Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلہ کے تحت 71,000سے زیادہ تقررنامے تقسیم کئے جانے کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن

ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلہ کے تحت 71,000سے زیادہ تقررنامے تقسیم کئے جانے کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن


نمسکار!

مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی، ملک کے کونے کونے میں موجود دیگر معززین اور میرے نوجوان دوست۔میں ابھی کل رات کویت سے واپس آیا ہوں… وہاں میں نے ہندوستانی نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے ساتھ ایک طویل ملاقات کی اور کافی بات چیت کی۔ اب یہاں آنے کے بعد میرا پہلا پروگرام ملک کے نوجوانوں کے ساتھ ہو رہا ہے۔ یہ بہت خوش کن اتفاق ہے۔ آج ملک کے ہزاروں نوجوانوں کے لیے، آپ سب کے لیے زندگی کی ایک نئی شروعات ہو رہی ہے۔ آپ کا برسوں کا خواب پورا ہوا ہے،  برسوں کی محنت رنگ لائی ہے۔ 2024 کا یہ گزرتا ہوا سال آپ کو اور آپ کے اہل خانہ نئی خوشیاں دے کر جا رہا  ہے۔ میں آپ تمام نوجوانوں اور آپ کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیوں،

ہندوستان کے نوجوانوں کی اہلیت اور صلاحیتوں کا بھرپور استعمال ہماری حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ ہم روزگار میلوں کے ذریعے اس سمت میں مسلسل کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں  سے حکومت کی مختلف وزارتوں، محکموں اور اداروں میں سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کی مہم جاری ہے۔ آج بھی 71 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تقرر نامے سونپے گئے ہیں۔ صرف پچھلے ڈیڑھ سال میں ہماری حکومت نے تقریباً 10 لاکھ نوجوانوں کو مستقل سرکاری نوکریاں دی ہیں۔ یہ اپنے آپ میں ایک بڑا ریکارڈ ہے۔ کسی بھی پچھلی حکومت کے دوران نوجوانوں کو حکومت ہند میں اس طرح کے مشن موڈ میں مستقل ملازمتیں نہیں ملی ہیں،  لیکن آج ملک میں نہ صرف لاکھوں نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں مل رہی ہیں بلکہ یہ نوکریاں پوری ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ دی جارہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اس شفاف روایت سے آنے والے نوجوان بھی پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ قوم کی خدمت میں مصروف ہو رہے ہیں۔

ساتھیوں،

کسی بھی ملک کی ترقی اس کے نوجوانوں کی محنت، صلاحیت اور قیادت سے ہوتی ہے۔ ہندوستان نے 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا عہد کیا ہے۔ ہمیں اس عزم پر یقین ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کے لیے پراعتماد ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان کے باصلاحیت نوجوان ہندوستان کی ہر پالیسی اور ہر فیصلے کے مرکز میں ہوتے ہیں۔ آپ پچھلی دہائی کی پالیسیوں کو دیکھیں، میک ان انڈیا، آتم نربھر بھارت ابھیان، اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، ایسی ہر اسکیم نوجوانوں کو مرکز میں رکھ کر بنائی گئی ہے۔ ہندوستان نے اپنے خلائی شعبے میں پالیسیاں بدلیں، ہندوستان نے اپنے دفاعی شعبے میں مینوفیکچرنگ کو فروغ دیا اور ہندوستان کے نوجوانوں کو اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔ آج ہندوستان کے نوجوان نئے اعتماد سے لبریز ہیں۔ وہ ہر شعبے میں پیش پیش ہیں۔ آج ہم دنیا کی 5ویں بڑی معیشت بن چکے ہیں۔ ہندوستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بن گیا ہے۔ آج، جب ایک نوجوان اپنا اسٹارٹ اپ شروع کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو اسے اس کی حمایت کے لئے ایک مکمل ماحولیاتی نظام ملتا ہے۔ آج جب کوئی نوجوان کھیلوں میں اپنا کیرئیر بنانے کا ارادہ رکھتا ہے تو اسے یہ اعتماد ہوتا ہے کہ وہ ناکام نہیں ہوگا۔ آج تربیت سے لے کر کھیلوں کے ٹورنامنٹس تک ہر قدم پر نوجوانوں کے لیے جدید انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ آج ہم بہت سے شعبوں میں یکسر تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔ آج ہندوستان موبائل مینوفیکچرنگ میں دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ آج قابل تجدید توانائی سے لے کر آرگینک فارمنگ تک، خلائی شعبے سے لے کر دفاعی شعبے تک، سیاحت سے لے کر فلاح و بہبود تک، ہر شعبے میں ملک نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

ساتھیوں،

ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہمیں نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ یہ ذمہ داری ملک کے تعلیمی نظام پر منحصر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی دہائیوں سے ملک ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کے لیے جدید تعلیمی نظام کی ضرورت محسوس کر رہا تھا۔ قومی تعلیمی پالیسی کے ذریعے ملک اب اس سمت میں پیش قدمی کر چکا ہے۔ تعلیمی نظام جو پہلے پابندیوں کی وجہ سے طلباء پر بوجھ ہوا کرتا تھا، اب انہیں نئے متبادل فراہم کر رہا ہے۔ اٹل ٹنکرنگ لیبز اور جدید پی ایم شری اسکولوں کے ذریعے بچپن سے ہی اختراعی ذہنیت کی تشکیل کی جارہی ہے۔ پہلے دیہی نوجوانوں، دلت، پسماندہ اور قبائلی طبقوں کے نوجوانوں کے لیے زبان ایک بڑی دیوار بن جاتی تھی۔ ہم نے مادری زبان میں پڑھائی اور امتحانات کی پالیسی بنائی۔ آج ہماری حکومت نوجوانوں کو 13 زبانوں میں بھرتی کے امتحانات دینے کا اختیار دے رہی ہے۔ سرحدی اضلاع کے نوجوانوں کو زیادہ مواقع دینے کے لیے ہم نے ان کے کوٹے میں اضافہ کیا ہے۔ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کو مستقل سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے آج خصوصی بھرتی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ آج ہی 50 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو سنٹرل آرمڈ پولیس فورس میں بھرتی کے لیے تقرر نامے موصول ہوئے ہیں۔ میں خاص طور پر ان تمام نوجوانوں کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

ساتھیوں،

آج چودھری چرن سنگھ جی کا یوم پیدائش بھی ہے۔ یہ ہماری حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ ہمیں اس سال چودھری صاحب کو بھارت رتن سے نوازنے کا موقع ملا۔ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم آج کا دن کسانوں کے دن کے طور پر مناتے ہیں۔ اس موقع پر میں ملک کے تمام کسانوں خوراک کو سلام کرتا ہوں۔

ساتھیوں،

چودھری صاحب کہتے تھے کہ ہندوستان کی ترقی اسی وقت ممکن ہوگی ،جب ہندوستان کے دیہی علاقے ترقی کریں گے۔ آج ہماری حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کی وجہ سے دیہی ہندوستان میں بھی روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو روزگار ملا ہے، انہیں اپنی پسند کا کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ جب حکومت نے گوبردھن اسکیم کے تحت ملک میں سینکڑوں گوبر گیس پلانٹ بنائے تو اس سے نہ صرف بجلی پیدا ہوئی، بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار بھی ملا۔ جب حکومت نے ملک کی سینکڑوں زرعی منڈیوں کو ای-نیم اسکیم سے جوڑنے کا کام شروع کیا تو اس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہت سے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ جب حکومت نے ایتھنول کے آمیزش  کو 20 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا، تو اس سے نہ صرف کسانوں کی مدد ہوئی بلکہ چینی کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ جب ہم نے تقریباً 9 ہزار فارمر پروڈکٹ آرگنائزیشنز اور ایف پی اوز بنائے تو اس سے کسانوں کو نئی منڈیاں بنانے میں مدد ملی اور دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بھی ملے ۔ آج حکومت خوراک کو ذخیرہ کرنے کے لئے ہزاروں گودام بنانے کی دنیا کی سب سے بڑی اسکیم چلا رہی ہے۔ ان گوداموں کی تعمیر سے بڑی تعداد میں روزگار اور خود روزگار کے مواقع بھی ملیں  گے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی حکومت نے بیمہ سخی اسکیم شروع کی ہے۔ حکومت کا مقصد ملک کے ہر شہری کو انشورنس کے تحفظ سے جوڑنا ہے۔ اس سے دیہی علاقوں میں بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ڈرون دیدی ابھیان ہو، لکھپتی دیدی ابھیان ہو، بینک سخی یوجنا ہو، یہ تمام کوششیں ہمارے زرعی شعبے اور ہمارے دیہی علاقوں میں روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔

ساتھیوں،

آج ہزاروں بیٹیوں کو بھی تقرر نامے دیئے گئے ہیں۔ آپ کی کامیابی دوسری خواتین کو متاثر کرے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ خواتین ہر شعبے میں خود کفیل بنیں۔ حاملہ خواتین کو 26 ہفتوں کی چھٹی دینے کے ہمارے فیصلے نے لاکھوں بیٹیوں کے کیریئر کو بچایا ہے، ان کے خوابوں کو چکنا چور ہونے سے روکا ہے۔ ہماری حکومت نے ہر اس رکاوٹ کو دور کرنے کی کوشش کی ہے، جو خواتین  کی ترقی میں حائل  ہوتی ہے۔ آزادی کے بعد کئی برسوں تک اسکولوں میں علیحدہ بیت الخلاء نہ ہونے کی وجہ سے متعدد طالبات اپنی پڑھائی چھوڑ دیتی تھیں۔ ہم نے اس مسئلہ کو سوچھ بھارت ابھیان کے ذریعے حل کیا۔ سوکنیا سمردھی یوجنا نے اس بات کو یقینی بنایا کہ لڑکیوں کو اپنی تعلیم میں مالی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہماری حکومت نے 30 کروڑ خواتین کے جن دھن کھاتے کھولے، جس کی وجہ سے انہیں سرکاری اسکیموں کا براہ راست فائدہ ملنے لگا۔ خواتین کو مدرا یوجنا کے تحت بغیر گارنٹی کے قرض ملنا شروع ہو گئے۔ خواتین پورے گھر کو سنبھالتی تھیں، لیکن جائیداد ان کے نام  پرنہیں ہوتی تھی۔ آج پی ایم آواس یوجنا کے تحت دستیاب زیادہ تر مکان خواتین کے نام پر ہیں۔ خواتین کو غذائیت کی مہم، محفوظ زچگی سے متعلق مہم اور آیوشمان بھارت کے ذریعے صحت کی بہتر سہولیات مل رہی ہیں۔ ہماری حکومت میں خواتین کو ناری شکتی وندن ایکٹ کے ذریعے قانون ساز اسمبلی اور لوک سبھا میں ریزرویشن ملا ہے۔ آج ہمارا معاشرہ، ہمارا ملک خواتین کی قیادت میں ترقی کی سمت تیزی سے گامزن ہے۔

ساتھیوں،

آج جن نوجوان دوستوں کو تقررنامے ملے ہیں، وہ ایک نئی طرز کے حکومتی نظام کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ سرکاری دفاتر اور سرکاری کام کی پرانی شبیہ بنی ہوئی تھی،  گزشتہ 10 برسوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ آج سرکاری ملازمین میں زیادہ کارکردگی نظر آتی ہے۔ سرکاری ملازمین نے اپنی لگن اور محنت سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ آپ بھی اس مقام تک اس لئے پہنچے ہیں،  کیونکہ آپ میں سیکھنے کا جذبہ اور آگے بڑھنے  کی صلاحیت ہے۔ آپ کو مستقبل میں بھی اس طرز عمل کو برقرار رکھنا چاہیے۔آپ کو سیکھتے رہنے میں آئی گاٹ کرم یوگی، اس سے بہت مدد ملے گی۔  آئی گاٹ میں آپ کے لیے 1600 سے زیادہ مختلف قسم کے کورسز دستیاب ہیں۔ اس کے ذریعے آپ بہت کم وقت میں اور مؤثر انداز میں مختلف مضامین کے کورسز مکمل کر سکتے ہیں۔ آپ نوجوان ہیں، آپ ملک کی طاقت ہیں اور ایسا کوئی ہدف نہیں جو ہمارے نوجوان حاصل نہ کر سکیں۔ آپ کو نئی توانائی کے ساتھ نئے سرے سے آغاز کرنا ہوگا۔ میں ایک بار پھر ان نوجوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہیں آج تقرر نامے سونپے گئے ہیں۔ آپ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات۔

آپ کا بہت بہت شکریہ۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ع ر