وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی میں بھوٹان کے عزت مآب بادشاہ جگمی کھیسر نامگیل وانگچک اور بھوٹان کی عزت مآب ملکہ جیٹسن پیما وانگچک کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے انہیں مبارکباد پیش کی اور مارچ 2024 میں اپنے سرکاری دورے کے دوران بھوٹان کی حکومت اور عوام کی طرف سے پیش کی گئی غیر معمولی مہمان نوازی کومحبت سےیاد کیا۔
وزیر اعظم اور عزت مآب بادشاہ نے دوطرفہ تعلقات کی بہترین حالت پر اطمینان کا اظہار کیا، جس میں ترقیاتی تعاون، صاف ستھری توانائی کی شراکت داری، تجارت اور سرمایہ کاری، خلائی اور ٹیکنالوجی کے تعاون اور عوام سے عوام کے درمیان تعلقات شامل ہیں۔ انہوں نے تمام شعبوں میں اس مثالی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
ان رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی رابطے کو بڑھانے میں پیش رفت کا جائزہ لیا، اورجیلیفو مائنڈ فلنیس سٹی پہل کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا، جو کہ بھوٹان کی ترقی کو متحرک کرنے اور ہندوستان کے ملحقہ سرحدی علاقوں کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنے کے لیے آں عزت مآب کے زیرقیادت ایک وژنری پروجیکٹ ہے۔
وزیر اعظم نے بھوٹان میں اقتصادی ترقی کے تئیں ہندوستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیااور بھوٹان کے13ویں پانچ سالہ منصوبہ کی مدت کے لیے ہندوستان کی ترقیاتی امداد کو دوگنا کرنے پر روشنی ڈالی۔ عزت مآب بادشاہ نے بھوٹان کی خوشی، ترقی اور خوشحالی کی امنگوں کی مستقل حمایت کے لیے وزیر اعظم اور ہندوستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم کی طرف سے عزت مآب بادشاہ اور عزت مآب ملکہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔
میٹنگ میں ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کی باقاعدہ روایت پر زور دیا گیا، جو باہمی اعتماد، تعاون اور گہرے افہام و تفہیم کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے اوردونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو تقویت دیتی ہے۔
****
ش ح۔ا ک ۔ف ر
Urdu No. 3499
Delighted to welcome Their Majesties, the King and Queen of Bhutan, to India. Admire His Majesty Jigme Khesar Namgyel Wangchuck’s vision for Bhutan’s progress and regional development. We remain committed to advancing the unique and enduring partnership between India and Bhutan. pic.twitter.com/G3INqEXUzf
— Narendra Modi (@narendramodi) December 5, 2024