Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیراعظم نے ایودھیا دھام جنکشن ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا

وزیراعظم نے ایودھیا دھام جنکشن ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا


 وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ایودھیا ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا اور نئی امرت بھارت ٹرینوں اور وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ انھوں نے ریلوے کے کئی دیگر منصوبوں کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔

بعد ازاں مجمع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایودھیا دھام ریلوے اسٹیشن 10 ہزار افراد کو سنبھالتا ہے اور اب اس کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد یہ تعداد 60 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ وزیر اعظم نے وندے بھارت اور نمو بھارت کے بعد نئی ٹرین سیریز ’امرت بھارت‘  کے بارے میں جانکاری دی اور مسرت کا اظہار کیا کہ پہلی امرت بھارت ٹرین ایودھیا سے گزر رہی ہے۔ انھوں نے اترپردیش ، دہلی ، بہار ، مغربی بنگال اور کرناٹک کے عوام کو آج یہ ٹرینیں ملنے پر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے جدید امرت بھارت ٹرینوں میں مضمر غریبوں کی خدمت کے جذبے پر زور دیا، جو اکثر اپنے کام کی وجہ سے طویل فاصلے کا سفر کرتے ہیں، اور جن کے پاس اتنی آمدنی نہیں ہوتی کہ وہ آرام دہ ٹرینوں میں سفر کرسکیں۔ مگر وہ بھی جدید سہولیات اور آرام دہ سفر کے حق دار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ’’ ان ٹرینوں کو غریبوں کے وقار کو دھیان میں رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ‘‘وزیر اعظم نے ترقی کو ورثے سے جوڑنے میں وندے بھارت ٹرینوں کے رول پر بھی روشنی ڈالی۔ ’’ملک کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کاشی سے چلائی گئی۔ آج وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں ملک کے 34 روٹس پر چل رہی ہیں۔ وندے بھارت کاشی، کٹرا، اجین، پشکر، تروپتی، شرڈی، امرتسر، مدورئی، مذہب کے ہر بڑے مرکز کو جوڑتی ہے۔ اس سیریز میں آج ایودھیا کو بھی وندے بھارت ٹرین کا تحفہ ملا ہے۔‘‘

ایودھیا ریلوے اسٹیشن کا پہلا مرحلہ جسے ایودھیا دھام جنکشن ریلوے اسٹیشن کے نام سے جانا جاتا ہے، 240 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے دوبارہ تیار کیا گیا ہے۔ تین منزلہ جدید ریلوے اسٹیشن کی عمارت لفٹ، ایسکلیٹر، فوڈ پلازا، پوجا کی ضروریات کے لیے دکانیں، کلوک روم، بچوں کی دیکھ بھال کے کمرے، ویٹنگ ہال جیسی تمام جدید خصوصیات سے لیس ہے۔ اسٹیشن کی عمارت  ’سب کے لیے قابل رسائی‘ اور ’آئی جی بی سی سرٹیفائیڈ گرین اسٹیشن بلڈنگ‘ ہوگی۔

ایودھیا دھام جنکشن ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ اس پروگرام میں وزیر اعظم نے ملک میں سپر فاسٹ مسافر ٹرینوں کی ایک نئی ٹرین ’ امرت بھارت ایکسپریس ‘کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ امرت بھارت ٹرین ایک ایل ایچ بی پش پل ٹرین ہے جس میں نان ایئر کنڈیشنڈ کوچ ہیں۔ بہتر رفتار کے لیے اس ٹرین کے دونوں سروں پر لوکو ہیں۔ یہ ریل مسافروں کے لیے خوبصورت اور پرکشش ڈیزائن کی نشستیں ، بہتر سامان ریک ، مناسب موبائل ہولڈر والے چارجنگ پوائنٹ ، ایل ای ڈی لائٹس ، سی سی ٹی وی ، پبلک انفارمیشن سسٹم جیسی بہتر سہولیات فراہم کرتی ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر چھ نئی وندے بھارت ٹرینوں کو بھی جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔

وزیر اعظم نے دو نئی امرت بھارت ٹرینوں – دربھنگہ-ایودھیا-آنند وہار ٹرمینل امرت بھارت ایکسپریس اور مالدہ ٹاؤن-سر ایم وشویشوریا ٹرمنس (بنگلورو) امرت بھارت ایکسپریس – کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔

وزیر اعظم نے امرت ٹرینوں کے اولین سفر کے مسافر اسکولی بچوں سے بات چیت کی۔

وزیر اعظم نے چھ نئی وندے بھارت ٹرینوں کو بھی جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ ان میں شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا-نئی دہلی وندے بھارت ایکسپریس ؛ امرتسر-دہلی وندے بھارت ایکسپریس؛  کوئمبٹور-بنگلور کینٹ وندے بھارت ایکسپریس؛ منگلور-مڈگاؤں وندے بھارت ایکسپریس؛ جالنہ-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس اور ایودھیا-آنند وہار ٹرمینل وندے بھارت ایکسپریس شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے خطے میں ریل کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے 2300 کروڑ روپے کی لاگت کے تین ریلوے پروجیکٹوں کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔ ان منصوبوں میں روما چکیری-چندری تھرڈ لائن پروجیکٹ ؛ جونپور-ایودھیا-بارہ بنکی ڈبلنگ پروجیکٹ کے جونپور-تلسی نگر، اکبر پور-ایودھیا سیکشن؛ جونپور-ایودھیا-بارہ بنکی کا سوہاول-پترنگا اور صفدر گنج-رسولی سیکشن ؛ نیز ملہور-ڈالی گنج ریلوے سیکشن کی ڈبلنگ اور برقی کاری کے پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 3117