوستان اب ملک کی تیز رفتار ترقی کے لیے خواتین کی قیادت میں ترقی کے راستے پر چل رہا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی زندگی میں عزت اور سہولت دونوں کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کروڑوں خواتین کے لیے بیت الخلاء کی تعمیر کا ذکر کیا، جسے عزت گھر یا عزت کا گھر بھی کہا جاتا ہے، جس سے ان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، اور کروڑوں خواتین کے لیے بینک کھاتے کھولنے، انہیں بینکنگ نظام سے مربوط کرنے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے خواتین کو دھوئیں کی مشکلات سے بچانے کے لیے اجووَلا سلنڈر کی فراہمی پر بھی روشنی ڈالی۔ جناب مودی نے اس امر کا ذکر کیا کہ حکومت نے کام کاجی خواتین کے لیے زچگی کی رخصتی کو 12 ہفتوں سے بڑھا کر 26 ہفتے کر دیا ہے۔ انہوں نے مسلم بہنوں کی جانب سے طلاق ثلاثہ کے خلاف قانون بنانے کے مطالبے کو تسلیم کیا اور کہا کہ حکومت نے لاکھوں مسلمان بہنوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے سخت قانون بنایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب جموں و کشمیر میں دفعہ 370 نافذ تھی تو خواتین کو بہت سے حقوق سے محروم رکھا گیا تھا۔ اگر انہوں نے ریاست سے باہر کسی سے شادی کی تو وہ آبائی جائیداد کے حق سے محروم ہوگئیں اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر میں خواتین کو اب ان کے حقوق مل گئے ہیں۔

معاشرے، حکومت اور بڑے اداروں کی مختلف سطحوں پر خواتین کے لیے بڑھتے ہوئے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، “خواتین ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، خواہ وہ سیاست ہو، کھیل کود ہو، عدلیہ ہو یا پولیس”۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مرکزی حکومت میں خواتین وزراء کی سب سے زیادہ تعداد دیکھی گئی ہے، اور پارلیمنٹ میں خواتین کی موجودگی میں بھی اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد سے اہم عہدوں پر خواتین کی شرکت میں نمایاں اضافہ رونما ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2019 میں 78 خواتین ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئیں اور 18ویں لوک سبھا میں 74 خواتین ممبران اسمبلی ایوان کا حصہ ہیں۔ عدلیہ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت، ضلعی عدالتوں میں ان کی موجودگی کی شرح 35فیصد  سے زیادہ ہے۔ کئی ریاستوں میں، سول جج کے طور پر نئی بھرتی ہونے والوں میں 50فیصد  سے زیادہ خواتین ہیں۔جناب مودی نے روشنی ڈالی کہ، “ہندوستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ہے، جہاں تقریباً نصف اسٹارٹ اپس میں خواتین قائدانہ کردار ادا کرتی ہیں”۔ انہوں نے بڑے خلائی مشنوں کی قیادت کرنے والی خواتین سائنسدانوں کی نمایاں شراکت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ ہندوستان میں دنیا میں خواتین پائلٹوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے نوساری میں تقریب کا اہتمام کرنے کے معاملے میں خواتین کے کردار کو بھی تسلیم کیا، جس میں خواتین پولیس افسران اور اہلکار سیکورٹی انتظامات کا انتظام کر رہی تھیں۔ وزیر اعظم نے سیلف ہیلپ گروپوں کی خواتین کے ساتھ اپنی پہلے کی بات چیت کا ذکر کیا، ان کے جوش و جذبے اور اعتماد کو ہندوستان کی خواتین کی طاقت کے ثبوت کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے اپنے اس یقین کا اعادہ کیا کہ وکست بھارت کے عزم کو پورا کیا جائے گا، اس مقصد کو حاصل کرنے میں خواتین سب سے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

گجرات کو خواتین کی زیرقیادت ترقی کی ایک اعلیٰ مثال قرار دیتے ہوئے، جس نے ملک کو ایک کامیاب تعاون پر مبنی ماڈل فراہم کیا ہے، جو خواتین کی محنت اور طاقت کے ذریعے تیار ہوا ہے، وزیر اعظم نے امول کی عالمی پہچان پر زور دیا اور بتایا کہ کس طرح گجرات کے دیہاتوں کی لاکھوں خواتین نے دودھ کی پیداوار کو ایک انقلاب میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجراتی خواتین نے نہ صرف خود کو معاشی طور پر بااختیار بنایا ہے بلکہ دیہی معیشت کو بھی مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے گجراتی خواتین کی جانب سے شروع کی گئی لجت پاپڑ کی کامیابی پر بھی روشنی ڈالی، جو اب سینکڑوں کروڑ مالیت کا برانڈ بن چکا ہے۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے دور کو یاد کرتے ہوئے، جس کے دوران حکومت نے خواتین اور لڑکیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات کیے، جن میں چرنجیوی یوجنا، بیٹی بچاؤ ابھیان، ممتا دیوس، کنیا کیلاوانی رتھ یاترا، کنور بائی نو مامیرو، سات پھیرا سموہ  لگن  یوجنا، اور ابھیان ہیلپ لائن جیسے اقدامات شامل ہیں، جناب مودی نے اس امر پر زور دیا کہ گجرات نے پورے ملک کو یہ دکھایا ہے کہ صحیح پالیسیوں کے توسط سے کس طرح خواتین کی قوت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ڈیری کے کاموں سے وابستہ خواتین کے کھاتوں میں براہ راست رقوم کی منتقلی کا ذکر کیا، یہ ایک ایسا عمل ہے جو گجرات میں شروع ہوا تھا اور اب اسے پورے ملک میں لاکھوں استفادہ کنندگان تک پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) نے ہزاروں کروڑ روپے کے گھوٹالوں کو روکا ہے اور غریبوں کو مدد فراہم کی ہے۔

بھج کے زلزلے کے بعد تعمیر نو کے دوران خواتین کو ان کے ناموں پر مکانات فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے کی حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ پی ایم آواس یوجنا میں بھی یہی طریقہ اپنایا جا رہا ہے، جس میں 2014 سے تقریباً 3 کروڑ خواتین گھر کی مالکن بن گئی ہیں۔ انہوں نے جل جیون مشن کی عالمی سطح پر پہچان پر تبصرہ کیا جس نے پانی کو گاؤں تک پہنچایا ہے۔ اس مشن کی کامیابی میں خواتین کی آبی کمیٹیوں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے، گذشتہ پانچ برسوں میں، ہزاروں دیہاتوں کے 15.5 کروڑ گھرانوں تک پائپ سے پانی پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ماڈل گجرات میں شروع ہوا اور اب ملک بھر میں پانی کے بحران سے نمٹ رہا ہے۔

پانی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اور پانی کی قلت کے مسئلہ کو حل کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے مرکزی وزیر برائے جل شکتی، جناب سی آر پاٹل کی قیادت میں ملک گیر مہم “کیچ دی رین” پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے روکنا  اور اسے وہیں اکٹھا کرنا ہے جہاں یہ گرتا ہے۔ انہوں نے نوساری کی خواتین کی کوششوں کی تعریف کی، جنہوں نے بارش کے پانی کو بچانے کے لیے 5,000 سے زیادہ پروجیکٹس مکمل کیے ہیں، جن میں تالاب، چیک ڈیم، بورویل ری چارج اور کمیونٹی سوک پٹ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوساری میں پانی کے تحفظ کے سیکڑوں منصوبے ابھی بھی جاری ہیں، جس کا ہدف ایک ہی دن میں 1000 پرکولیشن گڑھے بنانے کا ہے۔ جناب مودی نے نوساری ضلع کو بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی اور پانی کے تحفظ کے لیے گجرات کے سرکردہ اضلاع میں سے ایک کے طور پر تسلیم کیا، نوساری کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو اس علاقے میں ان کی کامیابیوں کے لیے خصوصی مبارکباد دی۔

جناب مودی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گجرات کے پنچایتی انتخابات میں 50فیصد  نشستیں خواتین کے لیے مخصوص تھیں، کہا کہ “گجرات کی خواتین کی طاقت اور ان کا تعاون کسی ایک شعبے تک محدود نہیں ہے”۔ انہوں نے کہا کہ جب انہیں وزیر اعظم کے طور پر دہلی بھیجا گیا تھا تو وہ وہی تجربہ اور عزم قوم کے سامنے لے کر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والا پہلا بل خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تھا، جسے ناری شکتی وندن ادھینیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا فخر سے ذکر کیا اور کہا کہ اس بل کو صدر جمہوریہ نے منظور کیا تھا، جن کا تعلق ایک عام قبائلی پس منظر سے ہے۔ وزیر اعظم نے اپنا یقین ظاہر کیا کہ وہ دن دور نہیں جب وہاں موجود خواتین میں سے کوئی ایک ایم پی یا ایم ایل اے بنے گی اور ایسے پلیٹ فارم پر بیٹھے گی۔

مہاتما گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کی روح دیہی ہندوستان میں آباد ہے اور مزید کہا کہ “دیہی ہندوستان کی روح دیہی خواتین کو بااختیار بنانے میں مضمر ہے”۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے خواتین کے حقوق اور مواقع کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے، اس اقتصادی ترقی کی بنیاد ان جیسی لاکھوں خواتین نے رکھی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی میں دیہی معیشت اور خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ 10 کروڑ سے زیادہ خواتین ملک بھر میں 90 لاکھ سے زیادہ سیلف ہیلپ گروپس چلا رہی ہیں، جن میں سے 3 لاکھ سے زیادہ سیلف ہیلپ گروپ صرف گجرات میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے ان لاکھوں خواتین کی آمدنی میں اضافے کے لیے حکومت کے عزم کا ذکر کیا، جس کا مقصد انہیں “لکھپتی دیدی” بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 1.5 کروڑ خواتین پہلے ہی “لکھ پتی دیدیاں” بن چکی ہیں اور حکومت کا مقصد آئندہ پانچ برسوں میں مجموعی طور پر 3 کروڑ خواتین کو “لکھ پتی دیدیاں” بنانا ہے۔

اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہ جب ایک بہن “لکھپتی دیدی” بنتی ہے تو پورے خاندان کی قسمت بدل جاتی ہے، جناب مودی نے کہا کہ خواتین گاؤں کی دوسری خواتین کو اپنے کام میں شامل کرتی ہیں، آہستہ آہستہ گھریلو کام کو معاشی تحریک میں تبدیل کر دیتی ہیں۔ سیلف ہیلپ گروپس کی صلاحیت میں اضافے کے لیے، حکومت نے گزشتہ دہائی کے دوران ان کے بجٹ میں پانچ گنا اضافہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان سیلف ہیلپ گروپوں کو 20 لاکھ روپے تک کے ضمانت سے مبرا قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مزید برآں، سیلف ہیلپ گروپوں  میں خواتین کو نئی مہارتیں حاصل کرنے اور نئی تکنالوجیوں سے جڑنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ قوم کی خواتین ہر وسوسے اور خوف پر قابو پا کر آگے بڑھ رہی ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ جب ’’ڈرون دیدی‘‘ اسکیم شروع کی گئی تھی، تو بہت سے لوگوں کو دیہی خواتین کے ساتھ ڈرون جیسی جدید ٹیکنالوجی کی مطابقت کے بارے میں شکوک و شبہات تھے۔ تاہم، انہوں نے اپنی بہنوں اور بیٹیوں کی صلاحیتوں اور لگن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج، “نمو ڈرون دیدی” مہم زراعت اور دیہی معیشت میں ایک نیا انقلاب لا رہی ہے، جو اس تبدیلی کی قیادت کرنے والی خواتین کے لیے نمایاں آمدنی کا باعث ثابت ہو رہی ہے۔ جناب مودی نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ “بینک سکھی” اور “بیمہ سکھی” جیسی اسکیموں نے دیہات میں خواتین کے لیے نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے، “کرشی سکھی” اور “پشو سکھی” جیسی مہمات شروع کی گئی ہیں، جو لاکھوں خواتین کو جوڑ کر ان کی آمدنی میں اضافہ کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی کوششوں سے گجرات میں زیادہ سے زیادہ خواتین کو فائدہ پہنچانا چاہیے، شری بھوپیندر بھائی پٹیل اور گجرات حکومت کو 10 لاکھ مزید خواتین کو “لکھپتی دیدیاں” بنانے کی مہم شروع کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

بطور وزیر اعظم لال قلعہ سے اپنے پہلے خطاب کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے خواتین کے خلاف جرائم کو روکنے اور ایک بہتر معاشرے کی تعمیر کے لیے صرف بیٹیوں سے نہیں بلکہ بیٹوں سے پوچھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران، حکومت نے خواتین کے تحفظ کو ترجیح دی ہے، ان کے خلاف جرائم کو روکنے کے لیے قوانین کو سخت بنایا ہے۔ انہوں نے خواتین کے خلاف سنگین جرائم کے لیے فوری انصاف کو یقینی بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام پر روشنی ڈالی، ملک بھر میں 800 کے قریب عدالتوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے بیشتر اب کام کر رہی ہیں۔ یہ عدالتیں عصمت دری اور پی او سی ایس او سے متعلق تقریباً تین لاکھ مقدمات کے حل میں تیزی لے کر آئی ہیں۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ حکومت نے عصمت دری جیسے گھناؤنے جرائم کے لیے سزائے موت کا انتظام متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے چوبیسوں گھنٹے ساتوں دن خواتین کی ہیلپ لائن کی مضبوطی اور خواتین کے لیے ون اسٹاپ سینٹرز کے قیام پر بھی روشنی ڈالی، جس کے ساتھ ملک بھر میں اب 800 مراکز کام کر رہے ہیں، جو 10 لاکھ سے زیادہ خواتین کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔

خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم سے نمٹنے کے لیے ایک الگ باب شامل کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا “نئے نافذ شدہ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) نے  نوآبادیاتی قوانین کو ختم کرتے ہوئے، خواتین کے تحفظ سے متعلق دفعات کو مزید مضبوط کیا ہے”۔ انہوں نے اس عام شکایت کو تسلیم کیا کہ متاثرین کو اکثر انصاف میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے، انڈین پینل کوڈ اب یہ حکم دیتا ہے کہ عصمت دری جیسے گھناؤنے جرائم کے لیے 60 دن کے اندر اندر فرد جرم عائد کی جائے اور 45 دن کے اندر فیصلے سنائے جائیں۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ نئے قوانین ای -ایف آئی آر کو کہیں سے بھی درج کرنے کی اجازت دیتے ہیں، جس سے پولیس کو فوری کارروائی کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ زیرو ایف آئی آر کی شق کے تحت، کوئی بھی خاتون کسی بھی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر سکتی ہے اگر اسے مظالم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مزید برآں، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پولیس اب عصمت دری کے متاثرین کے بیان آڈیو-ویڈیو ذرائع سے ریکارڈ کر سکتی ہے، جسے قانونی طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹروں کو میڈیکل رپورٹس بھیجنے کا وقت 7 دن مقرر کیا گیا ہے، جس سے متاثرین کو اہم مدد مل رہی ہے۔

اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ بی این ایس میں نئی ​​دفعات پہلے سے ہی نتائج ظاہر کر رہی ہیں، جناب مودی نے گزشتہ اکتوبر میں سورت ضلع میں ایک المناک واقعہ کو یاد کیا، جہاں ایک اجتماعی عصمت دری کے کیس میں 15 دنوں کے اندر الزامات طے کیے گئے اور چند ہفتوں کے اندر مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی این ایس کے نفاذ سے ملک بھر میں خواتین کے خلاف جرائم کی سماعت میں تیزی آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی گڑھ، اتر پردیش میں، ایک عدالت نے ایک نابالغ کی عصمت دری کرنے والے کو 20 سال قید کی سزا سنائی، چارج شیٹ داخل کرنے کے 30 دنوں کے اندر بی این ایس کے تحت پہلی سزا سنائی گئی۔ کولکتہ میں، ایک عدالت نے سات ماہ کے بچے کے ساتھ زیادتی کے جرم میں ایک مجرم کو موت کی سزا سنائی، جرم کے 80 دنوں کے اندر فیصلہ سنایا گیا۔ وزیر اعظم نے یہ ظاہر کرنے کے لیے مختلف ریاستوں سے ان مثالوں کو اجاگر کیا کہ کس طرح بی این ایس اور دیگر حکومتی فیصلوں نے خواتین کی حفاظت میں اضافہ کیا ہے اور فوری انصاف کو یقینی بنایا ہے۔

قوم کو اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ وہ ان کے خوابوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے، وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح ایک بیٹا اپنی ماں کی خدمت کرتا ہے، اسی طرح وہ مادر ہند اور ہندوستان کی ماؤں اور بیٹیوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے پختہ یقین کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بات مکمل کی کہ لوگوں کی محنت، لگن اور آشیرواد 2047 تک وکست بھارت کے مقصد کو حاصل کرنے میں مدد کریں گے اور ایک مرتبہ پھر ملک کی ہر ماں، بہن اور بیٹی کو یوم خواتین کے لیے اپنی دلی خواہشات کا اظہار کیا۔

اس تقریب میں گجرات کے وزیر اعلیٰ جناب بھوپندر بھائی پٹیل، جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل دیگر معززین کے ساتھ موجود تھے۔

پس منظر

خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی طرف سے کئے گئے کام کا سنگ بنیاد رہا ہے۔ وزیر اعظم کے وژن کی رہنمائی میں حکومت ان کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسی سلسلے میں، 8 مارچ کو، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر، وزیر اعظم نے نوساری ضلع کے ونسی بورسی گاؤں میں لکھ پتی دیدی کے پروگرام میں شرکت کی اور لکھ پتی دیدیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے 5 لکھ پتی دیدیوں کو لکھ پتی دیدی اسناد سے بھی نوازا۔

جی-میتری اسکیم اسٹارٹ اپس کو مالی مدد اور دستگیری کرے گی جو دیہی معاش کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

جی- سفل اسکیم گجرات کے دو خواہش مند اضلاع اور 13 خواہش مند بلاکوں میں انتودیہ کنبوں کی ایس ایچ جی خواتین کو مالی مدد اور کاروباری تربیت فراہم کرے گا۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:7999