نمو بدھیا!
تھائی لینڈ میں سمواد پروگرام کے اس ایڈیشن میں آپ سب کے ساتھ جڑنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ بھارت، جاپان اور تھائی لینڈ کے کئی ممتاز ادارے اور شخصیات اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ میں ان سب کی محنت کی تعریف کرتا ہوں اور تمام شرکاء کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
دوستو،
میں اس موقع پر اپنے دوست، جناب شنزوآبے کو یاد کرنا چاہوں گا۔ 2015 میں سمواد کا تصور میرے ان کے ساتھ بات چیت سے سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد سے سمواد کا انعقاد مختلف ممالک میں کیا جاچکا ہے، جہاں بحث، مکالمہ اور گہری تفہیم کو فروغ دیا گیا۔
دوستو،
مجھے یہ خوشی ہے کہ سمواد کا یہ ایڈیشن تھائی لینڈ میں ہو رہا ہے۔ تھائی لینڈ کی ایک مالا مال ثقافت، تاریخ اور وراثت ہے۔ یہ ایشیا کی مشترکہ فلسفیانہ اور روحانی روایات کا ایک خوبصورت نمونہ ہے۔
دوستو،
بھارت اور تھائی لینڈ کے درمیان دو ہزار سال سے زائد گہری ثقافتی روابط ہیں۔ رامائن اور راماکین ہمیں جوڑتے ہیں۔ ہمارے مشترکہ عقیدت بھگوان بدھ کے لیے ہمیں یکجا کرتی ہے۔ پچھلے سال جب ہم نے تھائی لینڈ کو بھگوان بدھ کی مقدس باقیات بھیجیں تو لاکھوں عقیدت مندوں نے انہیں عقیدت پیش کی۔ ہمارے دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک شاندار شراکت داری کے حامل ہیں۔ بھارت کی ’ایکٹ ایسٹ‘ پالیسی اور تھائی لینڈ کی ’ایکٹ ویسٹ‘ پالیسی ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں، جو باہمی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیتی ہیں۔ یہ کانفرنس ہماری دوستی کا ایک اور کامیاب باب ہے۔
دوستو،
سمواد کا موضوع ایشیائی صدی کی بات کرتا ہے۔ جب لوگ یہ اصطلاح استعمال کرتے ہیں، تو وہ عموماً ایشیا کی اقتصادی ترقی کا حوالہ دیتے ہیں۔ تاہم، یہ کانفرنس اس بات کواجاگر کرتی ہے کہ ایشیائی صدی صرف اقتصادی قدر سے نہیں بلکہ سماجی اقدار سے بھی تعلق رکھتی ہے۔ بھگوان بدھ کی تعلیمات دنیا کو ایک پرامن اور ترقیاتی دور بنانے میں رہنمائی فراہم کر سکتی ہیں۔ ان کی حکمت ہمیں انسانیت پر مرکوز مستقبل کی طرف رہنمائی فراہم کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔
دوستو،
سموادکے بنیادی موضوعات میں سے ایک تنازعات سے بچاؤ ہے۔ اکثر تنازعات اس یقین سے جنم لیتے ہیں کہ صرف ہمارا راستہ صحیح ہے اور باقی سب غلط ہیں۔ بھگوان بدھ نے اس مسئلے کے بارے میں بصیرت فراہم کی ہیں:
امیسو کِر سجنک، اے کے سمنبراہنا وگیہ ناں ویودنتی، جنا ایکندسنو
اس کا مطلب ہے کہ کچھ لوگ اپنے نقطہ نظر پر اڑ جاتے ہیں اور جھگڑتے ہیں، صرف ایک فریق کو سچ سمجھتے ہیں۔ لیکن ایک ہی مسئلے پر مختلف نظریات ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رگ وید میں کہا گیا ہے:
ایکن سدیپرا بہودھا ودنتی
جب ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ سچ کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا سکتا ہے، تو ہم تنازعات سے بچ سکتے ہیں۔
دوستو،
تنازعات کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ ہم دوسروں کو اپنے سے بنیادی طور پر مختلف سمجھتے ہیں۔ اختلافات دوری کا باعث بنتے ہیں اور دوری بدگمانی میں بدل سکتی ہے۔ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے دھم پد کے منتر اس طرح ہیں:
سبے تسنتی دنڈسس، سبے بھاینتی مچّنو۔ اتّانن اپمن کتوا، نا ہنیہ نا گھاتیے
اس کا مطلب ہے کہ ہر شخص درد اور موت سے ڈرتا ہے۔ اگر ہم دوسروں کو اپنے جیسا سمجھیں، تو ہم یہ یقین دہانی کر سکتے ہیں کہ کوئی نقصان یا تشدد نہیں ہوگا۔ اگر ان الفاظ پر عمل کیا جائے تو تنازعات سے بچا جا سکتا ہے۔
دوستو،
دنیا کے بہت سے مسائل انتہائی سخت موقف اپنانے سے جنم لیتے ہیں بجائے اس کے کہ ہم متوازن نقطہ نظر اختیار کریں۔ انتہاپسند آراء تنازعات، ماحولیاتی بحران اور یہاں تک کہ ذہنی تناؤ سے متعلق صحت کے مسائل پیدا کرتی ہیں۔ ایسے چیلنجز کا حل بھگوان بدھ کی تعلیمات میں ہے۔ انہوں نے ہمیں درمیانی راستہ اختیار کرنے اور انتہا پسندی سے بچنے کی ترغیب دی۔ اعتدال کے اصول کی آج بھی اہمیت ہے اور یہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
دوستو،
آج کل تنازعات صرف افراد اور اقوام تک محدود نہیں ہیں، بلکہ انسانیت اب فطرت کے ساتھ بھی تنازعہ میں ہے۔ اس سے ایک ماحولیاتی بحران پیدا ہو چکا ہے جو ہمارے کرۂ ارض کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ اس چیلنج کا جواب ایشیا کی مشترکہ روایات میں ہے، جو دھم کے اصولوں پر مبنی ہیں۔ ہندو ازم، بدھ مت، شنٹوازم اور دیگر ایشیائی روایات ہمیں فطرت کے ساتھ ہم آہنگ رہنے کی تعلیم دیتی ہیں۔ ہم اپنے آپ کو فطرت سے علیحدہ نہیں سمجھتے بلکہ اس کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ہم ٹرسٹی شپ کے تصور پر یقین رکھتے ہیں، جیسا کہ مہاتما گاندھی نے کہا ہے۔ آج جب ہم ترقی کے لیے قدرتی وسائل استعمال کرتے ہیں، تو ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے اپنی ذمہ داری کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ یہ نقطہ نظر اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ وسائل کو لالچ کی بجائے ترقی کے لیے استعمال کیا جائے۔
دوستو،
میں وڈنگر سے تعلق رکھتا ہوں، جو بھارت کے مغربی حصے کا ایک چھوٹا سا شہر ہے، جو کبھی بدھ مت کی تعلیم کا بڑا مرکز تھا۔ میں بھارتی پارلیمنٹ میں وارانسی حلقے کی نمائندگی کرتا ہوں، جس میں سارناتھ بھی شامل ہے۔ سارناتھ وہ مقدس جگہ ہے جہاں بھگوان بدھ نے اپنا پہلا خطاب کیا تھا۔ یہ ایک خوبصورت اتفاق ہے کہ بھگوان بدھ سے وابستہ مقامات نے میری زندگی کے سفر کو تشکیل دیا ہے۔
دوستو،
بھگوان بدھ کے لیے ہماری عقیدت ہماری حکومت کی پالیسیوں میں بھی جھلکتی ہے۔ ہم نے بدھ مت کے اہم مقامات کو جوڑنے کے لیے سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی ہے، جسے بدھ مت سرکٹ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ‘بدھ پورنیما ایکسپریس’ خصوصی ٹرین کو اس سرکٹ میں سفر کو آسان بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح ایک تاریخی قدم ہے جو بین الاقوامی بدھ مت کے عقیدتمندوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ حال ہی میں ہم نے بودھ گیا کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ میں دنیا بھر سے عقیدتمندوں، اسکالرز اور بھکشوؤں کو بھگوان بدھ کی سرزمین بھارت میں آنے کی دعوت دیتا ہوں۔
دوستو،
نالندا مہاوہار تاریخ کی سب سے عظیم یونیورسٹیوں میں سے ایک تھی۔ اسے صدیوں قبل تباہی پھیلانے والی قوتوں نے برباد کر دیا تھا۔ لیکن ہم نے اس کا از سر نو آغاز کر کے اسے ایک تعلیمی مرکز کے طور پر زندہ کیا ہے۔ بھگوان بدھ کے آشیرواد سے میں پُر اعتماد ہوں کہ نالندا یونیورسٹی اپنی سابقہ عظمت کو دوبارہ حاصل کرے گی۔ پالی زبان کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے، وہ زبان جس میں بھگوان بدھ نے اپنی تعلیمات فراہم کی تھیں۔پالی کو ہماری حکومت نے ایک کلاسیکی زبان کے طور پر اعلان کیا ہے، جو اس کی ادبیات کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔ اس کے علاوہ، ہم نے گیان بھارتم مشن شروع کیا ہے تاکہ قدیم مخطوطات کی نشاندہی اور کیٹلاگنگ کی جا سکے۔ یہ اقدام بدھ مت کے اسکالرز کے فائدے کے لیے دستاویزی مواد اور ڈیجیٹلائزیشن کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
دوستو،
پچھلے دہائی کے دوران، ہم نے کئی ممالک کے ساتھ مل کر بھگوان بدھ کی تعلیمات کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔ حال ہی میں بھارت میں پہلا ایشیائی بدھ مت سربراہی اجلاس ’’ایشیا میں بدھ دھم کے کردار‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوا تھا۔ اس سے پہلے، بھارت نے پہلا عالمی بدھ مت سربراہی اجلاس کی بھی میزبانی کی تھی۔ مجھے نیپال کے لمبنی میں بدھ کی ثقافت اور وراثت کے لئے ہندوستانی بین الاقوامی مرکز کا سنگ بنیاد رکھنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ بھارت نے لمبنی میوزیم کی تعمیر میں بھی تعاون کیا ہے۔ مزید برآں، ’’مختصر احکام‘‘ جو بھگوان بدھ کے ہیں، منگولین کانجور کے 108 جلدوں کو بھارت میں دوبارہ چھاپا گیا اور منگولیا کے خانقاہوں میں تقسیم کیا گیا۔ کئی ممالک میں یادگاروں کے تحفظ کے لیے ہماری کوششیں بھگوان بدھ کے ورثے کے تئیں ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔
دوستو،
یہ حوصلہ افزا ہے کہ سمواد کے اس ایڈیشن میں ایک مذہبی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں مختلف مذہبی رہنما شریک ہو رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اس پلیٹ فارم سے قیمتی معلومات سامنے آئیں گی، جو ایک ہم آہنگ دنیا کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوں گی۔ ایک مرتبہ پھر، میں تھائی لینڈ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس کانفرنس کی میزبانی کی۔ میں تمام شرکاء کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں جو اس نیک مشن کو آگے بڑھانے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ دعا ہے کہ دھم کی روشنی ہمیں امن، ترقی اور خوشحالی کے دور کی طرف رہنمائی کرتا رہے۔
***
ش ح۔ ع ح۔ع د
U-No. 6697)
Sharing my remarks during SAMVAD programme being organised in Thailand. https://t.co/ysOtGlslbI
— Narendra Modi (@narendramodi) February 14, 2025